کئی حیران کن دعوے ۔ویڈیو وائرل۔ ریلوے پولیس کمشنر کو ویڈیوبھیجاگیا ۔جانچ کی یقین دہانی۔سوشل میڈیا ’ایکس ‘پربھی اسے پوسٹ کیا گیا
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 10:36 PM IST | Mumbai
کئی حیران کن دعوے ۔ویڈیو وائرل۔ ریلوے پولیس کمشنر کو ویڈیوبھیجاگیا ۔جانچ کی یقین دہانی۔سوشل میڈیا ’ایکس ‘پربھی اسے پوسٹ کیا گیا
کرلا ٹرمنس پر بھیڑ بھاڑ کا فائدہ اٹھاکر جیب کترے روزانہ آسانی سے کئی مسافروں کی گاڑھی کمائی لے کررفو چکر ہوجاتے ہیں۔ ان چوروں کے طریقۂ کار،گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی )سے ان کی ملی بھگت اورچوروں کے پکڑے جانے پر کارروائی کے نام پرکی جانے والی خانہ پُری سے پردہ ہٹایا۔چور کے اس دعوے کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے۔
اس ویڈیو کو نمائندۂ انقلاب نے ریلوے پولیس کمشنررویندر شسوے اور جی آر پی کے ترجمان انسپکٹر کھاڑے کو بھیجا۔ اس کے علاوہ سبربن ریل پسنجر اسوسی ایشن کے سابق سربراہ سمیرزویری نے’ ایکس‘ پراسے پوسٹ کیا اورمطالبہ کیا کہ اس کی جانچ کی جائے،یہ بہت اہم معاملہ ہے۔
چور نے اعتراف جرم کیا اور کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ کرلا ٹرمنس پر چوری نہ ہو، لوگ اپنا پیسہ کماکر گھر لے جائیں۔اس چور نے یہ کہہ کر گورنمنٹ ریلوے پولیس کے رول کو بے نقاب کیا کہ جی آر پی ڈٹیکشن برانچ کے انچارج اور۲؍ پولیس حوالدار اس چوری میںپوری طرح نہ صرف ملوث ہیں بلکہ وہی چوروں کی پشت پناہی کرتے ہیں اور اس سےپورا سسٹم جڑا ہوا ہے۔چوری کی گئی رقم پولیس والے اور چور آدھا آدھا آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔ چور نے اپنے بیان میںیہ اعتراف بھی کیا کہ صبح تاشام یومیہ ڈھائی تا تین لا کھ روپے چوری کئے جاتے ہیں۔ جب اُس سے یہ پوچھا گیا کہ اگرکبھی کوئی چور کوپکڑلیا جاتا ہے توکس طرح کارروائی کی جاتی ہے ؟تواس نے بتایا کہ اگر کوئی بڑا چور پکڑا جاتا ہے توچوروں کا گروہ اور چوروں کی سرپرستی کرنے والے سینئر انسپکٹر سے سفارش کرتے ہیں کہ صاحب !اپنا آدمی ہے، اسے چھوڑ دیجئے اوریہ کیس کسی چھوٹے چور پر ڈال دیجئے ، چنانچہ اس طرح برائے نام کارروائی کی جاتی ہے اورشاطر چوروں کوبچایا جاتا ہے ۔
اس چور نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کرلا ٹرمنس پر سرگرم چوروں کا گروہ اور یہ پولیس والے اس طرح سے ملے ہوئے ہیں کہ اگر ۶؍ماہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج نکالا جائے تویہی تمام چہرے اور تینوں پولیس والے نظر آئیں گے۔ دیگر پولیس والے اس لئے نہیں آتے کیونکہ صبح وشام کے اوقات میںیہی اپنی سیٹنگ سے کام کرتے ہیں۔اگر ملی بھگت نہ ہو تو چوراپنی سرگرمیاں انجام نہیں دے سکتے۔
انسپکٹر نے کہا ویڈیو دیکھتے ہیں
جی آر پی انسپکٹر کھاڑے نےکہاکہ میںاس ویڈیو کو دیکھتا ہوں اور اس کی صداقت معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ کوئی بھی چیز یا الزام لگائے جانے پراس کی تصدیق ضروری ہوتی ہے کیونکہ جب تک اس کی سچائی معلوم نہیں ہوتی تب تک کوئی قدم اٹھانا یا اسے ختم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ریلوے پولیس کے جوان مسافروں کی حفاظت کے ساتھ چوروں پرلگام کسنے، مسافروں کو لوٹنے یا دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والوں پر نگاہ رکھنے، خاتون مسافروں کی حفاظت اور ان کی خصوصی نگرانی، تعطیلات کے دوران خصوصی سرگرمی اور مسافروں کو آگاہ کرانے پر مامور کئے جاتے ہیں ۔ یقیناً اسے بھی دیکھا جائے گا تاکہ حقیقت معلوم ہوسکے ۔