• Mon, 03 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غوث اعظمؒ کے آستانہ کے سجادہ نشین کا اسلام جمخانہ میں شانداراستقبال

Updated: November 03, 2025, 10:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شیخ خالد عبدالقادر منصورالدین الجیلانی نے جمعہ میں مینارہ مسجد اور سنی بلال مسجد میں بھی خطاب کیا۔ اتباع سنت سے اپنی زندگیوں کو آراستہ کرنے کی تلقین کی

Sheikh Khalid Abdul Qadir Mansooruddin Al-Jilani, the Sajjad-e-Nashin of the shrine of Hazrat Abdul Qadir Jilani, speaking at the Islam Gymkhana. Photo: INN
حضرت عبدالقادر جیلانی ؒکے آستانے کے سجادہ نشین شیخ خالد عبدالقادر منصورالدین الجیلانی اسلام جمخانہ میں خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
حضرت غوث اعظمؒ کے آستانے کے سجادہ نشین (بغداد شریف) شیخ  خالد عبدالقادر منصورالدین الجیلانی کا سنیچر کی شب میں اسلام جمخانہ میں شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ ۳۰؍ اکتوبر کو ممبئی پہنچے اور۳؍نومبر(آج) کو اندور میں خصوصی پروگرام میں شرکت کے بعد بغداد شریف کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ تقریب کا انعقاد رضا اکیڈمی کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر شہر  کے علماء، مشائخ، سماجی شخصیات اور محبانِ اولیاء موجود تھے۔  
شیخ خالد عبدالقادر منصورالدین الجیلانی نے اسلام جمخانہ میں خصوصی نشست سے قبل مینارہ مسجد میں  جمعہ میں خطاب کیا تھا۔ وہاں اپنے خطاب میں پیار محبت، اتحادِ امت اور اتباعِ سنت ِ نبوی کا پیغام دیا تھا۔ اپنے خطاب میں انہوں  نے غوث اعظم ؒکے مقام و مرتبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ہم سے کرامات غوث اعظم ؒ بیان کرنے کو کہتے ہیں، میں کہتا ہوں کہ شیخ عبدالقادر جیلانی  ؒ اس مقام پر کیسے پہنچے، کرامتیں یوں ہی بیٹھے بٹھائے نہیں مل گئیں۔ شیخ نے پہلے علم دین حاصل کیا قران سیکھا، اللہ ورسول ؐکے فرمان پر عمل کیا، قضاء وقدر کے فیصلے پر قناعت کی، عشق رسالت دل میں بسایا، تب اللہ تعالیٰ نے شیخ کو یہ مقام عطا کیا اور پھر قطب عالم بنادیا۔ آج ۸۰۰؍ سال  سے زائد عرصے سے آپ کا لنگر جاری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج لوگ دعویٰ کرتے ہیں ہم قادری ہیں، یاد رکھئے ، محض کہہ دینے  یا صرف نعرہ لگادینے سے قادری نہیں بن جائیں گے، شیخ کی سیرت پر عمل کرنا پڑے گا۔ اسی طرح اتباع سنت، اخلاق نبوی، خدمت خلق   اور شریعت پر عمل کرکے ہی قادری کہلا سکیں گے ۔
سنی بلال مسجد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سورہ  فاتحہ کی فضیلت بیان فرمائی۔ بلال مسجد میں شیخ خالد نے  ماں کی عزت کرنے کے تعلق سے خصوصی تلقین کی۔
اسلام جمخانہ میں ساڑھے ۱۰؍ بجے شب میں دورانِ خطاب انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتباع سنت، شریعت پر عمل اور امن عالم پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ شیخ عبدالقادرؒ کی تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھا جائے۔  اخلاق حسنہ اور خدمت خلق آپؐ کی بنیادی تعلیمات ہیں، اسے اپنی زندگی میں لائیے اور روشنی حاصل کیجئے، اسی سے دنیا وآخرت میں کامیابی ممکن ہے۔
رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری الحاج  محمد سعید نوری نے کہا کہ سرکار غوث کا آستانہ دنیا میں عظیم روحانی مرکز اور پورے عالم میں صوفی ازم کا عظیم سرچشمہ ہے۔ شیخ خالدکی  دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK