Updated: August 19, 2025, 8:40 PM IST
| Mumbai
بی سی سی آئی کے ممبئی ہیڈ کوارٹر میں ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔شیفالی ورما کو خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں موقع نہیں دیا گیا ہے۔ پرتیکا راول بطور اوپنر ہندوستانی ٹیم کی پہلی پسند بنی ہوئی ہیں۔
بورڈ میٹنگ۔ تصویر:آئی این این
شیفالی ورما کو خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں موقع نہیں دیا گیا ہے۔ پرتیکا راول بطور اوپنر ہندوستانی ٹیم کی پہلی پسند بنی ہوئی ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں ہندوستان کے لئے ون ڈے میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بی سی سی آئی کے ممبئی ہیڈ کوارٹر میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ اور ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی نوجوان تیز گیند باز کرانتی گوڑ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رینوکا سنگھ نے۱۵؍ رکنی اسکواڈ میں واپسی کی ہے۔ ۳۰؍ ستمبر سے شروع ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا پہلا میچ۳۰؍ ستمبر کو ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کل ۸؍ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ہر دوسری ٹیم کے خلاف کل ۷؍ میچ کھیلے گی۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ۵؍ اکتوبر کو کولمبو میں کھیلیں گی۔ٹورنامنٹ کا فائنل۲؍ نومبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیئے:سنسناٹی اوپن کےفائنل میں یانک سنرکیوں ریٹائرڈ ہوئے
ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، پرتیکا راول، ہرلین دیول، جمائمہ روڈریگیز، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، یستیکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، دپتی شرما، امنجوت کور، رادھا یادو، اسنیہا رانا، این شری چرنی ،رینوکا سنگھ ،اروندھتی ریڈی اور کرانتی گوڑ
ہرمن پریت کا مقصد گھریلو سرزمین پر پہلا ورلڈ کپ جیتنا ہے
ہرمن پریت کور اپنے پانچویں آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور اگلے چند مہینوں کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں جو ان کے اور ان کی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ہرمن پریت نے کہاکہ ’’ذاتی طور پر یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہت اہم ہے۔ یہ ہوم ورلڈ کپ ہے۔ ہوم ورلڈ کپ ہر کھلاڑی کے لیے خاص ہے۔ میرے پاس چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا کافی تجربہ ہے، میں صرف ٹیم کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہتی ہوں۔ ہرمن پریت اس بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار ہندوستان کی کپتانی کریں گی۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’ہم ورلڈ کپ کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ہم ورلڈ کپ کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر پہلے سے ٹریننگ کر رہے ہیں۔‘‘