Inquilab Logo

گیان واپی : وارانسی ضلعی عدالت کا مسجد کمیٹی کی درخواست پر ۱۵؍ فروری کو سماعت کرنے کا فیصلہ

Updated: February 08, 2024, 8:05 PM IST | varansi

آج گیان واپی معاملے کی سماعت کرتے ہوئے وارانسی ضلعی عدالت نے انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے کیلئے ۱۵؍ فروری کا دن طے کیا ہے۔ خیال رہے کہ مسجد کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ میں بھی ا س فیصلے کو چیلنج کیا ہے جو ۱۲؍ فروری کو اس معاملے کی سماعت کرے گا۔

GyanVapi Masjid. Photo: INN
گیان واپی مسجد۔ تصویر: آئی این این

ہندو فریق کے وکیل نے کہا کہ وارانسی کی ضلعی عدالت نے آج گیان واپی مسجد کمیٹی کے مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت دینے کےفیصلے کے خلاف درخواست پر ۱۵؍ فروری کو سماعت کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ وکیل مدن موہن یادونے کہا کہ میں نے ضلعی جج انیل کمار سے کہا کہ جب ۱۲؍ فروری کو الہ آباد ہائی کورٹ اس معاملے میں سماعت کرے گا تواس کا کوئی فائدہ نہیں ہےکہ ضلعی عدالت اس معاملے میں سماعت کرے۔بعد ازیں عدالت نے اس معاملے کی سماعت کو ۱۵؍ فروری تک کیلئے ملتوی کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ جمعہ کو وارانسی کی ضلعی عدالت میں اس فیصلے کے خلاف درخواست دینے کے علاوہ انجمن انتظامیہ نے الہ آباد ہائی کورٹ میں بھی فیصلے کے خلاف ایپلی کیشن دیاہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اس فیصلے کی سماعت کیلئے ۱۲؍ فروری کی تاریخ مختص کی ہے۔جسٹس روحت رنجن اگروال نے دونوں فریقین کے بیان سننے کے بعد معاملے کو ۱۲؍ فروری تک کیلئے ملتوی کیا تھا۔ 
خیال رہے کہ وارانسی کی ضلعی عدالت نے گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت کا فیصلہ سنایا تھاجس کے فوراً بعد ہندو فریقین نے تہہ خانے میں پوجا کی تھی۔ انجمن انتظامیہ نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے مسجد کمیٹی کو الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی۔ 
گیان واپی مسجد کے اے ایس آئی سروے کے بعد وارانسی کی ضلعی عدالت نے سروے کی سائنسی رپورٹ دونوں فریقین کے حوالے کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق گیان واپی مسجد مغل بادشاہ اورنگ زیب کے دور حکومت میں ٹیمپل کی باقیات پر بنائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ مسجد کا اے ایس آئی سروے بھی اسی بنیاد پر کیا گیا تھا کہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ مسجد کسی ٹیمپل پر بنائی گئی ہے یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK