تنخواہوں میں اضافہ کے اعلان کے باوجود مزدوروں کی ناراضگی برقرار، اکا دکا مظاہرے منگل کو بھی ہوتے رہے، ۷؍ ایف آئی آر ،۳۰۰؍ سے زائد گرفتاریاں
EPAPER
Updated: April 15, 2026, 12:38 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
تنخواہوں میں اضافہ کے اعلان کے باوجود مزدوروں کی ناراضگی برقرار، اکا دکا مظاہرے منگل کو بھی ہوتے رہے، ۷؍ ایف آئی آر ،۳۰۰؍ سے زائد گرفتاریاں
اتر پردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا میں مزدوروں کی ناراضگی برقرار ہے، منگل کو بھی احتجاج اور جھڑپوں کی وارداتیں پیش آئیں جبکہ حکومت نے اسے ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے جانچ تیز کردی ہے۔یوپی حکومت نے اس میں پاکستانی ہاتھ ہونے کا اشارہ دیا ہے جس کے بعد پولیس ’’پاکستانی کنکشن‘‘ کی تلاش میں جٹ گئی ہے۔
منگل کو پولیس نے۳۰۰؍ سےزائد افراد کو گرفتار کیا جبکہ کم از کم ۷؍ ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں اور متعدد معاملات کی جانچ جاری ہے۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ حالات قابو میں ہیں اور مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، لیکن زمینی سطح پر کشیدگی برقرار ہے۔یوپی محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سنجے پرساد نے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹرس پہنچ کرنوئیڈا کے حالات کا جائزہ لیا۔ڈی جی پی راجیو کرشنا سے بات چیت کی اور ضروری ہدایات دیں۔تفصیلات کے مطابق نوئیڈا کے فیز۔۲، سیکٹر-۷۰؍ اور دیگر علاقوں میں مزدور پیر کو بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں اور پتھراؤ کے واقعات بھی پیش آئے، جس سے حالات کشیدہ ہو گئے۔ پولیس اور انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے بھاری نفری تعینات کر دی ہے اور مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق ،اس واقعہ کے پیچھے کوئی منظم نیٹ ورک یا سازش کے امکان سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور پورے معاملے کی گہرائی سے جانچ کیلئے ایس ٹی ایف (اسپیشل ٹاسک فورس) کو شامل کیا گیا ہے۔ ادھر ریاستی حکومت نے مزدوروں کو راحت دینے کیلئے کم از کم اجرت میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ یکم اپریل ۲۰۲۶ء سے نافذ نئی شرحوں کے مطابق مختلف زمروں میں ایک ہزار سے لے کر تقریباً تین ہزار روپئےتک اضافہ کیا گیا ہے۔