غزہ سٹی کے مکینوں نے دوٹوک انداز میں کہہ دیا کہ اب وہ اپنے گھر بار نہیں چھوڑیں گے، اگر موت لکھی ہے تو یہیں مرجائینگےلیکن صہیونی حکم نہیں مانیں گے
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 11:29 PM IST | Gaza
غزہ سٹی کے مکینوں نے دوٹوک انداز میں کہہ دیا کہ اب وہ اپنے گھر بار نہیں چھوڑیں گے، اگر موت لکھی ہے تو یہیں مرجائینگےلیکن صہیونی حکم نہیں مانیں گے
غزہ کو تباہ و برباد کردینے کے باوجود اسرائیل باز نہیں آرہا ہے۔ اس نے غزہ سٹی کے مکینوں کو فوری طور پر شہر خالی کرنے کا حکم دیا ہے لیکن یہاں کے شہریوں نے اسرائیلی انخلاء کے احکامات ماننے سے انکارکردیا ہے۔ غزہ شہر پر اسرائیلی بمباری کے باوجود ہزاروں فلسطینی اپنے اپنےگھروں میں موجود ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ اس بار اپنےگھر بار نہیں چھوڑیں گے، مرنا ہے تو یہیںمرجائیں گے، جولوگ گھروں سے نکلے اسرائیل نے بمباری کرکے انہیں بھی قتل کردیا تو پھرکیوں جائیں؟
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ سٹی کے نواحی علاقوں سے چند کلومیٹرکے فاصلے پر پہنچ گئی ہے، اسرائیلی ٹینک غزہ کے علاوہ شیخ رضوان کے مشرقی علاقے میں داخل ہوچکے ہیں جہاں انہوں نے کئی مکانات کو تباہ کردیا ہے اور اب غزہ کے وسط کے علاقے میں داخل ہونے سے قبل وہ اہل غزہ کو یہاں سے بھی کھدیڑنا چاہتے ہیں۔ اسی لئے بار بار وارننگ دے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ اہل غزہ بھی اسرائیل کے خلاف ڈٹ گئے ہیں۔ انہوںنے بالکل دوٹوک انداز میں واضح کردیا ہے کہ وہ علاقہ کسی بھی قیمت پر خالی نہیں کریں گے۔
دریں اثناءیورپی یونین کی نائب صدر نے غزہ جنگ کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی نسل کشی یورپ کی ناکامی کو بے نقاب کرتی ہے، یورپ متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانے اور کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یورپی حکام اسرائیلی اقدامات کونسل کشی کہنے سے گریز کررہے ہیں جس سے نیتن یاہو کے حوصلے بلند ہیں۔