Inquilab Logo

گوونڈی :رفیع نگر قبرستان میں آنے جانے کیلئے وقت کی پابندی کے نوٹس پر ناراضگی

Updated: July 25, 2023, 10:12 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

نوٹس لگانے والے میونسپل افسران کے خلاف میونسپل کمشنر سے شکایت ۔ اس پابندی کےخلاف مقامی افراد کی جانب سےاحتجاج کا انتباہ

Rafi Nagar Qbaristan where a notice has been issued by BMC.
رفیع نگرقبرستان جہاں بی ایم سی کی جانب سے نوٹس لگایا گیا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

  یہاں رفیع نگر قبرستان   میں رات ۸؍بجے سے صبح ۸؍بجے تک    بلااجازت کسی کے بھی داخل ہونے پر پابندی کا بی ایم سی کا نوٹس لگایا گیا ہے جس کے خلاف مقامی افراد میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ   لوگ فجر اور عشاء کی نماز کےبعد اپنے مرحومین کیلئے ایصال ثواب کیلئے قبرستان جاتے ہیں لیکن اس پابندی کی وجہ سے اب وہ ایسا نہیں کرسکیں گے۔ اس کی شکایت مقامی تنظیم  اور مقامی افرادنے  میونسپل کمشنر سے شکایت کی ہے اور بی ایم سی کے ایم او ایچ اور وارڈ آفیسر سے ملاقات  بھی کریں گے نیز اس کے خلاف احتجاج کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔
 گوونڈی  کے ایک قبرستان کے ذمہ دارنے (نام ظاہر کرنے سے منع کیا ہے)کہا کہ’’ ایم ایسٹ وارڈ کے علاقے میں چیتا کیمپ، دیونار اور رفیع نگر قبرستان آتے ہیںلیکن دیگرکسی قبرستان میں اب تک ایسا کوئی نوٹس چسپاں نہیں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقامی افراد کہہ رہے ہیں کہ رفیع نگر قبرستان میں قبر کھودنے کے دوران   لاش کے اعضاء مل رہے ہیں  ۔ اس لئے اب اس  قبرستان میں قبریں رات کو کھودی جائیں گی تاکہ اس میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے ۔‘‘
 گوونڈی سٹیزن فورم کے صدر فیاض عالم شیخ نے الزام لگاتے ہوئے اس نمائندے سے کہا کہ ا س پابندی کے سلسلےمیں میونسپل ایم ایسٹ وارڈ نے ایک سرکیولر بھی جاری کردیا ہے  جسے رفیع نگر قبرستان میں چسپاں کیا گیا ہے ۔ اس میں لکھا ہوا ہے کہ قبرستان میں لگائی گئی پابندی کے خلاف اگر کسی کو اندر جانا ہے تو  پہلے اجازت حاصل کرنی ہوگی اور اگر کسی نے اس کی خلاف ورزی کی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل سےنوٹس جاری کرنے والے افسران ایم ایسٹ وارڈ کے میڈیکل آفیسر سنجے فنڈے اور اسسٹنٹ میونسپل کمشنر الکا سسانے کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔
  رفیع نگر قبرستان ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالباری خان نے  نوٹس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
   اس ضمن میں استفسارپر ایم ایسٹ وارڈ کی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر الکا سسانے نے وضاحت کی کہ ایسی کوئی پابندی نہیں ہے لیکن جب اس نمائندہ نے  نوٹس کی نشاندہی کی تو انھوں نے کہا کہ رفیع نگر قبرستان کی دیوار گر گئی ہے اور اس کا تعمیراتی کام چل رہا ہے ۔ نوٹس لگائی گئی ہے لیکن بہت جلد یہ پابندی ہٹادی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK