• Tue, 09 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونے، چاندی کی قیمتیں اب تک کی بلند ترین سطح پر

Updated: September 09, 2025, 12:54 PM IST | Agency | Mumbai

ایک ہزار ۶۹۹؍ روپے فی تولہ مہنگا ہوکر سونا ایک لاکھ ۸؍ ہزار روپے پر پہنچ گیا،۸؍ مہینوں میں ۳۲؍ ہزار کا اضافہ، چاندی ۲۴ء۱؍ لاکھ کے پار۔

Trump`s tariff policy and fears of a trade war are also driving up the price of gold. Photo: INN
ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی اور تجارتی جنگ کا خدشہ بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا سبب ہے۔ تصویر: آئی این این

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں  اضافے کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ پیر کو ایک دن میں  ایک ہزار ۶۹۹؍ روپے کے اضافہ کے ساتھ  ۲۴؍ قیراط سونے  کی قیمت فی ۱۰؍ گرام  ایک لاکھ  ۸؍ ہزار ۳۷؍ روپے پہنچ گئی جو اَب تک کی سب سے اونچی سطح ہے۔ چاندی بھی   اس معاملے میں پیچھے نہیں ہے،  ایک کلو چاندی کی قیمت میں پیر کو ایک ہزار ۲۴۳؍ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح چاندی بھی  ایک لاکھ ۲۴؍ ہزار ۴۱۳؍ روپے کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اس  اضافہ سے قبل ۲۴؍ قیراط سونا ایک لاکھ ۶؍ ہزار ۳۳۸؍ فی تولہ تھا جب کہ چاندی ایک لاکھ  ۲۳؍ ہزار ۱۷۰؍ روپے فی کلو تھی۔  
سونا ۳۲؍ ہزار  اور چاندی ۳۸؍ ہزار مہنگی ہوئی
   اس سال اب تک سونے کی قیمت ۳۱؍ ہزار  ۸۷۵؍ روپے یعنی ۴۰؍ فیصد  بڑھی ہے۔۳۱؍  دسمبر ۲۰۲۴ء کو۱۰؍گرام ۲۴؍قیراط سونے کی قیمت  ۷۶؍ ہزار  ۱۶۲؍ روپے تھی  جو اَب ایک لاکھ  ۸؍ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ چاندی کی قیمت میں بھی  جنوری سے اب تک ۳۸؍ ہزار ۳۹۶؍ روپے یعنی ۴۳؍ فیصد بڑھی ہے۔  ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۴ءکو ایک کلو چاندی کی قیمت۸۶؍ہزار ۱۷؍  روپے تھی، جو اَب ایک لاکھ ۲۴؍ ہزار سے  تجاوز کرچکی ہے۔ 
۲۰؍ برسوں میں غیر معمولی اضافہ
 اِدھر چند برسوں میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں۔ ۲۰۰۵ء کی قیمتوں  سے اگر موازنہ کریں تو سونے کی قیمت میں  ۱۲۰۰؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ۲۰۰۵ء میں ۲۴؍ قیراط  سونا فی ۱۰؍ گرام ۷؍ ہزار ۶۳۸؍ روپے کا تھا۔ اسی طرح  چاندی کی قیمت میں ۶۶۸ء۸۴؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چاندی ۲۰۰۵ء میں ۱۰؍ ہزار ۶۷۵؍ روپے فی کلو تھی جو اَب  ایک لاکھ ۲۴؍ ہزار کے پار پہنچ چکی ہے۔ 
 قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟
 سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی  ۵؍  بنیادی وجوہات ہیں۔  ٹرمپ کی ٹیرف  پالیسی اور تجارتی جنگ کے خدشے کی وجہ سے سرمایہ کار سونے کو محفوظ مان کر خرید رہے ہیں۔ چین اور روس جیسے ممالک بڑی مقدار میں سونا خرید رہے ہیں، جس سے اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جو قیمت کےبڑھنے کی اہم وجہ ہے۔  اسی طرح روس-یوکرین جنگ ختم نہ ہونے سے غیر یقینی حالات میں لوگ سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ افراط زر کے خدشے اور فیڈرل ریزرو کی کم شرح سود کی وجہ سے بھی  سونا پرکشش بن گیا ہے۔ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں گراوٹ بھی ہندوستان میں  سونے کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ 
 اضافے کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان
کیڈیاایڈوائزری کے ڈائریکٹر اجے کیڈیا کے مطابق امریکہ  کے ٹیرف کی وجہ سے دنیا بھر میں  جیو پولیٹیکل  کشیدگی برقرار ہے جو سونے اور چاندی کی قیمتوں پر اثر انداز ہورہی ہے۔  اس کی وجہ سے  سونے کی مانگ اور نتیجے میں قیمت بڑھ رہی ہے۔  یہی صورتحال برقراررہی تو  سونا اس سال  کے اواخر تک ایک لاکھ۱۰؍ ہزار روپے فی تولہ تک  جبکہ چاندی ایک لاکھ ۳۵؍ ہزار روپے فی کلو تک جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK