Inquilab Logo

گہلوت کا دھماکہ، دعویٰ کیا کہ ۲۰۲۰ء میں وسندھرا نے حکومت بچانے میں مدد کی تھی

Updated: May 09, 2023, 9:47 AM IST | Jaipur

راجستھان بی جےپی میں کھلبلی مچ گئی، سابق وزیراعلیٰ  اپنے دفاع پر مجبور، اشوک گہلوت پر جھوٹ بولنے اور من گھڑت کہانی بیان کرنے کا الزام عائد کیا

Chief Minister Ashok Gehlot
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت

وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے اس دعویٰ سے  راجستھان کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے کہ  ۲۰۲۰ء میں جب سچن  پائلٹ  نے بغاوت کی تھی اور حکومت کے گرنے کاخطرہ لاحق ہوگیاتھا اس وقت بی  جےپی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ  وسندھرا رانے سندھیا نے  حکومت بچانے میں ان کی مدد کی تھی۔  انہوں نے دھول پور میں ایک پروگرام سے خطاب میں یاد دلایا کہ جب سچن پائلٹ  نے ۱۸؍ اراکین اسمبلی کے ساتھ  ان کے خلاف بغاوت کا پرچم لہرایاتھا تب  وسندھرا راجے سندھیا اور بی جےپی لیڈر کیلاش میگھوال نے اراکین  اسمبلی کی خریدوفروخت کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ گہلوت نے دعویٰ  کیا کہ ان کی حکومت گرانے کی ’’اس سازش ‘‘میں وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور گجیندر سنگھ شیخاوت شامل تھے۔
  وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے اس دعوے سے راجستھان بی جے پی  میں  ہلچل مچ گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گہلوت کا کہنا ہے کہ  وسندھرا نے سچن کی بغاوت کو ناکام بنانے میں مدد کی تھا اور سچن  پائلٹ  نے کچھ عرصہ قبل ہی وسندھرا راجے سندھیا کے خلاف کاروائی کیلئے جے پور میں ایک دن کی بھوک ہڑتال کی تھی۔  بہرحال اشوک گہلوت  کے عوامی سطح پر دیئے گئے اس بیان کے بعد  وسندھرا راجے سندھیا  جواب دینے پر مجبور ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ ’’۲۰۲۳ء کی فتح کے خوف سے اشوک گہلوت جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘ گہلوت کو دروغ گو ثابت کرنے کیلئے سندھیا نے  حوالہ دیا کہ ’’انہوں نے وزیرداخلہ امیت شاہ  پر بھی الزام عائد کیا ہے حالانکہ ان کی ایمانداری سے سب واقف ہیں۔‘‘ وسندھرا راجے سندھیا کے مطابق’’اشوک گہلوت کا میری تعریف کرنا میرے خلاف ایک منصوبہ بند سازش ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’میری پوری زندگی میں  میری جتنی بے عزتی  اشوک گہلوت نے کی ہے، کسی نے نہیں کی۔ ‘‘
 گہلوت نے اپنی تقریر میں امیت شاہ، شیخاوت  اور پردھان  پر ان کی حکومت گرانے کیلئے کانگریس کے اراکین اسمبلی میں پیسے تقسیم کرنے کا بھی الزام عائد کیا اور حیرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسہ اب تک واپس بھی نہیں مانگا گیاہے۔اس کا حوالہ دیتے ہوئے وسندھرا راجے سندھیا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرانی چاہئے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK