Updated: October 01, 2026, 10:05 PM IST
| Gaza
غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سابق ڈائریکٹر اور ماہر اطفال ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے ۲۰۲۶ء کے ساکھاروف پرائز کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ گرینز اور دی لیفٹ سیاسی گروپوں نے انہیں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے دفاع کیلئے دیے جانے والے سالانہ ایوارڈ کے ۶؍ امیدواروں میں شامل کیا ہے۔
ڈاکٹر حسام ابو صفیہ۔ تصویر: ایکس
غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے زیر حراست ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے ۲۰۲۶ء کے ’’ساکھاروف پرائز فار فریڈم آف تھاٹ‘‘ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ نے جمعرات کو اس کا اعلان کیا۔ ابو صفیہ کو گرینز اور دی لیفٹ سیاسی گروپوں نے سالانہ ایوارڈ کیلئے ۶؍ امیدواروں میں شامل کیا ہے۔ یہ ایوارڈ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے دفاع کیلئے کام کرنے والے افراد اور تنظیموں کو دیا جاتا ہے۔ ابو صفیہ فلسطینی ماہر اطفال اور شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سابق ڈائریکٹر ہیں۔ انہیں دسمبر ۲۰۲۴ء میں اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا تھا اور وہ اس وقت سے اسرائیلی تحویل میں ہیں۔ انہیں کسی الزام یا مقدمے کے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ ابو صفیہ کا حماس سے تعلق ہے، تاہم ان کے وکلا اور اہل خانہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کرسٹا پائیک کی سزائے موت: دو جان لیوا انجکشن سے بچ گئی، اسپتال منتقل
انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی زیر حراست ابو صفیہ کی صحت اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور اور ترقیاتی کمیٹیاں ۱۹؍ اکتوبر کو اسٹراسبرگ میں ۶؍ امیدواروں میں سے ۳؍ ناموں پر مشتمل حتمی فہرست کیلئے ووٹنگ کریں گی، جبکہ فاتح امیدوار کا انتخاب ۲۲؍ اکتوبر کو متوقع ہے۔ ۲۰۲۶ء کے ساکھاروف پرائز کیلئے دیگر نامزد امیدواروں میں ایل سلواڈور کے صدر نایب بوکیلے بھی شامل ہیں، جنہیں ’یورپ آف سوورین نیشنز‘ گروپ نے نامزد کیا ہے۔ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ اور اس کے عہدیداروں کو سوشلسٹس اینڈ ڈیموکریٹس گروپ نے جبکہ تنزانیہ کی اپوزیشن شخصیت ٹنڈو لیسو کو یورپی پیپلز پارٹی اور یورپی کنزرویٹو اینڈ ریفارمسٹ گروپ نے نامزد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس: ہائی اسکولوں کی ناکہ بندی جاری، احتجاج یونیورسٹیوں تک پھیل گیا
دیگر امیدواروں میں ایرانی کارکنان ترانہ رحیمی اور رومینا رحیمی شامل ہیں، جنہیں ’پیٹریاٹس فار یورپ‘ نے نامزد کیا ہے۔ اسرائیلی یہودی اور فلسطینیوں کی نچلی سطح کی تنظیم ’اسٹینڈنگ ٹوگیدر‘ کو ’رینیو یورپ‘ گروپ نے نامزد کیا ہے۔