دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام دیونار گراؤنڈ (گوونڈی) پر۲؍ روزہ چوتھا سالانہ اجتماع سنیچر اور اتوار ۲۲؍ اور۲۳؍ نومبر کو منعقد ہورہا ہے۔
اجتماع گاہ پر تیاریاں جاری ہیں۔ تصویر:آئی این این
دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام دیونار گراؤنڈ (گوونڈی) پر۲؍ روزہ چوتھا سالانہ اجتماع سنیچر اور اتوار ۲۲؍ اور۲۳؍ نومبر کو منعقد ہورہا ہے۔ اجتماع گاہ پرکئی دنوں سے جاری تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ سنیچر ۲۲؍ نومبر کوتہجد سے شروع ہونے والا یہ اجتماع ۲۳؍ نومبر کی شب میں ۱۰؍بجے دعا پر ختم ہوگا ۔ اس موقع پر علماء اور مبلغین الگ الگ اہم عناوین پر خطاب کریںگے ، مختلف اوقات میں حلقے لگائے جائیں گے۔ ان حلقوں میںزندگی کے مختلف شعبوں معاش، معاملات، معاشرت، ازدواجی اور خاندانی معاملات، وضو، نماز، قرآن پاک کی تلاوت، غسل ،نماز جنازہ اور دیگر شرعی مسائل پربھی علماءروشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام چلائے جارہے ’جامعات المدینہ‘ سے فارغ ہونے والے ۱۲۲؍ علماء کو سندِفضیلت دی جائے گی۔
اجتماع میںمختلف اضلاع سے شرکاء کی آمد متوقع ہے ۔بڑے پیمانے پرتشہیر کی جارہی ہے، شہر اور مضافات کے الگ الگ علاقوں میں بینر اور بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں، سوشل میڈیا اوراخبارات کے ذریعے بھی پیغام رسانی کی جارہی ہے۔ علماء اور ائمہ سے بھی درخواست کی گئی ہےکہ وہ جمعہ کےبیان میں بھی اجتماع کےتعلق سےمصلیان کومتوجہ کریں تاکہ بڑی تعداد میںشرکاء علماء اورمبلغین کے بیانات سے استفادہ کرسکیں۔ یہ تفصیلات مبلغ دعوتِ اسلامی جنید برکاتی نے نمائندۂ انقلا ب کے استفسار پرمہیا کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ ریاست کے الگ الگ حصوں سے آنے والے شرکاء اجتماع سےاپیل کی گئی ہے کہ وہ سردموسم کاخیال رکھتے ہوئے ضروری چیزیں ساتھ رکھیںتاکہ اجتماع گاہ میںکوئی دقت نہ ہو۔ اس کے علاوہ اِس اجتماع کےدوران یہ کوشش کی جائےگی کہ دور دراز سے آنے والے اسلامی بھائی دین کی بنیادی معلومات سے آراستہ ہوکر گھر لوٹیں، اسی لئے الگ الگ اوقات میں خصوصی حلقوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔‘‘