محکمہ موسمیات نے ناگپور، اکولہ، وردھا اور امراوتی ضلع کیلئے ۱۴ ؍اور ۱۵ ؍مئی کو ’یلو الرٹ‘ جاری کیا۔ آئندہ ہفتے میں کئی اضلاع میں درجہ حرارت ۲؍ سے ۳ ؍ڈگری جبکہ کچھ اضلاع میں ۳؍سے ۴ ؍ڈگری تک بڑھنے کی پیش گوئی
EPAPER
Updated: May 13, 2026, 7:57 AM IST | Nagpur
محکمہ موسمیات نے ناگپور، اکولہ، وردھا اور امراوتی ضلع کیلئے ۱۴ ؍اور ۱۵ ؍مئی کو ’یلو الرٹ‘ جاری کیا۔ آئندہ ہفتے میں کئی اضلاع میں درجہ حرارت ۲؍ سے ۳ ؍ڈگری جبکہ کچھ اضلاع میں ۳؍سے ۴ ؍ڈگری تک بڑھنے کی پیش گوئی
ایک ہفتہ کی راحت کے بعد پورے ودربھ میں درجہ حرارت ایک بار پھر تیزی سے بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ اکولہ میں پیر کو ۴۵ء۱ ؍ڈگری سیلسیس کے ساتھ خطے میں سب سے گرم مقام رہا۔ ملک کے محکمہ موسمیات نے اکولہ، امراوتی، وردھا اور ناگپور ضلع کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے، جس میں ۱۴ ؍اور ۱۵ ؍مئی کو شدید گرم لہر کی وارننگ دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تینوں اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۱۴ ؍مئی کے بعد معمول سے ۲ء۵ ڈگری سیلسیس زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ امراوتی میں پیر کو ۴۴ ؍ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جس سے یہ ودربھ کا دوسرا گرم ترین مقام بن گیا۔ اس دوران ناگپورمیں درجہ حرارت ۴۲ ؍ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بتادیں کہ پچھلے کچھ دنوں سے موسم ابرآلود رہا اور کئی مقامات پر بارش بھی ہوئی جس کی وجہ سے ودربھ سمیت ریاست بھر میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی تھی۔ تاہم اب آسمان صاف ہونے کے بعد گرمی ایک بار پھر شدت اختیار کر چکی ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان محکمہ موسمیات نے ناگپور، اکولہ اور امراوتی سمیت پورے ودربھ میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آنے والے ہفتے میں ودربھ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت ۲؍ سے ۳ ؍ڈگری تک جبکہ کچھ اضلاع میں ۳ ؍سے ۴ ؍ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں امراوتی ضلع سمیت مشرقی ودربھ کے وردھا اور مغربی ودربھ کے اکولہ میں درجہ حرارت ۴۶ ؍ڈگری سے تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بڑھتی ہوئی گرمی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں انڈومان اوربحرعرب سے چلنے والی نم ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت معتدل ہوگیا تھا لیکن اب یہ اثر ختم ہوگیا ہےجبکہ گجرات اور راجستھان میں بننے والا سائیکلون سسٹم بھی ودربھ کو متاثر کر رہا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
چلچلاتی دھوپ اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شدید گرمی سے سڑکیں دن کے وقت بڑی حد تک سنسان نظر آرہی ہیں اور لوگ باہر نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ فی الحال بھنڈارہ، بلڈانہ، برہما پوری، چندر پور، گڈچرولی، وردھا، واشم اور ایوت محل سمیت کئی دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت ۴۰ ؍ ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔