• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اگر شرم ہوتو مودی سرکارکے آدھے وزراء اور اراکین پارلیمان کو استعفیٰ دینا پڑ جائے‘‘

Updated: November 13, 2026, 2:06 PM IST | Agency | New Delhi

دسویں کےسرٹیفکیٹ کی تصدیق نہ ہونے پرانڈونیشیا کے نائب صدر کے استعفیٰ پر سپریہ شرینیت کا طنز، وزیراعظم مودی کی ڈگری سوشل میڈیا پر پھر موضوع بحث۔

Congress spokesperson Supriya Shrinate. Photo: INN
کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت۔ تصویر: آئی این این

ہائی اسکول سرٹیفکیٹ کی تصدیق نہ  ہونے کی بنا پر انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا کے استعفیٰ کی وجہ  سے  ہندوستان  میں ایک بار پھر وزیراعظم مودی کی ڈگری اور بی جےپی کے وزراء اورا کین پارلیمنٹ کی تعلیمی لیاقت موضوع بحث بن گئی ہے۔ 

کانگریس لیڈر اور ترجمان سپریہ شرینیت نے انڈونیشیائی نائب صدر کے استعفیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بی بی سی کی خبر شیئرکرتے ہوئے لکھا ہے کہ  ’’انڈونیشیا کے نائب صدر نے ہائی اسکول سرٹیفکیٹ میں گڑبڑی کے باعث استعفیٰ دے دیا۔ ہندوستان میں اگر شرم ہو تو مودی سرکار کی  نصف کابینہ اور اراکین پارلیمان کو استعفیٰ دینا پڑ جائے۔‘‘ اس کے ساتھ انہوں نے بی جے پی سرکار کو ’’ جعلی ڈگری والوں کی جماعت‘‘ قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں مسلم، عرب اور فلسطینیوں سے امتیازی سلوک کا اعتراف

سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو  نشانہ بنایا ۔ انہوں نے مذکورہ  خبر کو شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پوسٹ کیاہے کہ ’’ہمارے پاس ایک ایسے پی ایم ہیں جنہوں نے اپنے کالج کے سرٹیفکیٹ تک پبلک ڈومین میں رکھنے سے انکار کر دیا ہے!‘‘ڈاکٹر ایس پی  نامی صارف نے جبران راکابومنگ راکا کے استعفیٰ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اوہ! کچھ لوگ ڈگری کی وجہ سے استعفیٰ دیدیتے ہیں اور کچھ ہائی کورٹ سے یہ کہلوا لیتے ہیں کہ اس (ڈگری) سے تمہارا (عوام کا) کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘  ایکس پر ہی ’سینی‘ نامی صارف نے طنزیہ پوسٹ کیا ہے کہ ’’دہلی میڈیا کے اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق’’مودی جی نے انڈونیشیا کے نائب صدر کے عمل کی سخت مذمت کی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ انڈونیشیا کے نائب صدر جبران نے۱۲؍ نومبر کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا پیپلز کنسلٹیٹو اسمبلی (ایم پی آر) کی قیادت کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔۳۹؍سالہ جبران سابق صدر جوکو ویڈوڈو کے بیٹے ہیں۔ ان کی تعلیمی دستاویزات کے متعلق تنازع نے گزشتہ ماہ اس وقت شدت اختیار کر لی جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں انتخاب کے وقت جمع کئے گئے ان کی بیرون ملک تعلیم سے متعلق دستاویزات کی اہلیت پر سوال اٹھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK