جب بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا تو ٹیم انڈیا کے ۳۴۹؍رنوں کے جواب میں افغانستان ’اے‘ نے ۲؍وکٹ پر ۱۷۷؍رن بنالئے تھے۔
EPAPER
Updated: June 12, 2026, 5:41 PM IST | Mumbai
جب بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا تو ٹیم انڈیا کے ۳۴۹؍رنوں کے جواب میں افغانستان ’اے‘ نے ۲؍وکٹ پر ۱۷۷؍رن بنالئے تھے۔
پربھ سمرن سنگھ (۸۶)، رتوراج گائیکواڑ (۶۶) اور کپتان تلک ورما (۶۶) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انڈیا ’اے‘ نے جمعرات کو سہ فریقی سیریز کے دوسرے بارش سے متاثرہ میچ میں افغانستان ’اے‘ کو جیت کیلئے۳۵۰؍ رنوںکا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا لیکن جب افغانستان نے۲۵ء۲؍ اوورز میں ۲؍ وکٹوں پر ۱۷۷؍ رن بنا لئے تو اچانک تیز بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ اس کے بعد دوبارہ کھیل ممکن نہ ہو سکا اور چونکہ اس وقت تک افغان ٹیم ڈی ایل ایس (ڈک ورتھ لوئس ضابطے) کے تحت اسکور سے ۳؍رن آگے تھی، اس لئے افغان ٹیم کو ۴؍رنوں سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
افغانستان کے کپتان عمران نے ناقابلِ شکست ۷۵؍اور بہار شاہ نے ناٹ آؤٹ ۵۱؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں ریس میں آگے رکھا۔ شاندار کپتانی اننگز پر عمران کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل یہاں افغانستان ’اے‘ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پربھ سمرن سنگھ ، رتوراج گائیکواڑ اور کپتان تلک ورما کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انڈیا ’اے‘ نے افغانستان ’اے‘ کو جیت کیلئے۳۵۰؍ رنوں کا ہدف دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ایک کپ، ۷؍ اسٹیڈیم، ۱۲؍ ٹیم، ۳۳؍ میچ اور کروڑوں خواب
انڈیا’ اے‘ کی اوپننگ جوڑی، پربھ سمرن سنگھ اور ویبھو سوریہ ونشی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ۷۴؍رنوں کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ افغانستان کو پہلی کامیابی عبداللہ احمد زئی نے دلائی، جنہوں نے ویبھو سوریہ ونشی کو آؤٹ کیا۔ ویبھو نے محض ۲۲؍گیندوں پر ۹؍چوکوں کی مدد سے ۴۴؍ رنوں کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد دسویں اوور میں احمد زئی نے ہی پریانش آریہ (۸) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔
۲؍ وکٹیں جلدی گرنے کے بعد رتوراج گائیکواڑ نے پربھ سمرن کا ساتھ نبھایا اور دونوں نے مل کر تیسری وکٹ کیلئے۷۹؍ رن جوڑے۔ ۲۲؍ ویں اوور میں عمران نے سنچری کی طرف بڑھتے ہوئے پربھ سمرن کو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ پربھ سمرن نے ۶۹؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۴؍چوکوں کی مدد سے ۸۶؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔
میچ کے ۳۸؍ ویں اوور میں فرمان اللہ صافی نے نصف سنچری مکمل کرنے والے رتوراج گائیکواڑ کو اپنا شکار بنایا۔ گائیکواڑ نے ۸۰؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۶۶؍ رن بنائے۔ اسی اوور کی اگلی ہی گیند پر فرمان اللہ نے آیوش بدونی کو صفر پر آؤٹ کر کے افغانستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔
یہ بھی پڑھئے: نائٹ کلب واقعہ ایسا جرم نہیں کہ بین اسٹوکس کو فارغ کر دیا جائے: ناصر حسین
پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سریا نش اور کپتان تلک ورما نے محتاط انداز اپنایا اور پانچویں وکٹ کیلئے۷۰؍ رنوں کی اہم شراکت داری قائم کی۔ ۴۶؍ ویں اوور میں احمد زئی نے ایک بار پھر تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے تلک ورما کو آؤٹ کیا۔ کپتان تلک ورما نے ۷۳؍گیندوں پر۵؍ چوکوں کی مدد سے ۶۶؍رنوں کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد سریا نش شیڈگے (۴۰) اور ارشد خان (ایک) کو بھی احمد زئی نے ہی پویلین بھیجا جبکہ وپراج نگم (۸) کو ۴۹؍ویں اوور میں فرمان اللہ نے آؤٹ کیا۔ انڈیا ’اے‘ نے مقررہ ۴۹؍اوورز میں ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۴۹؍ رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ انوکول رائے ۱۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے عبداللہ احمد زئی سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ فرمان اللہ صافی نے ۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمران کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔