امریکہ نے ہندوستان کے سفر پر الرٹ جاری کرتے ہوئے درجہ دوم کی ہدایات جاری کی اور خواتین کو تنہا سفر سے منع کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان کے دیہی علاقوں میں ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اہلیت محدود ہے۔
EPAPER
Updated: June 22, 2025, 10:03 PM IST | Washington
امریکہ نے ہندوستان کے سفر پر الرٹ جاری کرتے ہوئے درجہ دوم کی ہدایات جاری کی اور خواتین کو تنہا سفر سے منع کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان کے دیہی علاقوں میں ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اہلیت محدود ہے۔
امریکہ نے جرائم اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ہندوستان کے لیے درجہ دوم کی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے امریکی شہریوںسے’’اضافی احتیاط‘‘ برتنے کامشورہ دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے۱۶؍ جون کو جاری کردہ اس انتباہی نوٹس میں ملک کے بعض حصوں میں بڑھتے ہوئے حفاظتی خدشات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ہدایات میں کہا گیاہے کہ ’’ہندوستان میں آبروریزی تیزی سے بڑھنے والے جرائم میں سے ایک ہے۔ سیاحتی مقامات اور دیگر جگہوں پر جنسی حملوں سمیت تشدد آمیز واقعات رونما ہوتے ہیں۔ اس میں یہ بھی خبردار کیا گیا کہ ’’دہشت گرد بغیر کسی انتباہ یا معمولی وارننگ کے حملہ کر سکتے ہیں۔ اور ان کے نشانے پر بازاروں، ٹرانسپورٹ ہب، شاپنگ مالز اور سرکاری عمارتیں ہو سکتی ہیں۔‘‘
ہدایات میںمزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی ہندوستان کے دیہی علاقوں میں اپنے شہریوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔یہ علاقے مشرقی مہاراشٹر اور شمالی تلنگانہ سے لے کر مغربی مغربی بنگال تک پھیلے ہوئے ہیں۔ حفاظتی خطرات کی وجہ سے، امریکی سرکاری عملے کو ان جگہوں پر سفر کے لیے خصوصی اجازت لینا ضروری ہے۔مسافروں کو کچھ مخصوص آلات ساتھ رکھنے کے خلاف بھی خبردار کیا گیا۔ہندوستان میں سیٹلائیٹ فون یا جی پی ایس ڈیوائس رکھنا غیر قانونی ہے اور اس پر ۲؍ لاکھ ڈالر (تقریباًایک کروڑ۶۷؍ لاکھ روپے) تک جرمانہ یا تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس میں مسافروں کو مشورہ دیا گیاکہ تنہا سفر سے گریز کریں، خاص طور پر اگر آپ خاتون ہیں۔ ہدایت میں جنہیں علاقوں کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیااس میں جموں و کشمیر، ہند-پاکستان سرحد سے متصل علاقے، اور وسطی و مشرقی ہندوستان کے کچھ حصے شامل ہیں۔
مزید برآں امریکی اہلکاروں کو مخصوص ریاستوں کے دارالحکومتوں سے باہر کے علاقوں میں جانے سے قبل منظوری لینا ضروری ہے۔ایڈوائزری میں ذکر کیا گیا کہ امریکی سرکاری ملازمین کوبہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، میگھالیہ اور اوڈیشہ ریاستوں کے دارالحکومتوں سے باہر سفر کرنے کیلئے منظوری درکار ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان میں برسرملازمت امریکیوں سے مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش کے مشرقی خطوں میںجانے سے قبل اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ سیاحوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ امیگریشن سے متعلق حراستوں اور جرمانے کے خطرات کی وجہ سے زمینی راستے سے ہندوستان نیپال سرحد کو عبور نہ کریں۔ ہدایت میں منی پور اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں کا بھی خصوصی تذکرہ کیا گیا، جو ان خطوں میں جاری حفاظتی خدشات کا اشارہ دیتا ہے۔