Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی برادری ہندوستان کے ساتھ مل کر عالمی جدت کے اگلے باب کی تخلیق کرے: مودی

Updated: June 14, 2026, 6:46 PM IST | Paris

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، محققین، جامعات اور صنعت کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانیت کی بھلائی کے لیے نئی ایجادات اور مسائل کے حل تلاش کرنے میں ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کریں۔

Modi In France.Photo:PTI
مودی فرانس میں۔ تصویر:پی ٹی آئی

 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، محققین، جامعات اور صنعت کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانیت کی بھلائی کے لیے نئی ایجادات اور مسائل کے حل تلاش کرنے میں ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدت طرازی ہندوستان کے ’ڈی این اے‘میں شامل ہے اور اس نے ہزاروں برسوں سے اپنے علم اور اختراعات کے ذریعے دنیا کو نئی سمت دی ہے۔
فرانس کے دورے پر موجود مودی نے اتوار کو فرانسیسی شہر نیس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ مل کر  ’انڈیا اِنوویٹ‘ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدت طرازی ہندوستان کی فطرت اور تہذیب میں رچی بسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہزاروں برسوں سے ہندوستان نے اپنے علم اور اختراعات کے ذریعے دنیا کو نئی راہیں دکھائی ہیں۔ ریاضی سے لے کر فلکیات تک، طب سے لے کر یوگا تک، بھارت کا کردار پوری انسانیت کی ترقی کی بنیاد رہا ہے۔ آج ہم نے اسی ورثے کو نئی رفتار اور نئی سمت دی ہے۔‘‘
وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ ۱۱؍ سے ۱۲؍ برسوں میں ہندوستان نے جدت طرازی کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل دیا ہے۔ پیٹنٹ درخواستوں سے لے کر اختراعات کے فروغ کے مراکز کے نیٹ ورک تک، اسٹارٹ اپ انڈیا سے لے کر پالیسی معاونت تک، یہ پورا سفر مشن موڈ میں آگے بڑھا ہے۔ آج ہندوستان دنیا کا تیسرا بڑا اختراع پر مبنی اسٹارٹ اپس ماحولیاتی نظام بن چکا ہے۔ دفاع، خلائی تحقیق اور جوہری توانائی کے شعبوں میں اصلاحات کے نتیجے میں ہونے والی جدت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصلاحات کی یہ رفتار رکنے والی نہیں بلکہ مسلسل آگے بڑھتی رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ ’’ایک دہائی قبل دنیا ہندوستان کو ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ملک کے طور پر دیکھتی تھی، لیکن آج ہندوستان ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ہندوستان جو بھی اختراع کرتا ہے اور جو بھی حل پیش کرتا ہے، اس سے انسانیت کے ایک بہت بڑے طبقے کو فائدہ پہنچتا ہے۔‘‘
دنیا بھر کے ماہرین سے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ’’ ہندوستان عالمی برادری کو دعوت دیتا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر عالمی جدت کے اگلے باب کی تخلیق کرے۔ ہم شراکت داری چاہتے ہیں، ہم مشترکہ ترقی چاہتے ہیں، ہم مشترکہ تحقیق چاہتے ہیں، ہم مشترکہ پیداوار چاہتے ہیں اور ہم طویل مدتی تعاون کے خواہاں ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہاکہ’’میں یہاں موجود ہر سرمایہ کار، ہر یونیورسٹی، ہر تحقیقی ادارے اور ہر صنعت کار کو دل کی گہرائیوں سے دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہندوستان  آئیں، ہمارے ساتھ کام کریں، ہندوستان میں تصورات کو حقیقت کا روپ دیں، یہاں ترقی کریں اور پوری دنیا کے لیے حل تیار کریں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:جسپال رانا کی بایوپک بن رہی تھی، رائے کپور فلمز نے معلومات فراہم کیں


فرانس کے ساتھ ہندوستان کے خصوصی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ دنیا میں مختلف ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرتے ہیں اور اسٹریٹجک شراکت داریاں بھی قائم کرتے ہیں، لیکن بعض تعلقات صرف مشترکہ مفادات ہی نہیں بلکہ مشترکہ وژن پر بھی قائم ہوتے ہیں، اور ہندوستان و فرانس کا تعلق اسی نوعیت کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’اس تعلق میں قربت بھی ہے اور پختہ یقین بھی، اس میں جدت بھی ہے اور تحریک بھی، اس میں مشترکہ اقدار بھی ہیں اور مشترکہ وژن بھی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ویسٹ انڈیز کی خاتون ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹ سے شکست دی


مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے اسی مضبوط بنیاد پر گزشتہ برسوں میں متعدد نئی پہلوں کا آغاز کیا، نئے خیالات کو فروغ دیا اور عالمی چیلنجز کے حل تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ’’بھارت اِنوویٹ‘‘ کا یہ پلیٹ فارم  ہندوستانی صلاحیتوں اور یورپی سرمایہ کاری کی قوت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK