Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین دُنیا کی سب سے بڑی خیموں کی بستی وادی ٔ منیٰ روانہ

Updated: June 03, 2025, 10:55 PM IST | Makkah

اسلام کے اہم ترین رکن ’’حج‘‘ کے لئے دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ۔ آج یعنی بدھ سے مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا۔

Hajj pilgrims from different countries heading towards the Haram in Mecca. (Photo: Agency)
مختلف ممالک کے عازمین حج مکہ مکرمہ میں حرم کی طرف جاتے ہوئے۔(تصویر: ایجنسی )

اسلام کے اہم ترین رکن ’’حج‘‘   کے لئے دنیا بھر سے   لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ  پہنچ چکے  ہیں ۔ آج یعنی بدھ  سے مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا۔ عازمین حج ۸؍ذی الحجہ کو نماز فجر مکہ مکرمہ میں پڑھ کر طلوع آفتاب کے بعد منیٰ کی طرف روانہ ہوں گےجو حج کے دوران دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ عازمین وادی منیٰ کی ان عارضی خیمہ بستیوں میں ۵؍ دنوں قیام کریں گے۔ سعودی حکام کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق  امسال کےحج کی تمام  تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ منیٰ اورعرفات میں انتظامات مکمل ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق منیٰ میں خیموں کے علاوہ دس منزلہ عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے جہاں بیک وقت تیس ہزارعازمین قیام کرسکیں گے۔
 عازمین ۹؍ذی الحجہ کو منیٰ سے میدان عرفات جائیں گے جہاں حج کارُکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔میدان عرفات میں خطبۂ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور عصر ملا کر اداکریں گے اور وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے۔ یہاں حجاج کرام مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کریں گے، یہیں پر رات گزاریں گے اور رمی کے لئے کنکریاں اکٹھا کریں گے ۔  ۱۰؍ذی الحجہ کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد عازمین جمرات روانہ ہوں گے۔ جمرات پر شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گاجس کے بعد عازمین حلق کرواکے احرام کھول  دیں گے اور  عام لباس زیب تن کریںگے ۔ ۱۰؍ذی الحجہ کوحجاج کرام طواف زیارت اورسعی کریں گے اورمنیٰ لوٹ آئیں گے۔ ۱۱؍ اور ۱۲؍ ذی الحجہ کو حجاج منیٰ میں قیام اور رمی کریں گے  جبکہ ۱۲؍ ذی الحجہ کو مغرب سے قبل حجاج منیٰ سے نکل جائیں گے اور وطن واپسی سے قبل طواف وداع کریں گے۔
  دریں اثناءمختلف ملکوں سے آنے والے عازمین  انتظامات اور سعودی مملکت کی طرف سے ہر طرح کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ  کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔ سعودی  حکومت  نے  حجاج کی صحت اور اور تحفظ کے  لئے ڈرونز کی مدد سے ادویات کی تقسیم اور فراہمی کا اہتمام بھی کیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق ادویات مریضوں تک پہنچانے کے  لئے اسے صرف چھ منٹ درکار ہوں گے اور متعلقہ حاجی تک دوائی پہنچانا ممکن ہو جائے گا۔ اس سے پہلے ایمرجنسی میں بھی ادویات کی فراہمی میں ایک گھنٹہ لگ جاتا تھا۔   اب یہ کام ڈرونز کی مدد سے لیا جائے گا۔ وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ڈرونز سے ۱۳۶؍مختلف مقامات کو جوڑا گیا ہے ۔ یہ مقامات مختلف شہروں سے متعلق ہیں جہاں دو ہزار قسم کی ادویات کی فراہمی اب صرف چند منٹوں میں ممکن ہو سکے گی۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK