Inquilab Logo Happiest Places to Work

..تو گورنر کو مراٹھی سیکھنا چاہئے!: سدھیر منگنٹی وار

Updated: March 13, 2026, 12:15 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی جےپی کے سینئر لیڈر اورسابق وزیر سدھیر منگنٹی وار نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں گورنر ہی کومشورہ دے دیا کہ جس طرح افسران کو مراٹھی سیکھنا چاہئے اسی طرح گورنر کو بھی مراٹھی سیکھناچاہئے۔

Sudhir Mungantiwar. Photo: INN
سدھیر منگنٹی وار۔ تصویر: آئی این این

بی جےپی کے سینئر لیڈر اورسابق وزیر سدھیر منگنٹی وار نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں گورنر ہی کومشورہ دے دیا کہ جس طرح افسران کو مراٹھی سیکھنا چاہئے اسی طرح گورنر کو بھی مراٹھی سیکھناچاہئے۔

             دراصل معاملہ یہ ہےکہ رکن اسمبلی سدھیر منگنٹی وار نے گزشتہ برس دسمبر میں ایک پرائیویٹ ممبربل پیش کیا تھا جس میں انہوںنے تجویز دی تھی کہ حکومت کو ایک ایسا قانون بنانا چاہئے جس میں اگر سرکاری ملازمین ان کے والدین کو بے سہارا چھوڑ دیں تو ان کی تنخواہ سے ۲۰ ؍فیصد رقم والدین کو دی جائے۔ مجوزہ بل  انہوںنے مراٹھی میں   پیش کیا تھا اور اس کا انگریزی ترجمہ نہ دینے کے سبب یہ بل اس بجٹ اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا ۔ اس   پر سدھیر منگنٹی وار برہم ہو گئے اور انہوںنے لاء اینڈ جوڈیشری ڈپارٹمنٹ ، اسپیکر اور اس کے بعد ان کے افسران پر  برہمی کا اظہارکیا  ۔اسمبلی میں انہوںنے بتایاکہ ’’اس سماجی اصلاح کے بل کو مَیں نے دسمبر میں پیش کیا اور مراٹھی میں دیا تھا اور میری ضد ہے کہ مَیں اسے مراٹھی   ہی میںپیش کروں گا۔ لاء اینڈ جوڈیشری کے افسران نےٹائم پاس کیا اور دسمبرسے اب تک   اس  بل کا انگریزی میں ترجمہ نہیں کیا ۔ اگر انہوںنے نہیں کیاہے تو جس طرح سرکاری افسران کیلئے مراٹھی سیکھنا لازمی قرار دیاگیا ہےاسی طرح گورنر کو بھی مراٹھی سیکھنا چاہئے یا پھر ان کے افسران کو مذکورہ بل انگریزی میں ترجمہ کر کے دیناچاہئے۔‘‘اس ضمن میں اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے کہا کہ ’’گورنر کو انگریزی یا مراٹھی آتی ہے یا نہیں آتی، اس بارے میں اس ایوان میں بحث کرنا ٹھیک نہیں۔ اس کے علاوہ  جہاں تک پرائیویٹ ممبر بل کا انگریزی میں ترجمہ دینے کا معاملہ ہے تو یہ اصول ریاست کی اسمبلی نے بنایا ہے، گورنر نے نہیں  بلکہ آئین ہند اور ملک کی پارلیمنٹ نے بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی کے صدر دفتر میں نہا کر کارپوریٹر کا پانی کی قلت کیخلاف احتجاج

آئین ہند کی دفعہ ۳۴۸(۳) کے تحت پرائیویٹ ممبر بل جب بھی پیش کیا جائے گا تو اس کا ایک انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا جائے۔ سرکاری بل ہوتو انگریزی ترجمہ کرنے کی ذمہ داری حکومت کے لاء اینڈ جوڈیشیل ڈپارٹمنٹ کی ہوتی ہے اور کسی رکن اسمبلی کا پرائیویٹ ممبربل ہوتو متعلقہ رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ مراٹھی کے ساتھ انگریزی ترجمہ کی کاپی جمع کرے۔میرے دفتر نے مجھے بتایاگیا ہے کہ آپ(سدھیر منگنٹی وار ) کو متعدد مرتبہ کہنے کے باوجود انگریزی کاپی نہیں دی گئی اس  لئے اس بل کو پیش کرنے کیلئے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔‘‘انہوںنے مزید کہاکہ’’ آئین ہند کے مطابق جب مجوزہ بل کی کاپی انگریزی میں موصول ہوگی تب ہی اسے پیش کیا جاسکے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK