اتانو چکرورتی کے استعفے کے بعد کمپنی کے شیئر گرنے لگے۔
EPAPER
Updated: March 20, 2026, 12:47 PM IST | Mumbai
اتانو چکرورتی کے استعفے کے بعد کمپنی کے شیئر گرنے لگے۔
ملک کے معروف نجی قرض دہندہ ایچ ڈی ایف سی بینک کے جزوقتی چیئرمین اتانو چکرورتی نے بینک کے نظم و نسق میں غیر اخلاقی رویوں کا الزام لگاتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ہندوستانی انتظامی سروس (آئی اے ایس) کے سابق افسر چکرورتی نے ۱۷؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو فوری طور پر اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ بینک نے بدھ کی دیر رات شیئر بازار کو مطلع کیا کہ ان کا استعفیٰ ۱۸؍ مارچ کو دوپہر ۳؍ بج کر ۱۷؍ منٹ پر پر موصول ہوا۔
بینک نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے منظوری ملنے کے بعد کیکی مستری کو تین ماہ کیلئے عبوری جز وقتی چیئرمین مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری جمعرات ۱۹؍ مارچ سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔اتانوچکرورتی نے اپنے استعفیٰ نامے میں بینک کے طریقہ کار پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’گزشتہ دو سال میں، میں نے بینک کے اندر کچھ ایسے واقعات اور رجحانات دیکھے ہیں جو میری ذاتی اقدار اور اخلاقیات کے مطابق نہیں رہے۔ یہی میرے فیصلے (استعفیٰ) کی بنیاد ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کے استعفیٰ کی اور کوئی دوسری اہم وجہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی کی اپیل’’ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، امن و امان قائم رکھیں‘‘
اپنے دورِ ملازمت میں بینک کے ایچ ڈی ایف سی لمیٹڈ کے ساتھ انضمام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس اسٹریٹجک پہل نے ایچ ڈی ایف سی بینک کو ملک کا دوسرا سب سے بڑا بینک بنا دیا، تاہم اس انضمام کے فوائد ابھی پوری طرح سامنے آنا باقی ہیں۔
اتانو چکرورتی اپریل ۲۰۲۰ء میں انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس (آئی اے ایس) سے ریٹائر ہوئے تھے۔ اس وقت وہ وزارت خزانہ میں اقتصادی امور کے شعبے کے سکریٹری تھے۔ وہ مئی ۲۰۲۱ء میں ایچ ڈی ایف سی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس میں آزاد ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ آزاد ڈائریکٹر کے طور پر ان کی تین سالہ مدت ختم ہونے کے بعد مئی ۲۰۲۴ء میں انہیں دوبارہ تین سال کیلئے آزاد ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے فیڈرل ریزرو نے ریپو شرح برقرار رکھی، مہنگائی پر تشویش برقرار
شیئروں میں گراوٹ
اتانو چکرورتی کے استعفیٰ کی خبر سامنے آنے کے بعد جمعرات کو بینک کا شیئر ایک موقع پر ۸ء۴۲؍ فیصد گر کر ۷۷۲؍ روپے پر آ گیا تھا۔ وہاں سے سنبھلنے کے بعد، خبر لکھے جانے تک یہ شیئر ۴ء۲۶؍ فیصد کی کمی کے ساتھ ۸۰۷؍ روپے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ بدھ کو بینک کا شیئر ۸۴۲؍ء۹۵؍ روپے پر بند ہوا تھا۔ان عہدہ چھوڑنے سے کاروبار میں فرق نظر آیا ہے۔