Updated: May 25, 2026, 10:02 PM IST
| New Delhi
ٹھنڈے مشروبات اور آئس کریم کی کمپنیوں نے بھی خاص طور پر شمالی اور مغربی ہندوستان میں مانگ میں زبردست اضافے کی اطلاع دی ہے۔ سوفٹ ڈرنک کمپنیوں نے بوٹلنگ کے آپریشنز اور ریٹیل سپلائی کو بڑھا دیا ہے کیونکہ کاربونیٹیڈ ڈرنکس، جوس اور پیکجڈ پانی کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
شدید گرمی کی لہر، پورے ملک میں قہر ڈھا رہی ہے۔ ملک کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں کے کئی شہروں میں درجہ حرارت ۴۰ سے ۴۵ ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرگیا ہے۔ قومی محکمہ موسمیات نے مئی کے آخر تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے کولر، ایئر کنڈیشنر، ٹھنڈے مشروبات اور آئس کریم کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے ملا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، گزشتہ سال کے مئی کے مقابلے اس سال مئی کے دوران ان مصنوعات کی فروخت میں ۳۵ سے ۴۰ فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
کولنگ صنعت کے نمائندوں نے بتایا کہ موجودہ سیزن گزشتہ سال کے بارشوں سے متاثرہ موسمِ گرما کے بالکل برعکس ہے۔ گزشتہ سال کئی علاقوں میں موسمی مصنوعات کی مانگ کمزور تھی۔ ایئر کنڈیشنر، ریفریجریٹر اور کولر بنانے والی کمپنیوں نے مانگ کے عروج کے اس دور میں اسٹاک کی کمی سے بچنے کیلئے اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھا دیا ہے اور سپلائی چینز کو مضبوط کیا ہے۔ دہلی، ممبئی، جے پور، لکھنؤ اور احمد آباد سمیت دیگر شہروں کے خوردہ فروشوں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انورٹر اے سی، ریفریجریٹرز اور کولرز کی تیز رفتار فروخت کی اطلاع دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ملک میں ۱۰۰؍ صنعتی پارک کی تعمیر کا منصوبہ، ۳۳ء۶؍ہزار کروڑ مختص
’ہایئر اپلائنسیز انڈیا‘ (Haier Appliances India) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر این ایس ستیش نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے ایئر کنڈیشنرز اور ریفریجریٹرز کی فروخت میں تقریباً ۳۵ سے ۴۰ فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ’ایل جی الیکٹرانکس انڈیا‘ (LG Electronics India) کے ڈائریکٹر اور شریک چیف سیلز اینڈ مارکیٹنگ آفیسر. سنجے چتکارا نے کہا کہ ملک میں طویل موسمِ گرما اور اعلیٰ درجہ حرارت کی وجہ سے ایئر کنڈیشنر اب تیزی سے گھریلو ضرورت بنتے جا رہے ہیں۔
صنعتی تخمینوں کے مطابق، گھریلو روم ایئر کنڈیشنر مارکیٹ، جس کی موجودہ مالیت سالانہ تقریباً ۱۲ سے ۱۳ ملین یونٹس ہے، نے مئی مہینے میں اپنے حجم کے لحاظ سے تقریباً ۳۵ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا۔ ریفریجریٹر مارکیٹ، جس کا تخمینہ ۱۸ ملین یونٹس ہے، میں جنوری اور اپریل کے درمیان قیمتوں میں تقریباً ۱۰ سے ۱۲ فیصد اضافے کے باوجود ۲۰ سے ۲۵ فیصد کی شرحِ نمو ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا کی ٹاپ ۱۰۰؍ کمپنیوں میں ہندوستان کی ایک بھی کمپنی نہیں
ٹھنڈے مشروبات اور آئس کریم کی صنعتوں نے بھی خاص طور پر شمالی اور مغربی ہندوستان میں مانگ میں زبردست اضافے کی اطلاع دی ہے۔ سوفٹ ڈرنک کمپنیوں نے بوٹلنگ کے آپریشنز اور ریٹیل سپلائی کو بڑھا دیا ہے کیونکہ کاربونیٹیڈ ڈرنکس، جوس اور پیکڈ پانی کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
کوئک کامرس پلیٹ فارمز نے بھی ان مصنوعات کے آرڈرز میں بڑا اضافہ درج کیا ہے۔ مدر ڈیری (Mother Dairy) کے منیجنگ ڈائریکٹر جیا تیرتھ چاری نے بتایا کہ پچھلے ۱۰ دنوں کے دوران کوئک کامرس ایپس پر آئس کریم کی فروخت دو گنا سے بھی زیادہ ہوئی ہے، جبکہ تازہ ڈیری مصنوعات کی فروخت میں ۳۰ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ’لوٹے آئسکریمز‘ (Lotte Icecreams) کے منیجنگ ڈائریکٹر دیبابراتا مکھرجی نے کہا کہ فوری طور پر خریدے جانے والے پروڈکٹس اور ٹیک ہوم (گھر لے جانے والے) فارمیٹس دونوں میں وسیع پیمانے پر ترقی دیکھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہو سکتا ہے : بی پی سی ایل کا اشارہ
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی لہر نے موسمی مصنوعات کیلئے مارکیٹ میں زبردست مانگ پیدا ہوئی ہے۔ اس درمیان، کمپریسر کی کمی، لاجسٹک رکاوٹوں اور ایندھن و خام مال کی بڑھتی ہوئی لاگت پر خدشات اب بھی برقرار ہیں۔