Inquilab Logo

ملک کی کئی ریاستوں میں گرمی کی لہر، الرٹ جاری، احتیاط کا مشورہ

Updated: April 19, 2023, 1:12 AM IST | new Delhi

بعض جگہوں پر درجۂ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے بھی زیادہ درج کیا گیا ، اُترپردیش کے کئی اضلاع میں آندھی طوفان ، اتراکھنڈ اور پنجاب میں ژالہ باری کا بھی خدشہ

Arrangements are made to avoid the heat before stepping out of the house (Image: PTI)
گھر سے باہر نکلنے سے پہلے گرمی سے بچنے کا انتظام کیا جاتا ہے (تصویر: پی ٹی آئی)

اترپردیش، بہار  اور بنگال سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں دھوپ کی شدت نے لوگوں کو بے حال کردیا ہے۔ گرمی کی لہر کی وجہ سے کئی اضلاع میں’اورینج الرٹ‘ اور کئی اضلاع میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ بعض جگہوں پر درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے بھی زیادہ درج کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات نے  رواں سیزن میں ’لو‘ چلنے کا خدشہ ظاہر کیاہے۔ گرمی کا اثرمنگل کی صبح ہی سے نظر آنا شروع ہو گیا تھا۔انتظامیہ نےاحتیاطی اقدامات کے طورپر اس کیلئے کچھ گائیڈ لائنس اور ہدایتیں بھی جاری کی ہیں۔
 دھوپ کی شدت کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال، بہار اور آندھرا پردیش میں چلچلاتی گرمی کے حوالے سے ’اورینج الرٹ‘ جاری کیا ہے جبکہ اترپردیش کے کئی اضلاع میں  گرمی کے ساتھ ہی آندھی طوفان کے پیش نظر ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ، ادیشہ، پنجاب ، ہریانہ اور سکم میں بھی گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ایک ماحولیات میں ہلچل محسوس کی ہے، جس کی وجہ سے مغربی ہمالیہ اور آس پاس کے میدانی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ اسی طرح پنجاب، ہریانہ، دہلی اور راجستھان میں۱۸؍ سے ۲۰؍ اپریل کے درمیان ایک دو مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ دو دنوں میں جموں کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے ہمالیائی علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کےکچھ حصوں میں بارش  سے راحت ملنے کے بعد درجہ حرارت میں پھر اضافہ ہوگا۔ اسی طرح آئندہ تین دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان کے درجہ حرارت میں ۲؍ سے ۳؍ ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ مغربی اتر پردیش میں۱۸؍ اپریل اور مشرقی اتر پردیش میں ۱۸؍ اور ۱۹؍ اپریل کو گرمی کی تیز لہر کا خدشہ ہے۔ وسطی ہندوستان کے بھی درجہ حرارت میں ۲؍ ے۳؍ ڈگری تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
 محکمہ موسمیات نے پیر کو جھارکھنڈ کے۱۱؍ اضلاع کیلئے منگل سے ۲؍ دن کیلئے موسم کی پہلی گرمی کی لہر کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست کے کچھ اضلاع میں ۲؍ دن میں پارہ۴۴؍ ڈگری کو عبور کر سکتا ہے البتہ ۲۰؍ اپریل کے بعد اس میں راحت کی توقع کی جاسکتی ہے۔
 شدید گرمی اور ’ہیٹ ویو‘ نے بہار کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ پٹنہ موسمیاتی مرکز کے مطابق ریاست کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مشرقی چمپارن، کھگڑیا اور بنکا میں شدید گرمی کی لہر کا اعلان کیا گیا، جبکہ پٹنہ، بھاگل پور، پورنیہ، سپول، شیخ پورہ، ویشالی، سیتامڑھی، اورنگ آباد، کٹیہار، نوادہ اور نالندہ  جیسے اضلاع میں گرمی کی لہرسے لوگ پریشان ہیں۔ بنگال میں بھی گرمی کی شدت کافی ہے۔ ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ انہوں نے اپریل میں اتنی گرمی کبھی نہیں دیکھی تھی۔ لوگوں کو دوپہر سے۴؍ بجے کے درمیان گھر کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 اپریل ماہ میں گرمی کی شدت نے کئی شہروں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ کانپور کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ۱۷؍ اپریل کو یہاں پر درجہ حرارت ۴۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھاجو گزشتہ سال کے مقابلے ۱ء۸؍ زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ بہار کے گیا ضلع میں منگل کو درجہ حرارت ۴۳؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بہار میں گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ مختلف ریاستوں نے اپنے شہریوں کیلئے احتیاطی اقدامات کے طورپر کچھ گائیڈ لائنس جاری کئے ہیں تاکہ وہ ’ہیٹ ویو‘سے خود کو بچا سکیں۔ 

heat wave Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK