Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھڑکنیں تیز ،جنگ بندی مذاکرات پر دُنیا بھر کی نظر

Updated: April 11, 2026, 12:27 AM IST | Islamabad

دونوں جانب سے تلخ کلامی کے باوجود آج اسلام آباد میں گفتگو ہو گی ،ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکرمحمد باقر قاليباف کےشامل ہونے کی امید،امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس،خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیراڈ کشنر امریکی وفد کا حصہ ہوں گے، اسلام آباد میں کرفیو نافذ ، ۲؍ دن کی عام تعطیل کا اعلان، کئی سطحوں پر مبنی سیکوریٹی

Multi-layered security has been deployed in Islamabad so that even a bird cannot fly. (Photo: PTI)
اسلام آباد میں کئی سطحوں پر مشتمل سیکوریٹی تعینات کی گئی ہے تاکہ پرندہ بھی پر نہ مارسکے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی کی شکل دینے کے مقصد سے دونوں ملکوں کے وفود   آج پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد میں گفتگو کریں گے۔ ان مذاکرات پر دنیا بھر کی نگاہیں مرکوز ہیں کیوں کہ اگر یہ ناکام ہوئے تو ایک مرتبہ پھر جنگ شروع ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا اور فی الحال دنیا کے بیشتر ممالک کسی بھی طرح کی نئی جنگ کا خطرہ مول نہیں لے سکتے ہیں ۔ ان مذاکرات کے لئے  امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گےجبکہ ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے ا سپیکر محمد باقر قاليباف کے نام شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات کا مقصد ایک حتمی معاہدے تک پہنچنا اور جنگ کا خاتمہ کرنا ہے، جو دو روز قبل اعلان کردہ دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی کے سائے میں ہو رہے ہیں۔ 
 مختلف ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں اب تک کوئی یقینی سرکاری معلومات نہیں ہیں۔تاہم پاکستانی میڈیا نے مذاکرات کے لئے ایرانی وفد کی آمد کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے  لئے کوئی مخصوص وقت مقرر نہیں ہے جس میں دونوں وفود کے درمیان براہِ راست اور بالواسطہ رابطوں کا امتزاج شامل ہوگا۔اگرچہ دونوں ملکوں کے درمیان اب بھی اعتماد و یقین کا فقدان نظر آتا ہے اور دونوں ہی ممالک کے لیڈران ایک دوسرے سے تلخ کلامی کررہے ہیں ۔ یہاں تک امریکہ کی جانب سے مسلسل دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں لیکن پھر بھی پوری دنیا کو امید ہے کہ اس بات چیت کا کوئی مثبت نتیجہ نکلے گا۔ پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے وفود اور صحافیوں کو ویزا فری سفری سہولت دی گئی ہے تاکہ وہ بات چیت کی نشریات کرسکیں۔ 
   ان  اہم مذاکرات کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک سفارت کاری کا خیر مقدم کرتا ہے، لیکن ایسے مذاکرات کا نہیں جو دشمن کو نئے حملے کی تیاری کا موقع فراہم کریں۔  ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ ایران مذاکرات میں بھرپور اور فعال شرکت کرے گا تاہم امریکہ کے رویے پر گہرے شکوک و شبہات بدستور موجود ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ’فریب دہی والی فطرت‘ کے باعث ایران ان مذاکرات میں محتاط انداز اپنائے گا لیکن اس کے باوجود سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے  لئے سنجیدہ ہے۔  
  امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واشنگٹن کے قریب اینڈریوز ایئر فورس بیس سے اپنے طیارے کی پرواز سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے منتظر ہیں اور ان کا خیال ہے کہ یہ تعمیری ہوں گے۔ وینس نے مزید کہا کہ اگر ایرانی نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کے  لئے تیار ہیں تو ہم یقینی طور پر ہر طرح کی حمایت فراہم کرنے کے  لئے تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مذاکرات کے حوالے سے انتہائی واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔ 
 دریں اثناء   پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے چپہ چپہ پر سیکوریٹی تعینات کردی گئی ہے۔ جبکہ مذاکرات کے مرکز کے اطراف میں کئی سطحوں کی سیکوریٹی ہے۔ ساتھ ہی اسلام آباد میں کرفیو جیسے حالات ہیں اور ۲؍ دن کی عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان ان مذاکرات کو ہر قیمت پر کامیاب کروانا چاہتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK