مہاوترن کمپنی جلد ہی صارفین کیلئے واٹس ایپ نمبر جاری کرے گی جس پر بل حاصل کرنے اور ادا کرنے کے علاوہ کئی سہولیات ہوں گی
EPAPER
Updated: May 07, 2026, 5:30 AM IST | Nagpur
مہاوترن کمپنی جلد ہی صارفین کیلئے واٹس ایپ نمبر جاری کرے گی جس پر بل حاصل کرنے اور ادا کرنے کے علاوہ کئی سہولیات ہوں گی
مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی کرنے والی ’مہاوترن ‘ کمپنی اپنے صارفین کیلئے ایک نئی سہولت لے کر آ رہی ہے جس سے انہیں بجلی بلوں کیلئے کمپنی کے دفتر کے چکرکاٹنے سے نجات مل جائے گی۔ نیز گھر تک بل نہ پہنچنے کی شکایت بھی باقی نہیں رہے گی۔ کمپنی نے واٹس ایپ کے ذریعے بجلی کا بل اپنے صارفین تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی صارفین واٹس ایپ کے ذریعے ہی بل کی ادائیگی بھی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ اور بھی کئی سہولیات اس واٹس ایپ نمبر پر دستیاب ہوں گی۔ اطلاع کے مطابق ساری تیاریاں ہو چکی ہیں صرف اس سروس کے افتتاح کی تاریخ طےکرنی باقی ہے۔ تاریخ طے ہوتے ہی اس کا اعلان کر دیا جائےگا۔
اطلاع کے مطابق مہاوترن کمپنی کے ریاست بھر میں ۳؍ کروڑ ۱۲؍ لاکھ صارفین ہیں۔ ان میں سے تقریباً ۱۹؍ لاکھ صارفین تو صرف ناگپور ڈیویژن ہی میں ہیں۔ ممبئی کے اطراف کے کچھ علاقوں میں بھی مہاوترن کی سروس موجود ہے۔ عام طور پر بجلی صارفین کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ ان کے گھر تک بجلی بل نہیں پہنچتا۔ یا تو انہیں آن لائن دیکھنا پڑتا ہے یا پھر مہاوترن کمپنی کے دفتر جا کر حاصل کرنا پڑتا ہے۔ ان شکایت کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی نے ایک واٹس ایپ نمبر جاری کیا ہے جس پر صرف ’ہائے‘ لکھ کر آپ اپنا تازہ بل حاصل کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی یو پی آئی یا ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے اسی وقت بل ادا بھی کر سکتے ہیں۔ بل ادا کرنے کے بعد اسی نمبر پر آپ کو اس کی ڈیجیٹل رسید بھی حاصل ہو جائے گی۔
اس کے علاوہ اگر آپ کو بل کے تعلق سے کوئی شکایت کرنی ہو یا آپ کی بجلی منقطع کر دی گئی ہو تو آپ اسی نمبر پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ نیز بجلی کے نئے کنکشن کیلئے اسی نمبر پر عرضی دے سکتے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس سروس کے ذریعے بجلی صارفین کی بہت سی مشکلات دور ہو جائیں گی۔
مہاوترن کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’ اکثر صارفین کی جانب سے یہ شکایت موصول ہوتی ہے کہ انہیں اس ماہ کا بل نہیں ملا یا کئی ماہ سے ان کےگھر بجلی کا بل نہیں آ رہا ہے۔ لہٰذا کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب صارفین کو براہ راست ان کے واٹس ایپ نمبر ہی پر بل بھیج دیا جائے۔ اس سے جہاں صارفین کو سہولت ہوگی وہیں پیپر لیس (ڈیجیٹل) کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔ ‘‘ ذرائع کے مطابق مہاوترن نے واٹس ایپ نمبر:
۹۱۶۷۷۷۷۹۱؍
جاری کر دیا ہے لیکن اس سروس کا افتتاح اب تک نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس خود اس کا افتتاح کریں گے جس کے بعد اسے باقاعدہ صارفین کیلئے شروع کر دیا جائے گا۔ اس میں آپ صرف ’ہائے ‘ لکھ کر مراٹھی، انگریزی یا ہندی میں بجلی کا بل حاصل کر سکیں گے۔فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ وزیر اعلیٰ کب تک اس کا افتتاح کر سکیں گے ۔ البتہ اس سروس کے شروع ہونے سے صارفین کو کئی معاملات میں راحت حاصل ہونے کا امکان ہے۔