Inquilab Logo Happiest Places to Work

شمالی ہند میں گرمی کا قہر،۱۰؍ریاستوں میں لُو کا الرٹ

Updated: April 25, 2026, 12:19 AM IST | New Delhi

دہلی ، یوپی ، بہار، راجستھان سمیت ۱۰؍ ریاستوں میں گرم ہواؤں کےتھپیڑوں  سے عوام بے حال،دن کے اوقات میں باہر نکلنا محال

Water is being sprayed by the Municipal Corporation in Varanasi to reduce the intensity of the heat.
گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے بنارس میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے

 شمالی ہند میں ان دنوں گرمی قہرڈھارہی ہے۔  میدانی علاقوں سے لے کر پہاڑی خطوں تک شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے اور محکمۂ موسمیات نے دہلی، اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں لُو (ہیٹ ویو) کا الرٹ جاری کیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھ کر۴۲؍ڈگری ۴۴؍ڈگری کے درمیان پہنچ گیا ہے، جس سے اپریل میں ہی ریکارڈ توڑ گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ اتر پردیش کے باندا جیسے اضلاع میں پارہ۴۵؍ڈگری  تک پہنچ گیا ہے، جبکہ مغربی اور مشرقی اتر پردیش کے بیشتر علاقوں میں اگلے۵؍دن تک اسی طرح خشک اور گرم موسم رہنے کی پیش گوئی ہے۔کئی شہروں میں میونسپل انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے  اور پانی کی پھواریں ماری جارہی ہیں۔ 
کن ریاستوں میں لُو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے؟
 محکمۂ موسمیات نے اتر پردیش، بہار، مدھیہ پردیش، دہلی، راجستھان، ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں آئندہ دو دنوں کے لیے لُو کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
لُو اور شدید گرمی سے معمولات زندگی متاثر
 جمعرات کو پنجاب کے بھٹنڈا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۴؍ ڈگری سیلسیس رہا، جس سے عوامی زندگی متاثر ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے یہاں بھی اگلے دو دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔وہیں پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کے اونا میں درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو اس سیزن کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
ہریانہ میں بھی گرمی کا قہر جاری ہے
 ہریانہ میں صحرائی خشک ہواؤں کے باعث گرمی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فرید آباد میں درجہ حرارت۴۳؍ڈگری  جبکہ روہتک اور سرسا میں۴۳؍ ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ دن کے ساتھ رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم۲۵؍ سے۳۰؍ اپریل کے درمیان  موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔
مدھیہ پردیش میں کئی مقامات پر۴۰؍ سے اوپر درجہ حرارت
 مدھیہ پردیش کے نرمداپورم، کھجوراہو اور نوگاؤں میں درجہ حرارت۴۳؍ ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔محکمۂ موسمیات  کے مطابق، ریاست کے اوپر ہائی پریشر زون  ہے جو  بادل بننے نہیں دے رہا۔ راجستھان کی طرف سے مسلسل گرم ہوائیں آ رہی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بہار میں بھی گرم اور خشک موسم
 بہار کے مختلف حصوں میں بھی درجہ حرارت ۴۰؍ڈگری کے آس پاس ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں تک ریاست میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔جبکہ اتراکھنڈ میں بھی تیز دھوپ کے ساتھ درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست کے میدانی علاقوں میں اگلے۳؍ سے۴؍ دن تک گرمی میں کمی کا امکان نہیں ہے۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK