Inquilab Logo

’شیواجی کی توہین کرنے پر گورنر عوام سے معافی مانگیں‘

Updated: March 01, 2022, 8:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کانگریس اور این سی پی نے بھی بھگت سنگھ کوشیاری کے گمراہ کن بیان کی مذمت کی

Governor of Maharashtra Bhagat Singh Koshiari
مہاراشٹر کے گورنربھگت سنگھ کوشیاری

  مہاراشٹر کے گورنر کے ذریعے چھترپتی شیواجی مہاراج کے تعلق سے متنازع بیان دینے پرکانگریس اور این سی پی کی جانب سے شدید لفظوں میں مذمت کی جارہی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے چھتر پتی شیواجی مہاراج کی توہین کی ہے اور وہ  عوام سے معافی مانگیں جبکہ این سی پی کے ریاستی ترجمان مہیش تپاسے  نےگورنر کے بیان کو گمراہ کن بیان قرار دیا ہے۔
 اس سلسلے میں نانا پٹولے نے کہا کہ ’’چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراشٹر کی انتہائی معزز شخصیت ہیں اور وہ پوری دنیا میں مشہور ہیں ۔ مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ذریعہ ان کی توہین کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔کوشیاری کی پرورش راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سرپرستی میں ہوئی ہے اس لئے وہ گمراہ کن بیان دے رہے ہیں۔‘‘
 پٹولے نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ رام داس سوامی چھترپتی شیواجی مہاراج کے گرو نہیں تھے، کچھ مورخین جان بوجھ کر تاریخ کو توڑ مروڑ کر رام داس سوامی کو چھترپتی شیواجی مہاراج کا استاذ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کی تصنیف اور ان کی شہرت بڑی ہےلیکن رام داس سوامی کو مہاراج کا استاذ دکھا کر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ بھگت سنگھ کوشیاری ایک آئینی عہدے پر فائزہیں اور تاریخ کو توڑنے کے لئے وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ایسے شخص کو گورنر  کے عہدے پر بیٹھنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے، مرکزی حکومت کو انہیں واپس بلانا چاہیے۔‘‘پٹولے کے بقول بارہا دیکھا گیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی چھترپتی شیواجی مہاراج کو صرف ووٹ بینک کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے  مرکزی وزیر پیوش گوئل نے بھی شیواجی مہاراج کے تعلق سے متنازع بیان دیا تھا۔
اگر گورنر نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاریخ کو ٹھیک سے پڑھا ہوتا تو وہ ایسا نہیں کہتے:  تاپسے
 گورنر کے متنازعہ بیان پر این سی پی کے چیف ریاستی ترجمان مہیش تاپسے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی راج ماتا جیجاؤ کی تاریخ پڑھی ہوتی تو اس طرح کا بیان نہیں دیتے ۔ مہاراشٹر کے دیوتاشخصیت چھترپتی شیواجی مہاراج کا سمرتھ رامداس سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا ۔چھترپتی شیواجی مہاراج کی گرو راج ماتا جیجاؤ تھیںاور انہوں نے ہی بہترین تربیت کی اور  شیواجی کوچھتر پتی شیواجی  مہاراج بنایا ۔
 پوار نے ہندوستانی طلبہ کیلئے بات چیت کی...
 مہیش تاپسے نے یہ بھی بتایا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے پیش نظر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے قومی صدر شرد پوار نے وزیر خارجہ جے شنکر کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ یوکرین۔پولینڈ کی سرحد پر ہزاروں ہندوستانی طلبہ پھنسے ہوئے ہیں۔ پوار نے درخواست کی ہے کہ ان طلبہ کو جلد از جلد وطن واپس لانے کے لئے مزید کوششیں کی جائیں۔
نواب ملک حکومت کی اہم زمینی توپ ہیں
 مہیش تاپسے نے کہا کہ’’ نواب ملک مہاو کاس اگھاڑی کی توپ ہیں اور اسی لئے ان پر جھوٹا الزام عائد کر کے انہیں بدنام کرنے اور ان کی آواز کو دبانے کی کوشش  کی جارہی ہے۔ نواب ملک پر جو مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ بہت پرانا ہے  اور جس قانون کے تحت معاملہ درج کر کے جانچ کی جارہی ہے  وہ قانون اس وقت نہیں بنا تھا۔مہیش تاپسے نے یہ بھی کہا کہ نواب ملک کا جن لوگوں سے تعلق جوڑا جا رہا ہے  وہ حیات نہیں ہیں۔انہوں نے کوئی نئی جگہ نہیں لی ہے۔مہیش تاپسے نے یہ بھی کہا کہ دیویندر فرنویس نے  جو  ’ٹیرر فنڈنگ‘ کی اصطلاح  استعمال کی ہے ویسا کوئی معاملہ نہیںہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK