Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ٹرمپ کے بیان پر خاموش رہ کر وزیراعظم نے قوم کو مایوس کیا ہے‘‘

Updated: May 13, 2025, 11:02 PM IST | New Delhi

کانگریس کی مودی سرکار پر تنقید، کہا: جنگ بندی کے اچانک اعلان نے سب کو چونکا دیا اور اس طرح دہشت گردی کو پناہ دینے والے پاکستان کو کچلنے کا موقع ہم نے گنوا دیا

Addressing a press conference, senior Congress leader and former Rajasthan Chief Minister Ashok Gehlot
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت

قوم کے نام خطاب کرنے کے ایک دن بعد وزیراعظم مودی کو کانگریس نے اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کو مایوس کیا۔کا نگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹرمپ کے خطرناک بیان پر خاموش رہ کر وزیراعظم مودی نے ملک و قوم کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ   پہلگام حملے میں ملوث دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے بعد پاکستان کے ساتھ تنازع شروع ہوا جس میں ہماری بہادر فوج پاکستان کو تباہ کر رہی تھی لیکن فوجی کارروائی رو ک دینے کے اچانک اعلان نے سب کو چونکا دیا اور اس طرح دہشت گردی کو پناہ دینے والے پاکستان کو کچلنے کاموقع ہم نے گنوا دیا ۔
 کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس میں سب سے چونکانے والی بات یہ تھی کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی  ایک پوسٹ میں   فوجی کارروائی کو روکنے کا اعلان کیا اور بعد میں کہا کہ انہوں نے تجارت کا حوالہ دے کر ہندوستان اور پاکستان کو فوجی کارروائی روکنے پرتیار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے  بیانات کے بعد اب ملک کو یہ بات سمجھ میں نہیں آر ہے کہ اسے خفیہ کیوں رکھا گیا جبکہ ہماری فوج نے بہت اچھا کام کیا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، جس کیلئے پوری دنیا  میں اس کی تعریف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ پہلگام واقعہ سے ملک کا ہر کنبہ غمزدہ  تھا، فوج نے حملہ کر کے اس واقعہ میں ملوث ۱۰۰؍ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور اس طرح فوج نے متاثرہ خاندانوں کے آنسو پونچھنے کا کام کیا۔ 
  کانگریس لیڈر نے کہا کہ اُس وقت جب فوج کارروائی کر رہی تھی اچانک ٹرمپ درمیان میں آئے اور انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کے بارے میں ایک پوسٹ کرکے سب کو چونکا دیا۔ امریکہ نے پہلے بھی ہندوستان پر دباؤ ڈالا لیکن ہم نے کبھی سر نہیں جھکایا اور پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ شملہ معاہدے کے دوران بھی ہم نے کسی دوسرے ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دی، لیکن اب جس طرح سے   ڈونالڈٹرمپ مداخلت کر رہے ہیں،  وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ سوال یہ ہے کہ مودی سرکار،  ٹرمپ کے بیانات پر وضاحت کیوں نہیں دے رہی ہے؟
  اشوک گہلوت نے امریکی صدر کی پوسٹ پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کون سی ٹھیکہ داری لے رکھی ہے، ٹرمپ یا تو خود ٹھیکیدار بن گئے  یا ہماری خاموشی نے ان کے حوصلے بلند کئے ہیں ، جس کی وجہ سے وہ جنگ بندی کا اعلان کر رہے ہیں۔ اب ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بھی حل کریں گے، جبکہ اب تک ہندوستان کی پالیسی صرف دو طرفہ رہی ہے، ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ انتہائی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ایک جانب وزیر اعظم قوم کے نام خطاب کررہے تھے ، وہیں دوسری جانب ٹرمپ نے یہ اعلان کیا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان سے کہا کہ اگر وہ تجارت کرنا چاہتے ہیں تو انہیں جنگ بندی کا اعلان کرنا ہوگا۔ کانگریس لیڈرنے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو ان تمام سوالوں کا جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خاموشی سے قوم کو شدید تکلیف ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK