Inquilab Logo

ہاتھرس : دیوالی سے پہلے ۶۰؍ ہزارگھروں میں اندھیرا ہوسکتا ہے، بجلی کٹنے کا خطرہ

Updated: October 22, 2020, 10:09 AM IST | Inquilab News Network | Hathras

’بقایا دو ورنہ بجلی گل ہو گی ‘ مہم ، چوری پکڑنے کیلئے رات میں چھاپے

power cut - Pic : INN
پاور کٹ ۔ تصویر : آئی این این

 اتر پردیش کے ضلع ہاتھرس میں بجلی کا بل نہ ادا کرنے  پر بجلی محکمہ  سخت رُخ اپنانے جارہا ہے۔ وہ’ بقایا دو، ورنہ گھر کی بجلی گل ہوگی‘ نعرے کےساتھ مہم چلا رہا ہے۔ اس مہم کو جاری رکھتے ہوئے دیوالی سے پہلے۱۰؍ ہزار روپے یا اس سے اوپر کا بل نہ دینے والے۶۰؍ ہزار افراد کا کنکشن کاٹا جاسکتا ہے۔ متعلقہ محکمہ کے کارکنوں اور جونیئر انجینئروں کو کنکشن کاٹنے اور ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔
 واضح رہے کہ ہاتھرس ضلع صوبے کے اُن۴۰؍ ضلعوں میں شامل ہیںجہاں بجلی محکمہ سب سے زیاد ہ خسارے میں ہے۔  تقریباً ۷۰؍ فیصد خسارہ بجلی چوری کے سبب ہوتا ہے۔ یہ حال تب ہے جب  زیادہ تر علاقوں میں ہائی ٹینشن لائن کو چھوڑ کر بجلی کی لائنوں کو بنچ کیبل میں بدلا جاچکا ہے۔ عام میٹروں کو ہٹاکرالیکٹرانک میٹر لگا رکھا ہے۔ بجلی چوری پکڑنے کیلئے صبح سویرے چھاپہ مار کارروائی کامیاب نہ ہونے پر رات میں بھی چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ لگ بھگ ۴؍ہزار ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔  اس کے باوجود شہرمیں۱۰؍ ہزار صارفین ایسے ہیں،جن پر ۱۰؍ ہزار روپے اور اس سے زیادہ کا بقایا ہے۔ دیہی علاقوں میں ۵۰؍ ہزار صارفین بجلی چوری کرتے ہیں۔ضلع میں شہر کے علاوہ سعدآباد، سکندرراؤ اورساسنی تحصیل  کے علاقے آتے ہیں۔سرکاری احکامات کے مطابق بجلی کے بقایا داروں پر اب سیدھے کنکشن کاٹنے کی کارروائی کی جائے گی۔ چیکنگ کے دوران کنکشن کاٹنے کے احکامات دیئے گئے ہیں اور افسران کیلئے حد بھی مقرر کی گئی ہے۔ بجلی کے وزیر سری کانت شرما نے اکتوبر ہی میں  خسارہ ۱۵؍ فیصد کرنے کے احکامات افسران کو دیئے ہیں، یہ ہدف پورا کرنے کیلئے اب چند دن بچے ہیں۔
   اس کا رروائی کے بارے میں عوام کا کہنا ہے کہ جس علاقے لوگ بجلی بل ادا نہیں کر رہےہیں ، وہاں کارروائی کی جانی چاہئے لیکن ا ن علاقوں میںمامور  افسران کیخلاف کارروائی کی جانی  چاہئے  ۔ اگر وہ پہلے ہی مستعدی کا مظاہر ہ کرتے تو آج  ہر شخص بجلی بل ادا کر تا ۔  محکمہ کے کچھ افسر بجلی چوری پکڑتے ہیں  لیکن رشوت لے کر چھوڑ دیتے ہیں ۔ اس طرح چور ی کرنے والوں کا حوصلہ بڑھا اور وہ اس کے عادی ہوگئے۔  
  اس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر  ہری موہن نے کہا کہ ۱۰؍ ہزار روپے اور اُس سے زیادہ بقایا ہونے پر جو صارف بل جمع نہیں کریں گے، ان کے کنکشن کاٹنے کے احکامات دیئے جاچکے ہیں۔  ۱۲؍ فیصد افراد ہی وقت مقررہ پر بل جمع کررہے ہیں۔بل جمع نہ کرنےسےمحکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK