بی ایم سی کی جانب سے’ دھرم ویر آنند دیگھے دویانگ آرتھک سہایے یوجنا‘ کے تحت ایک ہزار روپے ماہانہ اور ۸۰؍ فیصد سے زیادہ معذوروں کو ۳؍ ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے
EPAPER
Updated: August 18, 2025, 10:13 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
بی ایم سی کی جانب سے’ دھرم ویر آنند دیگھے دویانگ آرتھک سہایے یوجنا‘ کے تحت ایک ہزار روپے ماہانہ اور ۸۰؍ فیصد سے زیادہ معذوروں کو ۳؍ ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے
شہرومضافات میں ایسے کئی معذور ہیں جنہیں مالی پریشانیو ںکا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ تاہم اکثر معذور افراد ریاستی حکومت یا بی ایم سی کی جانب سے جاری کی جانے والی مالی اسکیموں سے واقف نہیں ہوتے ہیں۔ جسمانی طورپر۴۰؍ فیصد تا ۸۰؍ فیصد سے زیادہ معذوروں کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )نے ایک اسکیم متعارف کرائی ہے ۔ ریاستی حکومت کی لاڈلی بہن اسکیم کی طرح بی ایم سی کی معذوروں کیلئے اسکیم سے وہ بھی فائدہ اٹھاتے سکتے ہیں ۔ امسال معذوروں کیلئے بی ایم سی نے دھرم ویر آنند دیگھے دویانگ آرتھک سہایے یوجنا متعارف کرائی ہے جس سے معذوروں کو ہر ماہ ایک ہزار تا تین ہزار روپے رقم دی جائے گی ۔ معذوروں کو اسکیم کا فائدہ پہنچانے کیلئے مدنپورہ میں فری رجسٹریشن کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے جس سے اطراف کے کئی معذور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
مذکورہ اسکیم ۲۵-۲۰۲۴ء میں متعارف کرائی گئی تھی ۔گزشتہ سال اس اسکیم کیلئے ۱۱۲؍ کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے۔ ۴۰؍ تا ۸۰؍ فیصد سے زائد مختلف جسمانی معذوری کا شکار افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔اسکیم کا فائدہ اٹھانے کیلئے معذورافرادکی کم سے کم عمر ۱۸؍ سال ہونا ضروری ہے ۔ اطلاع کے مطابق شہر کے ۶۰؍ ہزار سے زائد معذور افراد بی ایم سی کی دھرم ویر آنند دیگھے دویانگ آرتھک سہایے یوجنا سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ اس کیلئے بی ایم سی کی ویب سائٹ https://portal.mcgm.gov.in پر درخواست کے لئے فارم بھر سکتے ہیں ۔
جسمانی طورپر ۴۰؍ یا اس سے زیادہ معذوری کےشکار درخواست گزار کو ہر ماہ ایک ہزار روپے دیا جائے گا یعنی سالانہ ۱۲؍ ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ ۸۰؍ یا اس سے زیادہ معذوری کا شکار افراد کو ۳؍ ہزار روپے ماہانہ یعنی سالانہ ۳۶؍ ہزار روپے اس کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے جائیں گے ۔ ۴۰؍ تا ۸۰؍ فیصد سے زائد معذوری کا شکارافراد ۵؍ سال تک یعنی ۲۰۲۹ء تک اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔۱۸؍ سال یا اس سے زائد عمر کے معذور افراد ہی اس اسکیم کے لئے درخواست فارم بھر سکتے ہیں ۔
اسکیم سے مدنپورہ ، ناگپاڑہ ، بھنڈی بازار ، محمد علی روڈ اور اطراف کے علاقوں کے معذور افراد کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے سماجی کارکن اور سماج وادی کے سرگرم رکن ایڈوکیٹ ندیم صدیقی نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے مفت میں درخواست فارم پُر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’’ مدنپورہ اور اطراف کے ۲۰؍ سے زائد معذورافراد کے فارم بھرے جاچکے ہیں اور فارم بھرنے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اس اسکیم کیلئے درخواست گزار کو آن لائن فارم بھرتے وقت معذوری کا سرٹیفکیٹ دینے کے علاوہ آدھار یا راشن کارڈ ، بینک اکاؤنٹ نمبر اور دیگر تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہے ۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’درخواست فارم بھرنے کے ایک سے ڈیڑھ ماہ بعد درخواست قبول کئے جانے پر ذاتی موبائل نمبر پر تصدیق نامہ بھیجا جائے گااوراکاؤنٹ میں پیسے آنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔‘‘ایڈوکیٹ ندیم صدیقی نےعلاقے کے معذورنوجوانوں اور بزرگوں سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ اس اسکیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کی مالی مشکلات کم ہوسکے ۔