• Wed, 07 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الحاق و قبضے کے امریکی منصوبےپر گرین لینڈ برہم

Updated: January 06, 2026, 3:46 PM IST | Washington

مملکت ڈنمارک کے خودمختار ملک کے وزیراعظم فریڈرک نیلسن اور ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نےمذمتی بیان جاری کئے

Greenland Prime Minister Nelson released this photo of himself
گرین لینڈ کے وزیراعظم نلیسن نے اپنی یہ تصویر جاری کی

 امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر چڑھائی کے بعد گرین لینڈ پر نظریں جما دی ہیں۔ امریکی صدر نے ’دی اٹلانٹک میگزین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے گرین لینڈ پر امریکی قبضے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے، یہ بات نکولس مادورو کو گرفتار کرنے اور یہ کہنے کے بعد سامنے آئی ہے کہ امریکہ اب وینزویلا کو چلائے گا۔  انہوں نے کہا کہ’’ہمیں گرین لینڈ کی واقعی ضرورت ہے، ہمیں یہ دفاع کے لئے چاہیے۔ ‘‘ مزید کہا کہ یہ ڈنمارک کا علاقہ روسی اور چینی جہازوں سے گھرا ہوا ہے۔ امریکی دفاع کیلئے گرین لینڈ ضروری ہے۔‘‘ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کے حکام یہ فیصلہ کریں گے کہ گرین لینڈ کے ساتھ کیا کیا جائے۔ امریکی صدر نے اس ملک سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کو اپنی سلامتی کیلئے اسے اپنے ساتھ ضم کرنا ہوگا۔ برطانوی اخبار ٹیلیگراف کے مطابق نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کی مہم نے اس مغربی علاقے میں امریکی فوجی کارروائیوں کے مزید امکانات پر خدشات کو جنم دیا ہے، جسے ٹرمپ انتظامیہ امریکہ کے دائرۂ اثر کا حصہ سمجھتی ہے۔ 
 تجزیہ کاروں کے مطابق گرین لینڈ پر امریکی حملہ بعید از قیاس ہے، کیونکہ یہ ڈنمارک کا علاقہ امریکہ کے ساتھ نیٹو اتحاد کا حصہ ہے۔  تاہم، نئے سرے سے دی جانے والی دھمکیاں یورپی لیڈران کو تشویش میں مبتلا کرسکتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ اور یورپ کے درمیان اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔ 
 ہم خودمختاراور آزاد ہیںاور رہیں گے:گرین لینڈ 
 گرین لینڈ کے وزیراعظم ینس فریڈریک نیلسن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی خودمختار ڈنمارکی خطے کو ضم کرنے کی تازہ دھمکی پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ’’بس اب بہت ہو چکا ہے،ہم خود مختار اور آزاد ملک ہیں اور رہیں گے۔‘‘وزیراعظم نیلسن نے اتوار کی شب فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’’اب بہت ہو ا، ہم مزید دباؤ نہیں برداشت نہیں کریں گے۔  الحاق و قبضے کے مزید خواب نہیں۔ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بات چیت کیلئے تیار ہیں، مگر یہ سب درست طریقہ کار اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ گرین لینڈ ہمارا گھر ہے اور ہماری زمین ہے، اور یہ ہماری ہی رہے گی۔‘‘
صدر ٹرمپ گرین لینڈ کو دھمکانا بند کریں: ڈنمارک
 گرین لینڈ کے معاملے میں امریکی منصوبے پر ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق بیانات اور دھمکیاں دینا بند کریں۔  اپنے بیان میں میٹ فریڈرکسن نے کہا کہ گرین لینڈ پر امریکہ کے قبضے کی بات بالکل بے معنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کو ڈینش سلطنت کے ۳؍ ممالک میں سے کسی ایک کو بھی اپنے ساتھ ضم کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ وزیراعظم فریڈرکسن نے کہا کہ امریکہ کو ایک قریبی تاریخی اتحادی اور ایک ایسے ملک و عوام کے خلاف دھمکیاں بند کرنی چاہئیں جو واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ فروخت کے لئے نہیں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK