• Fri, 19 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کےبہیمانہ حملوں سےباقی ماندہ غزہ لہولہان

Updated: September 19, 2025, 4:57 PM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv

۱۰۲؍فلسطینی شہید،سیکڑوںزخمی، متعدہ رہائشی عمارتیں تباہ ، پناہ گزیں کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،۴؍لاکھ افراد کا جنوبی غزہ کی سمت کوچ۔

Israel`s ground offensive and brutal airstrikes have forced Gazans to flee to the southern areas. Photo: INN
اسرائیل کی زمینی کارروائی اور بہیمانہ فضائی حملوں نے اہل غزہ کو جنوبی علاقوں کی طرف کوچ پر مجبور کردیا ہے۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی فوج نے غزہ میں  سفاکیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اورزمینی و فضائی حملوں میں شدت لاکر  بچے کچھے غزہ کو بھی تباہ و برباد کررہاہے۔ رپورٹ کے مطابق  صیہونی فوج نے تازہ حملوں میں غزہ کے  الشفا اسپتال کے قریب ۱۹؍ فلسطینیوں کو شہید کردیا۔  جبکہ ال اہلی اسپتال کےقریب بھی بمباری کی جہاں۴؍ فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ غزہ شہر میں بمباری سے مسجد سمیت متعدد رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ غزہ شہر میں القدس اسپتال کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔  ایک روز میں ۱۰۲؍ سے زائد  فلسطینی اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے سبب شہید ہوئے ہیں۔
لوگ جان  بچانے کیلئے نقل مکانی پر مجبور
 اسرائیلی بری فوج کی جانب سے لاکھوں فلسطینیوں پر شمال سے جنوب کی جانب نقل مکانی کے لیے دباؤ میں اضافہ کیا جارہا ہے۔    عرب میڈیا کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اب تک فلسطینیوں کی۶۵؍ ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں۔ غزہ شہر میں اسرائیل کی بڑی زمینی کارروائی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے آج جمعرات کے روز سامنے آنے والے تخمینے کے مطابق۴؍ لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہری غزہ سے جنوبی علاقوں کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔ سیٹیلائٹ تصاویر میں غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں پناہ گزین کیمپوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔
غزہ کے اسپتال تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے
 عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گبریوسس نے جمعرات کو خبردار کیا کہ غزہ کے اسپتال جو پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں، اب تباہی کے دہانےپر پہنچ چکے ہیں، کیونکہ شمالی غزہ میں اسرائیلی زمینی حملہ شدت اختیار کر چکا ہے۔ ٹیڈروس نے کہا کہ شمالی غزہ میں فوجی پیش قدمی اور انخلا کے احکامات نے نقل مکانی کی نئی لہر کو جنم دیا ہے۔ اس کے سبب پہلے ہی صدمے کا شکار خاندان مزید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ گبریوسس نے مزید کہا کہ ’’تشدد کی بڑھتی ہوئی صورت حال ہسپتالوں تک رسائی کو روک رہی ہے اور عالمی ادارہ صحت کو ضروری ساز و سامان پہنچانے سے محروم کر رہی ہے۔‘‘
غزہ میں کسی معاہدے کا امکان نہیں، اسرائیل نے امریکہ کو بتادیا
  اسرائیل نے امریکہ کو واضح طور پر بتادیا ہے کہ غزہ میں کسی معاہدے کا امکان نہیں ہے، اور یہ کہ وہ کارروائی میں توسیع کریں گے۔  العربیہ کے مطابق ایک طرف جب امریکہ قطر کو ثالثی کے کردار میں واپس لانے اور بحران حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، دوسری طرف اسرائیل نے امریکہ کو باضابطہ اطلاع دی ہے کہ وہ غزہ میں اپنی کارروائیاں عالمی تنقید کے باوجود جاری رکھے گا اور کسی معاہدے کا امکان نہیں ہے۔  اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کو نئی دھمکیاں دی ہیں، کاٹز نے کہا کہ اگر حماس نے اسرائیل کی شرائط نہ مانیں تو غزہ میں مزید شدت اختیار کرنے والے حملے کیے جائیں گے اور اسرائیل اپنی دھمکی پر عمل کرے گا۔  اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ تل ابیب نے واشنگٹن کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ تمام مذمتوں کے باوجود غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائی کو مزید گہرا کرنے جا رہا ہے۔  واضح رہے کہ امریکہ اس وقت اسرائیل اور قطر کے درمیان ثالثی کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ اس بحران کا کوئی حل تلاش کیا جاسکے جو دوحہ میں حماس کے اعلیٰ حکام کے خلاف اسرائیلی حملے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا اور دوحہ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کے کردار میں واپس لایا جا سکے۔
عالمی سطح پر فوجی آپریشن کی مذمت
 دوسری جانب چین اور سعودی عرب  نے اسرائیلی فوجی آپریشن میں توسیع کی سخت الفاظ میں  مذمت کی ہے۔  اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے اسرائیلی حملوں کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے جنگ بندی اور  مذاکرات کرنے پر زور دیا۔  ادھر یورپی کمیشن میں اسرائیل پر پابندیوں کی تجاویز پیش کردی گئی تاہم کچھ یورپی ممالک کی مخالفت کے باعث تجاویز  منظور ہونے کا امکان کم ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK