کہا: پی ڈی اے میں ’اے‘ کا مطلب اَنّ داتا یعنی کسان بھی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 1:59 PM IST | Agency | Lucknow
کہا: پی ڈی اے میں ’اے‘ کا مطلب اَنّ داتا یعنی کسان بھی ہیں۔
اسمبلی انتخابات سے قبل کسان برادری کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط بنانے کی کوشش کے تحت سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت سے ملاقات کی اور اتر پردیش کے کسانوں کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ بدھ کی شام دیر گئے ہونے والی اس ملاقات کے بعد اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی پیغام جاری کیا اور کہا کہ کسان آج بھی سب سے زیادہ پریشان حال طبقہ ہیں ،وہ عزت و وقار کے ساتھ اپنی محنت کا مناسب معاوضہ پانے کے حق دار ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں مسلم، عرب اور فلسطینیوں سے امتیازی سلوک کا اعتراف
’ایکس ‘ پوسٹ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ’’ ہریالی محض خوش حالی کی علامت نہیں ہونی چاہیے بلکہ خوش حالی ہر گھر، ہر آنگن اور ہر گاؤں تک پہنچنی چاہیے۔‘‘انہوں نے زور دیا کہ’’ یہ مقصد اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب کسانوں، زراعی اور دیہی برادریوں کو مناسب احترام دیا جائے اور ان کی محنت کی قدر کی جائے۔‘‘ اکھلیش یادو کے مطابق راکیش ٹکیت کے ساتھ گفتگو میں یہ بات سامنے آئی کہ یوپی کے کسان سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔سماجوادی پارٹی کے سماجی انصاف کے نعرہ پی ڈی اے (پسماندہ، دلت اور اقلیت) کا حوالہ دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ جو لوگ پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں، وہ پی ڈی اے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے میں ’اے‘ کا مطلب ’انّ داتا‘ یعنی ملک کو غذا فراہم کرنے والے کسان بھی ہیں۔اس بیان کو سماجوادی کی جانب سے پی ڈی اے کے سیاسی بیانیے کو وسعت دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔