Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن سیندور پر سرکار کو ایوان میں سخت سوالوں کا سامنا

Updated: July 29, 2025, 7:29 AM IST | New Delhi

راج ناتھ کی تقریر پر گورو گوگوئی نے پوچھا :جب پاکستان گھٹنے ٹیکنے کوتیار تھا تو جنگ بندی کیوں کی؟ حکومت نے صفائی دی کہ یہ جنگ نہیںتھی، پاکستان کو سزا دینا مقصود تھا

Defence Minister Rajnath Singh initiated a debate on Operation Sindoor in Lok Sabha and accused the opposition of asking the wrong questions.
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں آپریشن سیندور پر مباحثہ کا آغاز کیا اور اپوزیشن پر غلط سوال پوچھنے کا الزام عائد کیا

آپریشن سیندور پر پیر کوپارلیمنٹ میں بحث کاآغاز کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اعلان کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کسی بھی حدتک جا سکتی ہے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آپریشن سیندور نے  وہ مقاصد حاصل  کئے جو مطلوب تھے،  انہوں نے متنبہ کیا کہ اسے صرف موقوف کیاگیا ہے  اور اسلام آباد کی کسی بھی غلط حرکت پر بحال کیا جاسکتاہے۔ تاہم انہوں نے حملے کے دوران  ہندوستانی فضائیہ  کے طیاروں کی تباہی کے حوالے سےاٹھنےوالے سوالوں کاگول مول جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’امتحان میں نتیجہ اہم ہوتا ہے،اس سے کوئی مطلب نہیں کہ کتنی پنسل ٹوٹی یا خراب ہوئی۔‘‘
گوروگوگوئی کےتلخ سوالات
 اپوزیشن کی طرف سے کانگریس نے لوک سبھا میں اپنے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی کو ذمہ داری سونپی تھی۔ انہوں  راج ناتھ سنگھ کی تقریر  کے ہی کئی حصوں کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے سخت سوال کئے۔ گوگوئی نے کہاکہ پورا ملک وزیراعظم مودی کے ساتھ کھڑا تھا،لیکن ۱۰؍مئی کی شام کو اچانک جنگ بندی کا اعلان کردیا جاتا ہے، ایسے میں حکومت کو جواب دینا چاہئے کہ یہ جنگ بندی کیوں  ہوئی؟ پاکستان جب گھٹنے ٹیکنے کو تیار تھاتو قدم پیچھے کیوں لئے گئے؟ انہوںنے حکومت سے جواب طلب کیاکہ اسے بتاناچاہئے کہ وہ کس کے سامنے جھکی اور سرینڈر کیا۔ گوگوئی نے مزید کہاکہ اپوزیشن فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت جتنی بار جھوٹ بولے گی، ہم اتنی بار ہی سچائی سے سوال پوچھیں گے۔
 چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے بیان کا حوالہ
 چیف آف ڈیفنس اسٹاف انل چوہان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے گوگوئی نے کہاکہ انہوںنے طیارے گرنے اور ۲؍دن کے بعد  حکمت عملی میں سدھار کرکے حملے کرنے کی بات کہی ہے،ہمیں یہ بتایا جاتا ہےکہ ہندوستان کے پاس دنیا کے سب سے بہترین جہاز اور پائلٹ ہیں، ایسے میں کیا ہوا کہ ہمارے جنگی طیارے رینج میں نہیں جاسکے۔ اپوزیشن نے سرکار کے اس بیان کو بھی مسترد کردیاکہ یہ جنگ نہیں تھی۔ انہوں نے پوچھا کہ یہ جنگ کیوں نہیں تھی؟
   کانگریس کی طرف سے دپیندر ہڈا نے بھی آپریشن سیندور پر حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے اس کی حکمت عملی پر سوال اٹھایا۔انہوںنے کہا کہ جب پاکستان گھٹنے پر تھا تو امریکہ سے کئے گئے ایک ٹویٹ پر جنگ بندی کیوں کرلی گئی۔ 
 راج ناتھ سنگھ کا اپوزیشن پر حملہ
  اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے اس پر آپریشن سیندور پر بحث کے دوران غلط سوالات کو ترجیح دینے کا الزام لگایا۔ جنگ کے دوران ہندوستان میں ہونے والی ہلاکتوں پر اپوزیشن کے سوال پر انہوںنے کہاکہ یہ ملک کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ چند ممبران یہ سوال کر رہےہیں کہ ہمارے کتنے طیارے مار گرائے گئے؟ مجھے لگتا ہے کہ ان کا سوال ہمارے قومی جذبات کی مناسب نمائندگی نہیں کرتا۔  انہوں نے  یہ نہیں پوچھا جاتاکہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کے کتنے طیارے مار گرائے؟ انہوں نے مزید کہاکہ اگر انہیں کوئی سوال پوچھنا چاہیے تو یہ ہونا چاہیے کہ کیا ہندوستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا اور اس کا جواب ہاں  میں ہے۔کیا اس آپریشن میں ہمارے کسی بہادر فوجی کو نقصان پہنچا؟ جواب ہے، نہیں، ہمارے کسی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا۔
ؕوزیر خارجہ نے ٹرمپ کے دعویٰ کو خارج کیا
 وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بحث کے دوران اس سے انکار کیا کہ آپریشن سیندور کے بعد ہندوستان کو بین الاقوامی حمایت نہیں ملی۔ انہوں نے کواڈ سمیت کئی ممالک کے بیانات کا حوالہ دیا۔ایس جے شنکر نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو اہداف حاصل کرنےتھے۔  
 انہوں نے آپریشن سیندور کے اچانک روکے جانے   میں ٹرمپ کے رول  کے تعلق سے اٹھنے والے سوالات پر کہا کہ’’۲۲؍ اپریل سے ۱۷؍ جون  کےدوران وزیراعظم مودی اور ٹرمپ کے بیچ کوئی فون کال نہیں ہوا ہے۔‘‘  امید کی جارہی کہ وزیراعظم نریندر مودی لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں جگہ اس بحث میں حصہ لیں گے اور اپوزیشن کے سوالوں کے جواب دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK