مگر لوکل ٹرینوں اور ۵۰۰؍ کلومیٹر سے کم کے فاصلہ کیلئے اضافہ نہیں کیا جائیگا ،طویل مسافتی ٹرینوں کے سلیپر اور اے سی ڈبوں کے کرایوں میں اضافہ ہو گا
EPAPER
Updated: June 25, 2025, 1:09 AM IST | New Delhi
مگر لوکل ٹرینوں اور ۵۰۰؍ کلومیٹر سے کم کے فاصلہ کیلئے اضافہ نہیں کیا جائیگا ،طویل مسافتی ٹرینوں کے سلیپر اور اے سی ڈبوں کے کرایوں میں اضافہ ہو گا
ہندوستانی ریلوے نے یکم جولائی سے نیا کرایہ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مختلف زمروں میں ٹکٹ کے دام بڑھا د ئیے گئے ہیں۔ یہ اضافہ بالخصوص طویل مسافتی ٹرینوںکے مسافروں کو متاثر کرے گا، تاہم لوکل ٹرینوں اور کچھ دیگر زمروں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ریلوے کی نئی پالیسی کے مطابق، سیکنڈ کلاس(جنرل ڈبہ) میں اگر سفر ۵۰۰؍ کلومیٹر سے کم ہے تو پرانا کرایہ ہی لاگو ہوگا لیکن اگر فاصلہ ۵۰۰؍کلومیٹر سے زیادہ ہے تو فی کلومیٹر آدھا پیسہ زیادہ دینا ہوگا۔اسی طرح میل / ایکسپریس (نان اے سی) ٹرینوں کے مسافروں کو اب فی کلومیٹر ایک پیسہ اضافی ادا کرنا ہوگا جبکہ ا ے سی کلاس میں سب سے زیادہ تبدیلی کی گئی ہے جہاں کرایہ فی کلومیٹر ۲؍پیسے بڑھایا گیا ہے۔ریلوے نے واضح کیا ہے کہ سبربن (شہری) ٹرینوں کے کرایوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جو روزانہ لاکھوں مسافروں کے لئے ایک بڑی راحت ہے۔ اسی طرح، ماہانہ سیزن ٹکٹ کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ریلوے نے اس سے قبل ٹکٹ بکنگ کے نظام میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا۔ اب تک کنفرمیشن چارٹ روانگی سے صرف ۴؍گھنٹے پہلے جاری ہوتا تھا لیکن نئے سسٹم کے تحت یہ چارٹ ۲۴؍گھنٹے پہلے جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کا پائلٹ پروجیکٹ ۶؍جون سے بیکانیر ڈویژن میں ایک ٹرین پر شروع ہو چکا ہے اور اب تک کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق، اس تجرباتی نظام کو چند ہفتے تک جانچا جائے گاجس کے بعد پورے ملک میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ریلوے کے مسافر کرایوں میں ۲۰۱۴ء میں اضافہ کیا گیا تھا۔ تمام کلاسیز کے مسافر کرایوں میں ۱۴ء۲؍ فیصد اور مال بردار کرائے میں۶ء۵؍ فیصد اضافہ کیا گیا تھا ۔۲۰۱۹ء میں میل ایکسپریس ٹرینوں میں جنرل کلاس کے مسافروں کے لئے ۲؍ پیسے فی کلومیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا جبکہ سلیپر کلاس کے کرایوں میں ۲؍ پیسے اور فرسٹ کلاس کے کرایوں میں بھی ۲؍ پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ ۲۰۱۹ء میں فرسٹ کلاس کے کرایہ میں ایک پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ تمام ایئر کنڈیشنڈ کلاسز میں مجموعی طور پر ۴؍پیسے فی کلومیٹر کا یکساں اضافہ کیا گیا تھا جو جنوری۲۰۲۰ء سے لاگو کیا گیا تھا۔