سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کی ذمہ داران کے ہمراہ میٹنگ۔ ووٹوں کوبکھرنےسے بھی بچانے کا مشورہ دیا۔
سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مسعود عالم خان ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
’’بی جے پی اور فرقہ پرست طاقتوں کی نفرت ،تفریق اور ووٹوں کے انتشار کی سیاست کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔فی الوقت صورتحال یہ ہےکہ مختلف طریقے اورحربے آزمائے جارہے ہیں، ہمیںاس سے ہوشیار رہتے ہوئے اپنے ووٹوں کا بہتر استعمال کرتا ہے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں۔ ‘‘ یہ کہنا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری مسعود عالم خان کا۔ وہ یوپی سے ممبئی سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں تشہیری مہم میںحصہ لینے اور عہدیداران سے رابطے کیلئے آئے ہوئے ہیں۔
جمعرات کی شام کو۴؍بجے گوونڈی میں انہوں نےاہم اشخاص اورپارٹی کے عہدیداران سے بات چیت کی ۔اس کےساتھ ہی شب میں ۹؍بجے چمبور ،مانخورد، چیتاکیمپ، رفیع نگر اور منڈالا وغیرہ علاقوں کے ووٹروں بالخصوص یوپی والوں کی میٹنگ بلائی گئی تاکہ ان کی ذہن سازی کی جاسکے اورسماج وادی پارٹی کے حق میںرائے عامہ ہموار کی جاسکے۔
قومی جنرل سکریٹر ی مسعود عالم خان عرف پرمکھ نے یہ بھی کہاکہ ’’ ممبئی کےالگ الگ علاقوں کی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے، بی جے پی کس طرح سے پینترے بدل رہی ہے ،اس کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ ووٹ تقسیم ہو جائیں، مسلم ووٹ بے وقعت ہوجائیں، کارپوریشن سے مسلم نمائندگی کم ہوجائے اور وہ اقتدار پرقابض ہوجائے ۔ ایسے میںدانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنے ووٹ کو ضائع نہ کریں، سوچ سمجھ کرای وی ایم کا بٹن دبائیں اور حکومتِ وقت کواپنے ووٹوںکی اہمیت کااحساس کراتے ہوئے ایسے نمائندوں کو کامیاب بنائیں جو عوام کی آواز بن سکے اورآنے والے وقتوں میںایوان میںان کے لئے ڈٹ کرمقابلہ کرتے ہوئے ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بناسکے ۔‘ ‘ انہوں نےیہ کہہ کر متنبہ کیا کہ ’’آج موقع ہے ،کل وقت نکلنے کےبعد پچھتانا بے سود ہوگا ،لہٰذا ذمہ داری کا ثبوت دیجئے اورایک ایک ووٹ کی قیمت کو پہچانئے، بھلے یہ کارپوریشن کا الیکشن ہے لیکن اس کی اہمیت سے قطعی انکار نہیںکیا جاسکتا۔‘‘