• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اے آئی کے بڑھتے اثرات کے درمیان کیمبرج ڈکشنری کا ورڈ آف دی ایئر ’ہیومن‘

Updated: November 18, 2026, 6:01 PM IST | London

مصنوعی ذہانت کے تیزی سے پھیلتے اثرات اور انسان و مشین کے درمیان فرق سے متعلق عالمی بحث کے تناظر میں کیمبرج ڈکشنری نے ’ہیومن‘ (Human) کو ۲۰۲۶ء کا سال کا لفظ منتخب کیا ہے۔ ڈکشنری کے مطابق اس لفظ کا مطلب ایسی خصوصیات، خامیوں اور احساسات کا حامل ہونا ہے جو انسانوں میں پائے جاتے ہیں اور جو انہیں مشینوں، جانوروں اور دیوتاؤں سے ممتاز کرتے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مصنوعی ذہانت اب صرف ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کا موضوع نہیں رہی، بلکہ اس نے انسان کی شناخت، سوچنے کی صلاحیت اور مستقبل میں اس کے کردار سے متعلق بنیادی سوالات بھی پیدا کردیے ہیں۔ اسی بدلتے ماحول میں کیمبرج ڈکشنری نے ’ہیومن‘ کو اپنا سالِ رواں کا لفظ قرار دیا۔ ڈکشنری کے مطابق جدید اے آئی نظاموں کی ترقی نے اس لفظ کے استعمال اور اہمیت کو ایک نیا تناظر دیا ہے، کیونکہ اب انسانوں کو اپنی تخلیق کردہ مشینوں سے الگ پہچاننے کے لیے بھی اس اصطلاح کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ کیمبرج ڈکشنری نے ’ہیومن‘ کی تعریف یوں کی ہے: ’’ایسی خصوصیات، خامیوں اور احساسات کا حامل ہونا جو انسانوں میں پائے جاتے ہیں، نہ کہ دیوتاؤں، جانوروں یا مشینوں میں۔‘‘ یہ لفظ انگریزی زبان میں صدیوں سے استعمال ہورہا ہے اور اس کی جڑیں لاطینی لفظ ’ہیومنَس‘ (Humanus) میں ملتی ہیں۔ ڈکشنری کے مطابق اس کا استعمال تقریباً ۱۴۵۰؍ کی دہائی سے ریکارڈ کیا جارہا ہے، لیکن اے آئی کے دور میں اس کے مفہوم پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
کیمبرج ڈکشنری کے لغوی پروگرام کے مدیر کولن میک اِنٹوش کے مطابق، ’’مصنوعی ذہانت اس انداز کو تبدیل کررہی ہے جس میں ہم انسان ہونے کے بارے میں بات کرتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ جب لوگ اپنی سوچنے، لکھنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں اے آئی کے حوالے کررہے ہیں تو یہ سوال زیادہ اہم ہوگیا ہے کہ انسان اپنی کون سی صلاحیتیں کھو سکتا ہے اور مشینوں پر انحصار کی ایک حد کہاں ہونی چاہیے۔ انہوں نے خاص طور پر ’ہیومن میڈ‘ (Human-made) اور ’ہیومن آتھر‘ (Human author) جیسی اصطلاحات کے بڑھتے استعمال کی جانب توجہ دلائی، جن کے ذریعے انسانوں کے تیار کردہ کام کو مصنوعی ذہانت کے تیار کردہ مواد سے الگ ظاہر کیا جاتا ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی میں اے آئی گورننس اور انسانی حقوق کی ماہر پروفیسر ریچل ایڈمز کے مطابق، مصنوعی ذہانت انسانیت سے متعلق ان سوالات کو دوبارہ ہمارے سامنے لے آئی ہے جن پر انسان ہزاروں برس سے غور کرتا آیا ہے۔ ہم کون ہیں اور انسان ہونے کا مطلب کیا ہے؟ ان کے مطابق ان سوالات کے جواب کبھی ایک جیسے یا مستقل نہیں رہے، لیکن ان پر غور کرنا انسانوں کا مشترکہ تجربہ ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے فلسفۂ سائنس کے ماہر ڈاکٹر ٹام میک کلی لینڈ نے اس انتخاب کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انسانیت اپنی شناخت کو نئے سرے سے سمجھنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان کے مطابق بنیادی سوال یہ ہے کہ انسانی ذہن اور مصنوعی ذہن میں کیا فرق ہے؟ کیا انسان کو مشین سے ممتاز کرنے والی چیز شعور ہے، تخلیقی صلاحیت ہے یا ہمدردی؟ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے مستقبل کے بارے میں کی جانے والی پیش گوئیوں کو حتمی حقیقت نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ آنے والی دنیا کی تشکیل کے فیصلے انسان خود کرسکتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کا انتخاب، نیتن یاہو کی گرفت کمزور

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بھی اس انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت ہمیں انسان ہونے کے مفہوم پر پہلے سے زیادہ غور کرنے پر مجبور کررہی ہے۔ ان کے مطابق اے آئی بیماریوں کے علاج، تعلیم میں بہتری اور لوگوں کو اہم کاموں کے لیے زیادہ وقت فراہم کرنے میں مدد دے سکتی ہے، لیکن اس کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ انسانی زندگیوں کو کس حد تک بہتر بناتی ہے۔ ’ہیومن‘ کے انتخاب کے لیے کئی دوسرے الفاظ بھی زیرِ غور تھے۔ ان میں ’ایجنٹ‘ (Agent) شامل تھا، جس سے مراد ایسا مصنوعی ذہانت کا نظام ہے جو بعض کام انسانی مداخلت کے بغیر خود انجام دے اور فیصلے کرسکے۔ اسی طرح ’اینالاگ‘ (Analogue) بھی امیدوار الفاظ میں شامل تھا، جو ان سرگرمیوں اور تجربات کے لیے استعمال ہوتا ہے جن کا تعلق ڈجیٹل ٹیکنالوجی یا انٹرنیٹ سے نہ ہو۔ ’ہولسم‘ (Wholesome) بھی زیرِ غور آیا، جس کا مطلب ایسی چیز ہے جو جسمانی، اخلاقی یا جذباتی طور پر زندگی پر اچھا اثر ڈالے۔ اس سال کی لغوی تبدیلیوں میں سوشل میڈیا سے مقبول ہونے والی اصطلاحات بھی نمایاں رہیں۔ کیمبرج ڈکشنری نے ’اورا فارمنگ‘ (Aura Farming) اور ’لُکس میکسنگ‘ (Looksmaxxing) جیسی اصطلاحات کو بھی اپنے ذخیرۂ الفاظ میں شامل کیا ہے۔ اورا فارمنگ سے مراد ایسا طرزِ عمل ہے جس کے ذریعے کوئی شخص اپنی شخصیت کو دوسروں کی نظر میں پرکشش، متاثر کن یا قابلِ تعریف ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری اصطلاح لُکس میکسنگ سے مراد اپنی جسمانی شکل و صورت کو زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش ہے۔ یہ اصطلاح بالخصوص سوشل میڈیا اور آن لائن نوجوانوں کی ثقافت میں مقبول ہوئی ہے۔ 
ڈکشنری نے مستقبل میں مقبول ہونے کے امکان رکھنے والے الفاظ میں ’فوبو‘ (FOBO) کا بھی ذکر کیا ہے، جس کا مطلب ہے یہ خوف کہ مصنوعی ذہانت یا نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے انسان اپنی ملازمت یا پیشہ ورانہ اہمیت کھو دے گا۔ اسی طرح ’ویدر وِپلَیش‘ (Weather Whiplash) بھی توجہ حاصل کررہا ہے، جس سے مراد موسم کا بہت تیزی سے ایک انتہائی کیفیت سے دوسری انتہائی کیفیت میں تبدیل ہونا ہے۔ یہ اصطلاحات ظاہر کرتی ہیں کہ ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ روزگار اور ماحولیاتی تبدیلیاں بھی روزمرہ زبان کو متاثر کررہی ہیں۔ گزشتہ برس کیمبرج ڈکشنری نے ’پیراسوشل‘ (Parasocial) کو ۲۰۲۵ء کا سال کا لفظ منتخب کیا تھا۔ اس سے مراد کسی مشہور شخصیت یا افسانوی کردار کے ساتھ ایسا جذباتی تعلق محسوس کرنا ہے جسے حقیقت میں ذاتی طور پر جانتے نہ ہوں۔ اس انتخاب کے ذریعے سوشل میڈیا اور ڈجیٹل دنیا میں انسانوں کے بدلتے تعلقات کو نمایاں کیا گیا تھا۔ اس بار ’ہیومن‘ کا انتخاب اسی سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے، لیکن اس کا مرکز انسان اور مشین کے درمیان فرق ہے۔ کیمبرج ڈکشنری اپنے ورڈ آف دی ایئر کے انتخاب میں الفاظ کی تلاش، ان کے استعمال میں اضافے اور معاشرتی و ثقافتی رجحانات کو مدنظر رکھتی ہے۔ اس لیے ’ہیومن‘ کا انتخاب محض ایک لغوی فیصلہ نہیں بلکہ ۲۰۲۶ء میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے پیدا ہونے والی عالمی تشویش اور انسانی شناخت پر جاری بحث کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب مشینیں تحریر، تصاویر، موسیقی، تحقیق اور فیصلہ سازی جیسے کام انجام دے رہی ہیں، یہ انتخاب یاد دلاتا ہے کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ انسان کی اپنی انفرادیت اور صلاحیتوں پر گفتگو بھی اتنی ہی ضروری ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK