Inquilab Logo

متنازع بیان پر مودی کیخلاف شکایتوں کا انبار

Updated: April 25, 2024, 8:48 AM IST | New Delhi

۹۳؍ سابق نوکر شاہوں کے علاوہ ۱۷؍ ہزار ۴۰۰؍ سے زائد عام شہریوں نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم کے متنازع بیان کی شکایت کی، فوری کارروائی کا مطالبہ ، شکایت درج نہ کرنے پر برندا کرات نے دہلی کے پولیس کمشنر سے ملاقات کی ، جلد ہی عدالت سے رجوع کا اعلان

Due to the lack of action against Prime Minister Modi, there is serious concern in the justice circles. (PTI)
وزیراعظم مودی کیخلاف کارروائی نہ ہونے سے انصاف پسند حلقوں میں شدید تشویش ہے۔(پی ٹی آئی )

 وزیر اعظم مودی کے ذریعہ چند روز قبل راجستھان میں مسلمانوں کے خلاف د ئیے گئے بیان پر تنازع بڑھتا جارہا ہے لیکن ابھی تک الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ اپوزیشن نے ان کے خلاف زبردست گھیرا بندی کی ہے اور الیکشن کمیشن سے باقاعدہ شکایت بھی کردی ہے لیکن کمیشن کے ذرائع کی جانب سے صرف اتنا کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ دوسری طرف اس بیان کے معاملے میں وزیراعظم مودی کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایتوں کا انبار لگ رہا ہے۔ نیوز پورٹل ’اسکرول‘ کی رپورٹ کے مطابق اب تک ۱۷؍ ہزار۴۰۰ سے زائد شہریوں نے الیکشن کمیشن میں شکایت کردی ہے اور وزیر اعظم کے خلاف ہیٹ اسپیچ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ شکایتیں کمیشن کو آن لائن اور آف لائن دونوں طریقے سے بھیجی گئی ہیں۔اس سلسلے میں آن لائن پٹیشن بھی کمیشن کو بھیجی گئی ہے جس پر ۲؍ ہزار ۳۰۰؍ سے زائد شہریوں نے دستخط کئے ہیں جبکہ سمویدھان بچائو ناگرک ابھیان کی جانب سے جو پٹیشن بھیجی گئی ہے اس پر ۱۷؍ ہزار سے زائد شہریوں نے دستخط کئے ہیں۔ اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے اسٹار پرچارک کے خلاف سخت دفعات کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے کیوں کہ وہ مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے کے ساتھ ساتھ ایک مذہب کے لوگوں کے خلاف نفرت بھڑکارہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ۹۳؍ سے زائد سابق نوکر شاہوں نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اس متنازع بیان کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان نوکر شاہوں نے اب تک الیکشن کمیشن کی خاموشی پر سنگین سوال اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ کمیشن کے رویے کی وجہ سے ہی ہیٹ اسپیچ دینے والوں کو کھلی چھوٹ مل جائے گی۔ 
   دوسری طرف اس متنازع بیان کے خلاف سی پی آئی ایم کی سینئر لیڈر برندا کرات نے  دہلی کے مندر مارگ تھانے میں وزیر اعظم کے بیان کے خلاف شکایت دیتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا، مگر پولیس نے ان کی درخواست خارج کردی جس کے بعد  انہوں نے  بدھ کو دہلی کےپولیس کمشنرسے ملاقات کی۔ نمائندہ سے بات کرتے ہوئے  انہوں نے بتایا کہ تھانے میں میری درخواست خارج کر دی گئی، جس کے بعد آج میں نے پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں انتباہ دیا ہے کہ اگر کارروائی نہیں کی گئی تو پھر وہ عدالت سے رجوع ہونے کو مجبور ہوں گی ۔  انہوں نے بتایا کہ پولیس کمشنر نے میری بات سنی اور کہاکہ وہ ان کی شکایت پر ہر پہلو سے غور کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب معروف صحافی قربان علی نے بھی منگل کو نظام الدین تھانے میں تحریری شکایت دی ہے جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے ، ہیٹ اسپیچ دی ہے  اورمنافرت بڑھانے اور فرقہ وارانہ  ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ مگر تھانے میں ان کی شکایت درج نہیں کی گئی ، پولیس افسران کا کہنا تھا کہ وہ اس تعلق سے اپنے سینئرس سے بات کریں گے پھر کیس درج کرنے پر غور کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK