Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور ریت مافیا: نائب تحصیلدار جے سی بی پر لٹکا رہا اور ڈرائیور اسے دوڑاتا رہا

Updated: May 08, 2026, 9:44 AM IST | Nagpur

مہاراشٹر کا دوسرا دارالحکومت کہے جانے والے ناگپور میں ریت مافیا کی سینہ زوری کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔

Illegal mining continues unabated. Photo: INN
غیر قانونی کھدائی کا کام بلا روک ٹوک جاری ہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کا دوسرا دارالحکومت کہے جانے والے ناگپور میں ریت مافیا کی سینہ زوری کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ریت مافیا نے کارروائی کرنے پہنچے ایک نائب تحصیلدار پر نہ صرف حملہ کیا بلکہ جب وہ جے سی بی کو روکنے کی کوشش میں اس پر لٹک گیا تو اسے اسی حالت میں لٹکا کر ۴؍ کلو میٹر تک جے سی بی کو دوڑیا گیا۔ حتیٰ کہ اسے کئی بار نیچے گرانے کی بھی کوشش کی گئی۔ اس سے ریاست میں نظم ونسق کی صورت حال پر سوال کھڑا ہو گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان اسپیم کالز سے متاثر ممالک کی فہرست میں پانچویں مقام پر، ۲۰۲۵ء میں ۶۶؍ فیصد کالز اسپیم نکلے

اطلاع کے مطابق ناگپور کے کوہی تعلقے میں واقع بوری نائیک علاقے میں غیر قانونی طریقے سے ریت نکالی جا رہی تھی۔ منگل کی دیر رات تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے جب اس کی خبر نائب تحصیلدار بدھ بھوشن نکالجے کو ملی تو وہ کارروائی کرنے موقع پر پہنچے۔ اطلاع کے مطابق  وہاں موجود ریت مافیا نے نکالجے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مارپیٹ کی کوشش کی۔اسی دوران جے سی بی کا ڈرائیور میور تھوٹے فرار ہونے لگا۔نکالجے نے اس کا پیچھا کیا بائیک پر اس کا پیچھا کیا اور جے سی بی کو پکڑ کر اس پر لٹک گئے۔ یہ دیکھ کر ڈرائیور نے جے سی بی کو روکنےکے بجائے اس کی رفتار اور تیز کر دی۔ نکالجے اسی طرح لٹکے رہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک ہاتھ سے اپنے موبائل پر واقعے کا ویڈیو بھی شوٹ کیا ۔ ڈرائیور میور تھوٹے نے مفلر کے ذریعے اپنا چہرہ چھپالیا اور کئی بار لات مار کر بدھ بھوشن نکالجے کو نیچے گرانے کی کوشش کی۔  اس طرح کوئی چار کلو میٹر تک کا سفر نکالجے جے سی بی پر لٹک کر طے کرتے رہے۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
   وہ تو خیر ہوئی کہ سامنے سے پولیس کی گاڑی آتے دکھائی دی اور میور تھوٹے نے جے سی بی روک دی اور اتر کر فرار ہو گیا۔ پولیس نےر فوری طور پر ریت مافیا کے خلاف کیس درج کیا۔ ساتھ ہی جے سی بی کو اپنے  قبضے میں لے لیا ۔ اس کے علاوہ غیرقانونی کھدائی کیلئے استعمال ہونے والے دو ٹریکٹر بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ جے سی بی اور ایک ٹریکٹر منوہر نرگوڈکر کی ملکیت ہے جبکہ دوسرا ٹریکٹر  جے پال تولسکر نامی شخص کا ہے۔ ویلتور پولیس کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر رائوت اور ا ن کی ٹیم معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔  موقع پر چھاپہ مارنے والی ٹیم میں نائب تحصیلدار بدھ بھوشن نکالجے کے علاوہ تحصیلدار موہن پوار، آنند مہسکے، اور نلیش ترپوڑے شامل تھے جن کے بیانات درج کئے گئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: وِجے کو حکومت سازی کی دعوت نہ دینے پر برہمی

یاد رہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں ریت مافیا کے ہاتھوں غیر قانونی کھدائی کے دوران کارروائی کرنے آئے افسران پر حملے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔  ان کے حوصلے دیکھ کر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ریاست میں نظم ونسق نام کی کوئی چیز باقی ہے یا نہیں؟ کوہی معاملے میں پولیس نے  نائب تحصیلدار کے قتل کی کوشش اور انہیں زخمی کرنے کا معاملہ درج کیا ہے۔ ساتھ ہی ریت مافیا کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔  تلاش کے بعد مذکورہ جے سی بی کے ڈرائیور میور تھوٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ کلیدی ملزمین جن کے کہنے پر یہ سب کچھ ہوا ان کی تلاش کی جا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK