کانگریس کے ریاستی صدر الیکشن کمیشن کے حکام سے ملنے والے مہاوکاس اگھاڑی کے وفد میں شامل نہیں تھے، وہ مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی غیر حاضر رہے
EPAPER
Updated: October 16, 2025, 11:17 PM IST | Mumbai
کانگریس کے ریاستی صدر الیکشن کمیشن کے حکام سے ملنے والے مہاوکاس اگھاڑی کے وفد میں شامل نہیں تھے، وہ مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی غیر حاضر رہے
میونسپل الیکشن کے پیش نظر اپوزیشن پارٹیوں نے کمر کس لی ہے اور متحدہ طور پر الیکشن کمیشن کو گھیرنے کی کوشش بھی کر رہی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کی اس کوشش میںمہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ منگل اور بدھ کو مہا وکاس اگھاڑی سمیت اپوزیشن پارٹیوں کا ایک مشترکہ وفد الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کیلئے گیا تھا ۔ اس میں راج ٹھاکرے بھی شامل تھے۔ لیکن کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اس وفد میں شامل نہیں تھے۔ ہر چند کہ سپکال نے ان کی غیر حاضری کی وجہ یہ بتائی ہے کہ عین موقع پر انہیں اعلیٰ کمان نے دہلی طلب کیا تھا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ سپکال راج ٹھاکرے کو مہا وکاس اگھاڑی میں شامل کئے جانےکے خلاف ہیں۔ اس تعلق سے انہوں نے ناراضگی ظاہر کی ہے جبکہ شیوسینا(ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے رائوت نے کانگریس اعلیٰ کمان کو خط لکھ کر سپکال کی شکایت کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ۵؍ سال سے راج ٹھاکرے کا موقف اور اقدام بی جے پی کی حمایت والا رہا ہے۔ انہوں نے کئی بار خود کو سخت گیر ہندوتوا وادی لیڈر کی شبیہ میں ڈھالنے کی کوشش کی لیکن جب انہیں بی جے پی سے کچھ نہیں ملا تو انہوں نے دوبارہ مہا وکاس اگھاڑی کا رخ کیا۔ انہوں نے اپنے بھائی ادھو ٹھاکرے کے ساتھ سارے گلوے شکوے دور کر لئے اور مہا وکاس اگھاڑی کے پروگراموں میں دکھائی دینے لگے۔ حال ہی میں انہوں نے مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی حصہ لیا تھا۔ ہرش وردھن سپکال نہ تو الیکشن کے افسران سے ہوئی ملاقات میں شریک تھے نہ ہی وہ پریس کانفرنس کے وقت موجود تھے۔ کانگریس کی طرف سے نمائندگی کے فرائض سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات ادا کر رہے تھے۔ سپکال نے میڈیا کے سامنے بیان بھی دیا تھا کہ راج ٹھاکرے کو مہا وکاس اگھاڑی میں لینے کے تعلق سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے خط لکھ کر کانگریس اعلیٰ کمان سے سپکال کی شکایت کی۔ اس پر اعلیٰ کمان نے سپکال کو دہلی طلب کیا اور ان سے باز پرس کی۔
حالانکہ ہرش وردھن سپکال نے اس بات سےانکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ ’’ مہاوکاس اگھاڑی کے وفد کے ساتھ چیف الیکشن آفیسرسے ملنے جانے والا تھا۔ وفد میں میرانام شامل تھا لیکن عین موقع پر مجھے دہلی طلب کیا گیا جس کی وجہ سے میں وفد کے ساتھ نہیں جا سکا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ سنجے رائوت نے بھی میڈیا کے سامنے کچھ اسی طرح کی باتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے’’ ہرش وردھن سپکال کانگریس کے ریاستی صدر ہیں، وہ مہا وکاس اگھاڑی کا حصہ ہیں اور ہمارے اچھے دوست ہیں۔ ان سے ہمارے گہرے مراسم ہیں۔ اب وہ اگر دہلی گئے تھے تو یہ ان کی اپنی پارٹی کا معاملہ ہے۔ ہمیں ان سے جب بھی گفتگو کرنی ہوگی ہم کھل کر ان سے گفتگو کر سکتے ہیں۔‘‘