• Wed, 07 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عجلت میں دی جانے والی الیکشن ڈیوٹی سےعملے کو دشواریاں

Updated: January 05, 2026, 10:59 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایک طرف ۳۰۰؍سے زیادہ شدید بیمارملازمین ڈیوٹی سے مستثنیٰ کئے جانے کےمنتظرتو دوسری جانب متعدد تکنیکی بدنظمیوں سےڈیوٹی پر مامور عملےمیں شدید بےچینی پائی جارہی ہے

The staff participated in the second phase of training that began for the Municipal Corporation elections.
میونسپل کارپوریشن کے الیکشن کیلئےشروع ہونے والی دوسرے مرحلے کی ٹریننگ میں عملے نے شرکت کی۔

ممبئی کے میونسپل کارپوریشن کا الیکشن ۱۵؍جنوری کو ہونےوالاہے جس کے کاموںکیلئے بی ایم سی کوتقریباً ۷۵؍ہزارعملےکی ضرورت ہے۔ انہیں ۲؍ مرحلوںمیں ٹریننگ دی جارہی ہے۔ پیر سے دوسری ٹریننگ کا آغاز ہوا ہے۔ اس دوران جن ۳۰۰؍ سے زیادہ شدید بیمار ملازمین نے الیکشن ڈیوٹی نہ دینے کی درخواست کی ہے، انہیں متعلقہ محکمہ سے ابھی تک جواب نہیں ملا ہےجبکہ دوسری ٹریننگ کے دوران ڈیوٹی کیلئے بنائی جانے والی ۶؍ رکنی ٹیم کے اعلان کے بعد ان ملازمین کو مجبوراً کام کرنا ہوگا جس سے ان لوگوں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں اس مرتبہ الیکشن کی ساری تیاریاںقلیل وقفہ میں مکمل کرنے کی تگ ودو میںمتعدد  بدنظمیوں کی شکایتیں بھی موصول ہورہی ہیں۔
 واضح رہےکہ ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر  دنیش واگھمارے نے ۱۵؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو بی ایم سی سمیت ریاست کی ۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں  کیلئے ۱۵؍جنوری کو الیکشن منعقد کرنےکااعلان کیا تھا۔صرف ایک مہینےکےمختصر وقفہ میںالیکشن کی ساری کارروائیوںکو جلد بازی اور عجلت میں مکمل کرنے کی کوشش میں کئی غلطیاں ہورہی ہیں مثلاً سینئر ٹیچروںکو پریسائڈنگ آفیسر ون اور ۲؍ اور جونیئر آفیسر کو پریسائڈنگ آفیسر کی ڈیوٹی دی گئی ہے۔ اسی طرح جنہیں پریسائڈنگ اوراسسٹنٹ آفیسر کی ذمہ داری دی جانی چاہئے، انہیں اس کےبرعکس ڈیوٹی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں عموماً خواتین کو پریسائڈنگ آفیسر کی ذمہ داری  نہیں دی جاتی ہے کیونکہ یہ اہم اور بڑی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن اس بار لیڈس اسٹاف کو بھی پریسائڈنگ آفیسر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ان خامیوں کے ساتھ اضافی عملے کی تقرری بڑی تعداد میں کی گئی ہے ۔فی الحال انہیں ریزرو میں رکھاگیاہے۔اچانک انہیں ڈیوٹی دی جاسکتی ہے جس سے انہیں پریشانی ہوسکتی  ہے۔اس طرح کی بدنظمیوںسے ڈیوٹی پر مامور کئےجانےوالے عملےمیںشدید بے چینی پائی جارہی ہے۔
 مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ تعلیمی تنظیموں کےمطالبہ پر بی ایم سی نے شدید بیمار اور حاملہ خواتین کو الیکشن ڈیوٹی سے مستثنیٰ رہنے کیلئے درخواست دینےکی اجازت دی ہے جس کے مطابق تقریباً ۳۰۰؍سے زیادہ اہلکاروںنے درخواست دی ہے لیکن ابھی تک انہیں اس بارے میں جواب نہیں ملاہے جبکہ پیر سے دوسری ٹریننگ شروع ہوچکی ہے ۔دوسری ٹریننگ کےدوران ۱۵؍جنوری کو ہونےوالے الیکشن کیلئے ۶؍رکنی ٹیم کا اعلان کیاجائے گا۔ اس ٹیم کےاعلان کےبعد مذکورہ معاملہ میں کچھ نہیں ہوسکےگاجس کی وجہ سے یہ اہلکار شدید ذہنی دبائومیںمبتلا ہیں۔‘‘
  ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ ’’ مذکورہ تکنیکی خامیوں سے قطع نظرایک مرتبہ پھر عملےکی ڈیوٹی اس کےڈویژن کے بجائے دیگر حلقہ میں لگائی گئی ہے جس سے عملے کی پریشانی میں اضافہ ہوسکتاہے۔ گوونڈی کے ٹیچرکی ڈیوٹی جنوبی ممبئی کے قلابہ اورورلی میںلگائی گئی ہے۔ گوونڈی سے قلابہ جانا دقت اور وقت طلب ہے ۔ایک تو طویل سفرکی پریشانیاں، دوسرے ۱۵؍جنوری کو ہونےوالے الیکشن کیلئے۱۴؍جنوری کی صبح پولنگ سینٹرپہنچنا ہوگا، ۱۵؍جنوری کوجب تک ای وی ایم ، اسٹرانگ روم میں جمع نہیں کرائی جاتی ، سینٹر پر رکنا ہوگا ۔ سینٹر دور ہونے سے بعض مرتبہ ۲؍دن اور ۲؍ راتیں وہیں گزرتی ہیں جس سے قیام وطعام کی بڑی دشواری ہوتی ہے،چنانچہ اس معاملہ پر توجہ دینےکی ضرورت ہے۔‘‘   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK