تباہ حال سڑکوں پر بازاریں سج گئیں، گیس سلنڈر بھروانے اور بینکوں سے پیسے نکالنے کیلئے قطاریں،کچھ بیکریاں بھی کھل گئیں، جیٹ طیاروں کی گڑگڑاہٹ نہ ہونے سے ذہنی سکون۔
EPAPER
Updated: November 28, 2023, 11:29 PM IST | Agency | Gaza
تباہ حال سڑکوں پر بازاریں سج گئیں، گیس سلنڈر بھروانے اور بینکوں سے پیسے نکالنے کیلئے قطاریں،کچھ بیکریاں بھی کھل گئیں، جیٹ طیاروں کی گڑگڑاہٹ نہ ہونے سے ذہنی سکون۔
منگل کو جنگ بندی کے ۵؍ ویں دن یونیسیف کے نمائندوں غزہ کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا کہ یہاں غم و اندوہ اور بے بسی کا بسیرا ہے۔اس کے ساتھ ہی غزہ کے اولولعزم شہری اپنے چہیتوں کو کھودینے کے باوجود معمولات ِزندگی کی طرف لوٹنے کیلئے کوشاں ہیں۔
غزہ میں غم واندوہ کا بسیرا
یونیسیف کے ترجمان جیمس ایلڈر نے غزہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’’ایک کے بعد ایک بلڈنگیں تباہ نظر آرہی ہیں، زمین پر ملبے کا ڈھیر ہے، ان بجا نظرآتی ہیں جن کے پرخچے بمباری میں اُڑ چکے ہیں ۔ لوگوں کے چہرے اندیشوں اور تشویش کی عبارت ہیں ایسا لگتا ہے جیسے غم اندوہ نے غزہ میں بسیرا ڈال لیا ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’یہ میدان جنگ ہے۔ ہزاروں بچے ایسے ہیں جن کی تعلیم منقطع ہوچکی ہے، وہ غیر معمولی بھاڑ والے کیمپوں میں مقیم ہیں، وہ سردی سے بےحال ہیں،ان کے پاس نہ خاطر خواہ کھانا ہے، نہ پینے کیلئے ضرورت بھر پانی۔ اس کے ساتھ ہی انہیں اب امراض کے پھوٹ پڑنے کے خطرہ کا بھی سامناکرنا ہے۔‘‘
معمولات زندگی کی طرف لوٹنے کی کوشش
اس بیچ اپنے چہیتوں کو کھودینے والے غزہ کے جیالے اور پُر عزم شہری جنگ بندی کے بعد اپنے معمولات زندگی کی طرف لوٹنے کی حتی الامکان کوشش کررہے ہیں ۔بمباری سے خستہ ہوچکی سڑکوں پر بازاریں سج رہی ہیں ،کچھ لوگ اگر رسوئی گیس کاسلنڈر بھروانے کیلئے قطاروں میں لگے نظر آرہے ہیں اور تو کچھ بینکوں کی بھیڑ کا حصہ ہیں تاکہ اپنے پیسے نکال ضروری اشیاء کی خریداری کرسکیں۔
۲؍ ہفتوں میں پہلی بار کچھ بیکریاں کھیلیں
الجزیرہ کی نمائندہ ہند الخدری خان یونس کیمپ سے دی گئی اپنی رپورٹ میں بتاتی ہیں کہ ’’ہم نے ۲؍ ہفتوں میں پہلی بار کچھ بیکریاں کھلتے ہوئے دیکھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہری اس بات پر ذہنی سکون محسوس کررہے ہیں کہ اب ہر وقف جیٹ طیاروں کے گڑگڑانے کی آواز فضا میں نہیں گونج رہی ہے۔ بچے خوش ہیں کہ فضائی حملے نہیں ہورہے اور وہ باہر کھلے میں کھیل سکتے ہیں۔
گھرواپس نہ جانے پر افسردگی
اس بیچ جنگ کے دوران بے گھر ہونے والوں کی اکثریت امداد کے مرہون منت ہے۔ جنوبی غزہ منتقل ہوجانے والے شہری غمزدہ ہیں کہ وہ لوٹ کر شمالی غزہ نہیں جاسکتے اور یہ نہیں دیکھ سکتے کہ ان کے گھرکس حال میں ہیں۔ غزہ میں ملے جلے جذبات ہیں۔ جنگ بندی سے لوگ مطمئن تو ہیں مگر اب بھی خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔