ہندوستانی جونیئر مرد ہاکی ٹیم نے اتوار کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ۱۔۳؍گول سے زبردست شکست دی
EPAPER
Updated: June 22, 2025, 9:31 PM IST | Antwerp
ہندوستانی جونیئر مرد ہاکی ٹیم نے اتوار کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ۱۔۳؍گول سے زبردست شکست دی
اتوار کو برلن کے بلاؤ ویس اسٹیڈیم میں ۴؍ ملکی ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا پر۱۔۳؍گول سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان کی ٹیم کی جانب سے گول شاردانندتیواری نے (۱۵؍ویں منٹ)، سوربھ آنند کشواہا نے (۳۶؍ویں منٹ) اور عامر علی نے (۴۳؍ویں منٹ) میں کیے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے واحد گول اولیور ول نے (۵۵؍ویں منٹ) میں کیا۔
ہندوستان نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور ۱۵؍ویں منٹ میں شاردانندتیواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ ہندوستانی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں لگاتار دو گول کر کے اپنی رفتار برقرار رکھی۔ ہندوستان کے لیے ۳۶؍ ویں منٹ میں سوربھ آنند کشواہا نے آسٹریلوی گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے اہم فیلڈ گول کیا اور اپنی برتری کو مزید مضبوط کیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد۴۳؍ویں منٹ میں عامر علی نے فاتح ٹیم کے لیے ایک اور فیلڈ گول کر کے ٹیم انڈیاکو فتح کے اور قریب پہنچا دیا۔ میچ کے آخری کوارٹر میں آسٹریلیا نے بھی ۵؍ منٹ باقی رہتے اولیور ول کے فیلڈ گول کی بدولت گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانی ٹیم کا اگلا میچ۲۴؍ جون کو اسی اسٹیڈیم میں اسپین کے ساتھ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے اس دورے پر اچھی شروعات کی ہے اور وہ کوشش کرے گی کہ اسپین کی مضبوط ٹیم کو بھی شکست دے ۔
ہاکی :فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو مات دی
نیوزی لینڈ نے نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کر لی۔
نیوزی لینڈ نے دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر فائنل تک رسائی کی تھی جبکہ پاکستانی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو۲؍ کے مقابلے میں۶؍ گولز سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے زکریا حیات اور سفیان خان نے گول اسکور کیے۔
ایکس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نیشنز کپ کے فائنل میں بہادری سے مقابلہ کیا، لیکن نیوزی لینڈ نے۲۔۶؍ گول سے کامیابی حاصل کر لی۔ سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف فتح نہ صرف پاکستان کی مسلسل دوسری بار نیشنز کپ کے فائنل میں رسائی کا باعث بنی تھی بلکہ پہلی بار ایف آئی ایچ مینز پرو لیگ میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی برقرار رکھی تھیں۔