Updated: November 19, 2026, 9:38 AM IST
| London
ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ کی ریلیز کے موقع پر برطانیہ کے ۲؍ اسکولوں نے طلبہ کو غیر حاضر ہونے سے روکنے کے لیے دلچسپ پیشکش کی ہے۔ طلبہ کو کلاس میں حاضری اور پورا دن اسکول میں گزارنے پر ۶۵؍ سے ۷۰؍ پاؤنڈ مالیت کے گفٹ واؤچرز جیتنے کا موقع دیا جائے گا۔ ایک اسکول نے تو انعامی مقابلے کو طلبہ کے ریاضی کے امتحان سے بھی جوڑ دیا ہے۔
دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم سیریز ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ (GTA) کی چھٹی قسط کی ریلیز سے پہلے ہی اس کا جوش و خروش اسکولوں تک پہنچ گیا ہے۔ برطانیہ کے تعلیمی اداروں کو خدشہ ہے کہ ۱۹؍ نومبر کو گیم کی عالمی ریلیز کے باعث کئی طلبہ اسکول آنے کے بجائے گھر پر رہ کر کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔ اسی امکان کے پیش نظر ۲؍ اسکولوں نے حاضری بڑھانے کے لیے انعامی اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔ شمالی آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ میں واقع بیلفاسٹ بوائز ماڈل اسکول نے اعلان کیا ہے کہ ۱۹؍ اور ۲۰؍ نومبر دونوں دن حاضر ہونے والے طلبہ کو ۷۰؍ پاؤنڈ، یعنی تقریباً ۸۶۰۰؍ روپے کے گفٹ کارڈ کے قرعہ اندازی مقابلے میں شامل کیا جائے گا۔ یہ واؤچر پلے اسٹیشن یا ایکس باکس کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ اس اسکول کے لیے یہ دن خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ ۱۹؍ نومبر کو گیارہویں اور بارہویں کے بعض طلبہ کے جی سی ایس ای (GCSE) ریاضی کے امتحانات بھی مقرر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہند رجب فاؤنڈیشن کا امریکہ سے سابق اسرائیلی وزیرِدفاع کے خلاف جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ
اسکول کی پرنسپل میری مونٹگمری نے بتایا کہ والدین کو بھیجے گئے خط کا بنیادی مقصد طلبہ کو ریاضی کے امتحان کے لیے وقت پر اسکول پہنچنے اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دینا تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جی ٹی اے ۶؍ کی ریلیز کا ذکر اس لیے کیا گیا تھا کہ بعض طلبہ اس کی وجہ سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں، تاہم گیمنگ واؤچرز کی تجویز خود طلبہ کی جانب سے سامنے آئی تھی۔ انگلینڈ کے علاقے بشپ آکلینڈ میں واقع سینٹ جانز کیتھولک اسکول اینڈ سکسٹھ فارم کالج نے بھی اسی نوعیت کی پیش کش کی ہے۔ یہاں ۱۹؍ نومبر کو پورا تعلیمی دن مکمل کرنے والے طلبہ کو ۶۵؍ پاؤنڈ، یعنی تقریباً ۸؍ ہزار روپے کے امیزون گفٹ واؤچر کی قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: اے آئی کے بڑھتے اثرات کے درمیان کیمبرج ڈکشنری کا ورڈ آف دی ایئر ’ہیومن‘
اسکول نے سوشل میڈیا پر طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے جی ٹی اے کی گیمنگ زبان ہی میں پیغام دیا کہ نئی گیم کھیلنے سے پہلے ایک آخری مشن مکمل کرنا ضروری ہے، اور وہ ہے جمعرات کو اسکول آنا۔ اسکول کے مطابق حاضری مکمل کرنے والے ہر طالب علم کو انعام جیتنے کا موقع ملے گا۔ جی ٹی اے ۶؍ کی ریلیز کو گیمنگ انڈسٹری کے بڑے واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اس کی گزشتہ مرکزی قسط ’جی ٹی اے ۵‘ ستمبر ۲۰۱۳ء میں ریلیز ہوا تھا، یعنی دونوں قسطوں کے درمیان ۱۳؍ برس سے زیادہ کا وقفہ ہے۔ نئے گیم کی کہانی امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر ایک فرضی ریاست ’لیونیڈا‘ میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں دو مرکزی کردار لوسیا کیمینوس اور جیسن ڈووال ایک جرائم پیشہ جوڑے کے طور پر مہم جوئی کرتے نظر آئیں گے۔ گیم کی ریلیز ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو پلے اسٹیشن ۵؍ اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے مقرر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں اسکول طلبہ کو گیم کھیلنے کے لیے چھٹی کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں ہندوستان میں چنئی کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو ۱۹؍ نومبر کی چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ برسوں سے انتظار کئے جانے والے گیم سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس طرح جی ٹی اے ۶؍ کی ریلیز نے تعلیمی اداروں اور دفاتر دونوں کو اپنے اپنے انداز میں اس غیر معمولی جوش و خروش سے نمٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔