عدالت نے متنازع قانون ’بل ۲۱ ‘ کو بڑی حد تک آئینی قرار دے دیا؛ مسلم خواتین کے حجاب، سکھوں کی پگڑی، یہودیوں کی ٹوپی اور مسیحی صلیب سمیت نمایاں مذہبی علامات پہننے پر پابندی برقرار، فیصلے کے خلاف حقوقِ انسانی کے کارکنوں کا احتجاج۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 4:06 PM IST | Ottawa
عدالت نے متنازع قانون ’بل ۲۱ ‘ کو بڑی حد تک آئینی قرار دے دیا؛ مسلم خواتین کے حجاب، سکھوں کی پگڑی، یہودیوں کی ٹوپی اور مسیحی صلیب سمیت نمایاں مذہبی علامات پہننے پر پابندی برقرار، فیصلے کے خلاف حقوقِ انسانی کے کارکنوں کا احتجاج۔
کنیڈا کی سپریم کورٹ نے کیوبیک صوبے کے اس متنازع قانون کو بڑی حد تک برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے، جس کے تحت سرکاری شعبے کے بعض ملازمین کو دورانِ ملازمت نمایاں مذہبی علامات پہننے سے روک دیا گیا ہے۔ ۲۷؍ نومبر کو سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے ۲۰۱۹ء کے ’بل ۲۱ ‘ کو زیادہ تر آئینی قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے اس اختیار کو تسلیم کیا کہ وہ مخصوص بنیادی حقوق کے تحفظات کو قانون کے نفاذ میں غیر مؤثر کرسکتی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، پولیس اہلکاروں، ججوں اور سرکاری وکیلوں سمیت قانون کے دائرے میں آنے والے عہدوں پر فائز افراد کے لیے حجاب، سکھ پگڑی، یہودی کِپا اور مسیحی صلیب جیسی مذہبی علامات پہننے پر پابندی برقرار رہے گی۔ یہ مقدمہ ’انگلش مونٹریال اسکول بورڈ بنام کیوبیک حکومت‘ کے نام سے سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ کیوبیک کی قانون ساز اسمبلی نے کنیڈا کے آئین میں موجود خصوصی شق، جسے ’ناٹ وِد اسٹینڈنگ کلاز‘ (Notwithstanding Clause) کہا جاتا ہے، استعمال کرنے کا آئینی اختیار درست طور پر استعمال کیا۔ اس شق کے تحت صوبائی یا وفاقی حکومت مخصوص بنیادی حقوق کی آئینی ضمانتوں کے باوجود کوئی قانون نافذ کرسکتی ہے۔ ان حقوق میں مذہبی آزادی اور مساوات کے حقوق بھی شامل ہیں۔ تاہم اس اختیار کی مدت ۵؍ سال ہوتی ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکومت کو دوبارہ اس کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ کیوبیک نے ۲۰۱۹ء میں بل ۲۱؍ کے ساتھ اس شق کا استعمال کیا تھا اور ۲۰۲۴ء میں اس کی تجدید بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ال نینو، جنگ سے متاثر۱۶؍ خطوں میں غذائی عدم تحفظ بدتر ہونے کی توقع: اقوام متحدہ
کیوبیک میں بل ۲۱؍ کے تحت ان افراد کو مذہبی علامات پہننے سے روکا گیا ہے جو اپنے سرکاری عہدے کے دوران اختیار یا حکومتی طاقت استعمال کرتے ہیں۔ اس میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، پولیس اہلکار، جج اور بعض دیگر سرکاری عہدے شامل ہیں۔ قانون کا اطلاق ان سرکاری وکیلوں پر بھی ہوتا ہے جو حکومت کی جانب سے عدالتی کارروائی میں حصہ لیتے ہیں۔ اس پابندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں مسلمان خواتین شامل ہیں جو حجاب پہنتی ہیں، جب کہ سکھ مردوں کی پگڑی اور یہودیوں کی مذہبی ٹوپی پہننے والے افراد بھی اس کے دائرے میں آتے ہیں۔ کیوبیک حکومت کا موقف ہے کہ یہ قانون ریاست اور مذہب کو الگ رکھنے کے اصول، یعنی سیکولرازم، کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ صوبے میں اس نظریے کی تاریخی بنیاد ۱۹۶۰ء کی دہائی کے ’کوہائٹ ریوولیوشن‘ سے جڑی ہے، جب کیوبیک میں رومن کیتھولک چرچ کے روایتی سماجی اور سیاسی اثر و رسوخ کو محدود کرنے کی تحریک چلی تھی۔ قانون کے حامیوں کے مطابق سرکاری عہدوں پر کام کرنے والے افراد کو مذہبی غیر جانب داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تاکہ شہریوں کو ریاستی اداروں کے غیر جانب دار ہونے پر اعتماد رہے۔ کیوبیک کے وزیر اعظم پال سینٹ پیئر پلامونڈون نے عدالتی فیصلے کو سیکولرازم کی فتح قرار دیا ہے۔ تاہم اس قانون کے مخالفین کا کہنا ہے کہ مذہبی لباس پر پابندی دراصل مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمان خواتین، کو سرکاری ملازمتوں سے دور کرتی ہے اور انہیں اپنے مذہبی عقیدے اور پیشہ ورانہ مستقبل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ مسلم اور سکھ تنظیموں، شہری آزادیوں کے کارکنوں اور متاثرہ اساتذہ نے قانون کو امتیازی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی شخص کی مذہبی شناخت یا لباس کو اس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر جانب داری کا پیمانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ بعض ناقدین کے مطابق اس پابندی کے باعث حجاب پہننے والی خواتین کے لیے تدریس اور دیگر سرکاری شعبوں میں ملازمت حاصل کرنے یا ترقی کرنے کے مواقع محدود ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے خواتین اور لڑکیوں پر تباہ کن اثرات: ایمنسٹی رپورٹ
سپریم کورٹ نے اگرچہ بل ۲۱؍ کی بڑی حد تک توثیق کی، لیکن قانون کی ایک شق کو آئینی حقوق کے منافی قرار دیا۔ یہ شق کیوبیک کی قومی اسمبلی کے منتخب ارکان کو مذہبی وجوہات کی بنا پر چہرہ ڈھانپ کر اپنے فرائض انجام دینے سے روکتی تھی۔ عدالت نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ اس پابندی سے ان شہریوں کے جمہوری حقوق متاثر ہوتے ہیں جو انتخاب جیت کر اسمبلی کے رکن بنیں اور مذہبی عقیدے کے تحت چہرہ ڈھانپنے کے پابند ہوں۔ کنیڈا کے آئین کے مطابق شہریوں کو نہ صرف انتخاب لڑنے اور منتخب ہونے کا حق حاصل ہے بلکہ منتخب ہونے کے بعد قانون ساز اسمبلی میں اپنے فرائض انجام دینے کا حق بھی حاصل ہے۔ اسی بنیاد پر عدالت نے اس شق کو اسمبلی کے منتخب ارکان پر لاگو کرنے کی حد تک غیر مؤثر قرار دیا۔ فیصلے میں ایک اور اہم قانونی نکتہ بھی واضح کیا گیا۔ عدالت کے چار ججوں نے قرار دیا کہ اگر کسی حکومت نے کسی قانون کو بنیادی حقوق کے خلاف چیلنج سے بچانے کے لیے ’ناٹ وِد اسٹینڈنگ کلاز‘ استعمال کی ہو، تب بھی عدالت یہ اعلان کرسکتی ہے کہ وہ قانون آئینی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتا۔ تاہم اس مقدمے میں عدالت نے ایسا کوئی اعلان جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب تین ججوں نے اختلافی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور مساوات کے حقوق متاثر ہوتے ہیں، اور اس کے اثرات بالخصوص مذہبی علامات پہننے والی خواتین پر غیر متناسب طور پر پڑتے ہیں۔
کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے فیصلے کا احترام کرنے کا اظہار کیا، تاہم کہا کہ ان کی حکومت اس کے اثرات کا جائزہ لے گی اور وفاقی سطح پر بنیادی حقوق کو محدود کرنے کے لیے اس خصوصی آئینی شق کا استعمال نہیں کرے گی۔ ان کا یہ بیان اس لیے اہم ہے کہ کنیڈا کے دوسرے صوبوں میں بھی اس شق کے استعمال اور اس کے ذریعے بنیادی حقوق سے متعلق قوانین کو عدالتی چیلنج سے محفوظ رکھنے پر بحث جاری ہے۔ اس فیصلے کو صرف کیوبیک کے مذہبی لباس کے قانون تک محدود نہیں سمجھا جا رہا، بلکہ اسے کنیڈا میں صوبائی خودمختاری، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے درمیان توازن کے حوالے سے ایک اہم نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔