Inquilab Logo

کسانوں کے مسائل پر حکومت کی خاموشی خطرناک

Updated: January 23, 2021, 11:00 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئےکانگریس صدر سونیا گاندھی نے حکومت کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا ،کہا:اسے کسانوں کے مطالبات مان لینے چاہئے اور قومی سلامتی سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے

Sonia Gandhi - Pic : INN
سونیا گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کسانوں کا مسئلہ نہ سلجھانے اور قومی سلامتی کے حوالے سے خاموشی اختیار کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتےہوئے جمعہ کے روز کہا کہ اسے کسانوں کے مطالبات مان لینے چاہئے اور قومی سلامتی سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
 سونیاگاندھی نے آج یہاں پارٹی کی اعلیٰ پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ورغلایا نہیں جانا چاہیے اور ان کے مطالبات پر غور و خوض ہونا چاہیے۔ انہوں نے قومی سلامتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت قومی سلامتی سےسمجھوتہ کر رہی ہے۔ بالاکوٹ ہوائی حملے سے متعلق خبر افشاء ہونے سے خود کو قوم پرست کہنے والی بی جے پی کی قلعی کھل گئی ہے۔ 
 کانگریس کی صدر نے کہا کہ جلد ہی پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن شروع ہونےوالا ہے اور حکومت کو اس میں عوام سےمتعلق مسائل پر وسیع غور و خوض کرناچاہیے۔ ان کاکہنا تھا کہ شہریوں کی تشویش سے متعلق سوال پارلیمنٹ میں خصوصی طور پر اٹھائے جائیں گے اور حکومت سے ان پر جواب مانگا جائے گا۔سونیاگاندھی نےکہا کہ کسانوں کے مسئلے پر حکومت بے حس بنی ہوئی ہے اور ان کی باتیں سنے بغیر گونگی بہری بن کر خاموش بیٹھی ہے۔ تعجب اس بات پر ہے کہ سب کو قوم پرستی اور حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے والے ہی قومی سلامتی سےمتعلق خبر کو لیک کرکے قومی سلامتی سے کھلواڑ کر رہےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے ان کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ 
 انہوں نے معاشی صورتحال کے سلسلے میں بھی حکومت پرحملہ کیا اور کہا کہ چھوٹی صنعت اور غیر منظم شعبے کی حالت بہت خراب ہےلیکن حکومت ان کو آگے بڑھانےکیلئےکوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ عوامی فنڈ کا استعمال سوچ سمجھ کر اور قانونی ڈھنگ سے کیا جانا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہوا ہے۔ اسی طرح سے حکومت نےمزدور قوانین اور ماحولیاتی قانون میں تبدیلی کرکے انھیں کمزورکیا ہے اور عوامی اداروں کو فروخت کرنے کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ 
 کانگریس کی صدر نے صحت اہلکاروں اور دیگر کورونا واریئرز کو کورونا ٹیکہ لگنے کے عمل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انھیں امید ہے کہ ٹیکہ کاری کی مہم مسلسل جاری رہے گی اور ملک کے تمام شہریوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دور میں اپنی بد انتظامی کے سبب عوام کو بہت تکلیف دی ہے اور اس کے زخم بھرنے میں برسوں لگیں گے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK