Inquilab Logo

گوونڈی: شیواجی نگر میونسپل اسپتال ایک ہفتہ میں شروع کرنے کا مطالبہ

Updated: August 25, 2021, 8:38 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

ونچت بہوجن اگھاڑی نےشہری انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ مقررہ مدت تک اسپتال شروع نہ کیا گیا تو اس کے سامنےسڑک پر راستہ روکو آندولن کیا جائے گا اورکچھ ہوا تو اس کی ساری ذمہ داری بی ایم سی پر عائد ہوگی

Locals are anxiously awaiting the start of Koshiwaji Nagar Municipal Hospital.Picture:Inquilab
مقامی افراد کوشیواجی نگر میونسپل اسپتال شروع ہونے کا بے چینی سے انتظار ہے۔ (تصویر: انقلاب)

یہاں شیواجی نگر  میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کئے گئے  ۷؍  منزلہ اسپتال میں فوری طور پر علاج  کیلئے تمام   انتظامات کرکے اسے ایک ہفتہ میں شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے   ونچت بہوجن اگھاڑی نے شہری انتظامیہ کو میمورنڈم دیا ہے اور متنبہ کیا کہ  اگراس مدت میں اسپتال کوزچگی  اور جنرل اسپتال کے طور پر شروع نہیں کیا گیا تو وہ اسپتال کے سامنے  احتجاج کرتے ہوئے راستہ  جام کریں گے اور ایم ایسٹ وارڈ کا گھیراؤ بھی کرسکتے ہیں  ۔ اس دوران کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس کیلئے شہری انتظامیہ ذمہ دار ہوگا ۔ 
 ونچت بہوجن اگھاڑی کے تعلقہ صدر سلیم صدیقی نے نمائندہ ٔ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’گوونڈی میں شیواجی نگر سگنل کے قریب شیواجی نگر میونسپل اسپتال تعمیر کیا گیا ہے جس میں فی الحال کووڈ سینٹر قائم ہے اورکوروناسے متاثرہ افراد کا علاج  جاری ہے لیکن سوال یہ ہے کہ یہاں پر بی ایم سی کا کوئی بڑا اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کی  خواتین زچگی کیلئے مجبوراً  پرائیویٹ اسپتالوں کا رخ کرتی ہیں جس کا خرچ برداشت کرنا ان کیلئے مشکل ہوتا ہے۔ گوونڈی کے شتابدی اسپتال ، سائن اسپتال اور راجا واڑی  اسپتال میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے سے غریب مریضوں کو بی ایم سی اسپتا ل کیلئے ادھرادھربھٹکنا پڑتا ہے ۔  ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ’’ اسپتال میں کووڈ سینٹر ہوتے ہوئے بھی اسے علاج کیلئے شروع کیا جاسکتا ہے کیونکہ حال ہی میں یہاں پر بی ایم سی افسران کی نگرانی میں فرضی ڈاکٹروں کے خلاف  پولیس کاررروائی بھی کی گئی تھی اور کئی ڈاکٹروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ اس لئے میرا مطالبہ ہے کہ شیواجی نگر اسپتال کو جنرل اسپتال کے طور  پر جلد سے جلد شروع کیا جانا چاہئے تاکہ علاقے کے جھولا چھاپ ڈاکٹروں کی دکانیں بند کی جاسکیں ۔ ‘‘
 پارٹی کے شیواجی نگر   تعلقہ کے نائب صدر اشوک جادھو نے کہا کہ’’ اگر شیواجی نگر بی ایم سی اسپتال ایک ہفتہ کے اندر شروع  نہیں کیا گیا تو  ہم شہری انتظامیہ کو دیئے گئے  میمورنڈم کے تحت اسپتال کے سامنے زبردست راستہ روکو آندولن کریں گے ۔ ضرورت پڑی تو ایم ایسٹ وارڈ کے دفتر کا بھی گھیراؤ کریں گے۔ احتجاج کے دوران کچھ بھی ہوا تو  اس کے ذمہ دار  بی ایم سی  ایم ایسٹ وارڈ کے افسران ہوں گے ۔‘‘  انھوں نے مزید کہا کہ ’’شیواجی نگر میں  ۷؍منزلہ میونسپل  اسپتال تعمیر ہونے کے باوجود گزشتہ ۲؍ برس   سے اسے شروع نہیں کیا جارہا ہے ۔بی  ایم سی نے اسے کووڈسینٹر بنا رکھا ہے۔  چند روز پہلے  ونچت بہوجن اگھاڑی  کے مقامی ورکروں نے گوونڈی میں فرضی ڈاکٹروں اورغیرقانونی طریقے سے چلائے جانے والے اسپتالوں کا معاملہ سامنے آنےپر شیواجی نگر بی ایم سی اسپتال میں  او پی ڈی وغیرہ  کے سلسلے میں  ایم ایسٹ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہندر شانتارام اوبالے کو ایک میمورنڈم دیا  تھا جس  میں اسپتال شروع کرنے کے علاوہ گوونڈی میں فرضی ڈاکٹروں کے بڑھتے معاملات کی بنیاد پر علاقے میں جاری سبھی نرسنگ ہوم ، پرائیویٹ اسپتال ،  ڈائیگنوسٹک سینٹر اور پرائیویٹ ڈاکٹروں کی  ڈگری اور لائسنس کی غیرجانبدارانہ تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا  ہے ۔ ‘‘
  اس ضمن میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر شانتا رام اوبالے نے نمائندۂ انقلاب  کے استفسارپر کہا کہ’’ شیواجی نگر بی ایم سی اسپتال کو ایک ہفتہ میں شروع کرنے  اور علاقے میں فرضی ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی انکوائری کا مطالبہ کیاگیا  ہے ۔ میں نے اسپتال جلد سےجلد شروع کرنے کیلئے متعلقہ حکام اور افسران سے بات چیت کرکے  تمام طبی سہو لیات فراہم کرنے کی  ہدایت دے دی ہے  ۔  شیواجی نگر میونسپل اسپتال کی تفصیلات بھی منگوائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس میں کووڈ سینٹر چلایا جارہا ہے ، اس کے  باوجود ہم اسپتال کو جلد سے جلد   شروع کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK