Inquilab Logo

ہریانہ : بی جے پی-جےجے پی اتحاد ختم

Updated: March 13, 2024, 9:51 AM IST | Agency | Chandigarh

منوہرلال کھٹّر نے استعفیٰ دیا، بی جے پی نے نائب سینی کووزیراعلیٰ بنایا، ۵؍وزراء کیساتھ حلف برداری۔

In the photo of the swearing-in ceremony, the governor, the newly-elected chief minister and Khattar can be seen. Photo: INN
تقریب حلف برداری کی تصویر میں گورنر، نومنتخب وزیراعلیٰ اور کھٹردیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات سے قبل ہریانہ میں مخلوط حکومت میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی-جن نائک جنتا پارٹی (بی جے پی- جے جے پی) کے درمیان سیٹوں کیلئے رسہ کشی پر ڈرامائی پیش رفت میں، وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے منگل کو استعفیٰ دے دیا۔ وزیر اعلیٰ کھٹر نے منگل کو گورنر بنڈارو دتاتریہ کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ کچھ قیاس آرائیاں یہ بھی ہیں کہ کھٹر لوک سبھا انتخابات۲۰۲۴ء  میں کرنال سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ سکتے ہیں۔
 واضح رہے کہ۲۰۱۹ءکے انتخابی نتائج کے بعد دشینت چوٹالہ کی قیات والی پارٹی جے جے پی، بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں حکومت چلا رہی تھی۔ جے جے پی لوک سبھا انتخابات میں دو سیٹوں  - حصار (جہاں سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برجیندر سنگھ حال ہی میں پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں) اور بھیوانی- مہندر گڑھ کا مطالبہ کر رہی تھی۔ بی جے پی،جے جے پی کو ایک بھی سیٹ دینے کے حق میں نہیں تھی۔ ہریانہ کی۹۰؍ اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی کے پاس۴۱؍ سیٹیں ہیں۔ دریں اثنا، بی جے پی نے سوشل میڈیا سائٹ  ایکس پر مطلع کیا ہے کہ مشاہد کے طو رپر  میں قانون ساز پارٹی  کی میٹنگ  میں شامل ہونے مرکزی وزیر زراعت ارجن منڈا اور قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ  چنڈی گڑھ پہنچ گئے ہیں۔
  ہریانہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر نائب سینی ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔ بی جے پی ہریانہ نے `ایکس پر اس اعلان کیا اور بتایا کہ سینی کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ منگل کی شام ۵؍ بجے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔قبل ازیں منگل کی صبح وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے استعفیٰ دے دیا تھا، جس سے تقریباً پانچ سال پرانا بی جے پی - جننائک جنتا پارٹی اتحاد ٹوٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق اتحاد توڑنے کی وجہ جے جے پی کا لوک سبھا انتخابات میں دو سیٹوں کا مطالبہ تھا۔
نائب سنگھ سینی نے ۵؍ وزراء کے ساتھ  حلف لیا
 نائب سنگھ سینی نے منگل کو ۵؍ وزراء کے ساتھ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر بنڈارو دتاتریہ نے انہیں حلف دلایا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر بھی موجود تھے۔  سینی کے ساتھ کنور پال، مول چند شرما، رنجیت سنگھ، جئے پرکاش دلال اور ڈاکٹر بنواری لال نے بطور وزیر حلف لیا۔
 جے جے پی کا ساتھ چھوٹنے کے بعد ۴۰؍سیٹیں رکھنے والی بی جے پی نے نئی حکومت کے قیام کے لئے  ۵؍ آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کی ہے۔ جن میں  سے ایک ایم ایل اے کو وزارت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK