Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیان واپی مسجد معاملہ : سخت سیکوریٹی میں ایس اےآئی کا سروے جاری

Updated: August 04, 2023, 3:10 PM IST | New Delhi

مسجد کے احاطے میں اے ایس آئی ٹیم کے علاوہ ہندو فریقین بھی جمع، انجمن انتظامیہ نے سروے کا بائیکاٹ کیا، اپیل پر آج سپریم کورٹ میں سماعت

Tight police security outside the GyanVapi Masjid. Photo: PTI
گیان واپی مسجد کے باہر پولیس کا سخت پہرہ ہے۔ تصویر : پی ٹی آئی

الہ آباد ہائی کورٹ کے جمعرات کو گیان واپی مسجد کے سروے کو منظوری دینے کے بعد آج اے ایس آئی سروے میں مصروف ہوگئی ہے۔ خبروں کے مطابق جائے وقوع پر سخت حفاظتی  اقدامات کئے گئے ہیں اور پولیس کا سخت پہرہ ہے۔ واضح رہے کہ صبح ۷؍  بجے شروع ہونے والا یہ سروے آج رات ۱۲؍ بجے تک جاری رہے گا۔ سروے کے دوران مسجد کے احاطے میں اے ایس آئی کی ٹیم کے علاوہ ہندو فریق بھی موجود ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ انجمن انتظامیہ مسجد نے اس سروے کا بائیکاٹ کیا ہے۔ 
خیال رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ کے جمعرات کو اپنا فیصلہ سنانے کےبعد انجمن انتظامیہ مسجد نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری طور پر روک لگانے کیلئے سپریم کورٹ سےرجوع کیا ہے۔ سپریم کورٹ اس ضمن میں آج سماعت کر ے گا۔ جمعرات کو الہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد کے سروے کو منظوری دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انصاف کیلئے اہم ہے۔ انجمن انتظامیہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ اے ایس آئی کے سروے سے ملک بھر بے چینی پھیل جائے گی۔ واضح رہے کہ اے ایس آئی کی جانب سے یہ سروے یہ جاننے کیلئے کیاجا رہا ہے کہ۱۷؍ ویں صدی میں تعمیر شدہ گیان واپی مسجد واقعی کوئی تاریخی مسجد ہے یا اسے کسی مندر پر بنایا گیا ہے۔ 
۳۱؍ مئی کوالہ آباد ہائی کورٹ نے انجمن انتظامیہ کی اس درخواست کومسترد کر دیا تھا۔ درخواست میں انہوں نے ہندو فریقین کی درخواست کو مسترد کرنے کی اپیل کی تھی جس میں ہندو فریقین نے گیان واپی مسجد میں عبادت کی اجازت طلب کی تھی۔ مسجد کے احاطے میں کاربن ڈیٹنگ کےمعاملے پر بھی سپریم کورٹ میں سماعت جاری تھی۔ ۲۴؍ جولائی کو مسلم فریقین کی درخواست پر سپریم کورٹ نے ایس اے آئی کے سروے کو ۲۶؍ جولائی تک روک دیا تھا۔ بعد ازیں سپریم کورٹ نے مسلم فریقین کو کہا تھا کہ وہ الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں اور الہ آباد ہائی کورٹ کوگیان واپی مسجد کے سروے سے متعلق معاملے پر سماعت کرنے کی تلقین کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK