ا نتظامیہ کے مطابق اس مرتبہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔
EPAPER
Updated: June 01, 2025, 12:00 PM IST | Makkah
ا نتظامیہ کے مطابق اس مرتبہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔
ادارہ امور حرمین کے شعبہ دینی امور نے خطبہ حج کا۳۵؍ زبانوں میں ترجمے کیلئے ایک اقدام کا آغاز کیا ہے۔ میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے خطبہ حج کو براہ راست نشر کیا جائے گا جس سے۵؍ ملین افراد مستفیض ہوں گے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین سے اسلام کا میانہ روی و اعتدال پسندی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کےلئے۳۵؍ عالمی زبانوں میں خطبہ حج کے ترجمے کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام کے اعتدال پسند پیغام کو دنیا میں پھیلانے کےلئے خطبہ عرفات کے مختلف زبانوں میں ترجمے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ادارہ امور حرمین نے جامع منصوبہ مرتب کیا اور ایک مستقل کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ ضیوف الرحمان کی بہتر طریقے سے رہنمائی اور دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی پیغام کو پہنچایا جائے۔
حرمین انتظامیہ کے تحت دینی امور کی انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔ ایوان شاہی نے انہیں ذمہ داری تفویض کی ہے۔
واضح رہےعرفات میں واقع مسجد نمرہ میں سب سے زیادہ خطبہ دینے والے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل الشیخ ہیں جنہوں نے۳۴؍ مرتبہ خطبہ دیا ہے۔ دوسرے نمبر پر شیخ عبد اللہ بن حسن آل الشیخ ہیں جنہوں نے مسلسل ۲۵؍سال تک عرفہ کا خطبہ دیا ہے۔ گزشتہ سال شیخ ماہر المعیقلی نے یوم عرفہ کا خطبہ دیا تھا۔
۱۳؍لاکھ سے زائد عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ گئے
دریں اثناء سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے۱۳؍ لاکھ۳۰؍ ہزار۸۴۵؍ عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج۲۰۲۵ء کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جمعرات تک زمینی راستے سے۶۴؍ ہزار۸۸۳، بحری ذریعے سے۵؍ ہزار۸۸؍ جبکہ فضائی ذریعے سے۱۲؍ لاکھ۶۰؍ ہزار۸۷۴؍ عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر حجاج کرام کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جدید تکنیکی ڈیوائسز نصب
ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تکنیکی ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔
سعودی ریلوے ’سار‘ کی جانب سے گزشتہ برس کے مقابلے میں حج۲۰۲۵ء کے لئے نشستوں میں ۲۵؍ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کے لئے مفت ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔