۷۰ ممالک کے ایک ہزار مندوبین کی شرکت، اجلاس میں نئے عالمی نظام، ترقی پسند سیاست اور نفرت کی سیاست کے مقابلے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 1:37 PM IST | Agency | New Delhi
۷۰ ممالک کے ایک ہزار مندوبین کی شرکت، اجلاس میں نئے عالمی نظام، ترقی پسند سیاست اور نفرت کی سیاست کے مقابلے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے شعبہ ٔخارجہ پالیسی کے سربراہ سلمان خورشید نے ۱۳؍ تا ۱۴؍ نومبر تلنگانہ میں منعقد ہونے والی کانگریس کی ’بھارت سمٹ ‘کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس میں ۷۰ ممالک کے ایک ہزار مندوبین شرکت کریں گے۔
پڑوسی ممالک سمٹ میں شریک نہیں
انہوں نے بتایا کہ یہ سمٹ ترقی پسند سیاست، سیاسی جماعتوں، لیڈروں اور نظریات کا اجتماع ہوگا جس میں ایک نئے عالمی نظام کا خاکہ پیش اور اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سلمان خورشید نے کہاکہ ’’اس میں دنیا بھر کے ممالک سے نمائندے شرکت کریں گے، تاہم پڑوسی ممالک شامل نہیں ہوں گے۔‘‘ انہوں نے بتایاکہ سمٹ میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین کیلئے وزارت خارجہ کی منظوری ضروری ہے۔خورشید نے اس سلسلے میں ششی تھرور کی خدمات کا اعتراف کیا، جنہوں نے منتظمین کو وزارت خارجہ کے پیچیدہ ضابطوں اور مراحل سے گزرنے میں مدد دی۔
عالمی صورتحال کے پس منظر میں سمٹ اہم
انہوں نے کہاکہ ’’یہ پروگرام دلچسپ وقت میں ہو رہا ہے۔ برازیل، ہنگری اور سربیا میں انتخابات کے اہم نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات بھی ہوئے ہیں۔ عالمی شمال اور عالمی جنوب میں ہم اپنے رابطوں کو نئے سرے سے قائم کرنے، مضبوط بنانے اور بحال کرنے کیلئے کیا کر رہے ہیں؟ ہم خود کو دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کا ایک لازمی حصہ سمجھتے ہیں۔‘‘
کانگریس کےصدر دفتر، ۲۴؍ اکبر روڈ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو، تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش گوڑاور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے مستقل رکن گردیپ سپل بھی موجود تھے۔
سمِّٹ میں ۱۲؍ اجلاس
یہ سمٹ ۱۳؍ سے ۱۴؍ نومبر تک حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ اس میں ۱۲؍ بین الاقوامی اجلاس ہوں گے، جبکہ تلنگانہ سے متعلق ۸؍ اجلاس ایک الگ مقام پر منعقد کئے جائیں گے۔ اس سال اس سمٹ کا دوسرا ایڈیشن ہوگا۔ سلمان خورشید کے علاوہ انڈین اوورسیز کانگریس کے چیئرمین سام پترودا بھی اس کے اہم معمار ہیں۔ڈی سریدھر بابو نے کہا، ’’دنیا حیدرآباد آ رہی ہے۔ مسلسل دوسرے سال حیدرآباد میں اس طرح کا اجتماع منعقد ہونے سے ایسے خیالات سامنے آئیں گے جو ہماری ریاست کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔‘‘گردیپ سپل نے گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں دائیں بازو کے نظریات کے فروغ کا ذکر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: بروکلین جیل میں قید نکولس مادورو کا مذہب کی طرف رجحان، بائبل اور قرآن کا مطالعہ
دنیا سے نفرت کے خاتمہ پر غور
انہوں نے کہاکہ ’’نفرت سے بھری ایک دنیا وجود میں آگئی ہے۔ سوشل میڈیا کی تکنالوجی نے اسے تقویت دی اور ہر مسئلے کیلئے ایک دشمن کھڑا کر دیا گیا۔ اب لوگ سمجھ رہے ہیں کہ اس طرز حکمرانی سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ سوال یہ ہے کہ سیاست کو دوبارہ عوام کے ہاتھوں میں کیسے واپس لایا جائے؟‘‘کانگریس لیڈروں کے مطابق اس سمٹ میں تقریباً ۷۰ ؍تھنک ٹینک بھی شرکت کریں گے۔ اسے خیالات کے تبادلے اور عملی حل تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد بالآخر نفرت کی سیاست کا مقابلہ کرنا ہے۔
کانگریس ’تھنک ٹینک‘ بھی قائم کریگی
سپل نے اس موقع پر ’آور ورلڈ‘ نامی ایک تھنک ٹینک (دانشوروں کے گروپ)کے قیام کا بھی اعلان کیا، جسے بھارت سمٹ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس میں دنیا بھر کے ترقی پسند مفکرین اور پالیسی ساز شامل ہوں گے۔ اس سمٹ کے مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے خورشید نے کانگریس کے سابق وزرائے اعظم کی خارجہ پالیسی کا حوالہ دیا۔انہوں نے کہا، ’’یقیناً ہمارا ہدف ۲۰۲۹ء ہے۔ ہم ان خیالات سے مکمل ہم آہنگی پیدا کرنا چاہتے ہیں جن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ سمٹ بہترین طریقہ کار اور امنگوں کے تبادلے کا ایک موقع ہے۔ میں اس حقیقت سے واقف ہوں کہ دنیا بدل چکی ہے۔ جن قوتوں پر ہم کبھی انحصار کرتے تھے، وہ کمزور پڑ چکی ہیں، لیکن وہ اصول اور نظریات آج بھی ہمارے ساتھ ہیں جنہیں ہم نے اپنایا ہے۔‘‘
راہل گاندھی کے ویژن پر گفتگو
سلمان خورشید نے نئے عالمی نظام کی امیدوں اور اس کی تشکیل میں کانگریس کے ممکنہ کردار کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہاکہ ’’ہماری نیت، امید اور توقع یہ ہے کہ ہندوستان اور دنیا کے مستقبل کے بارے میں راہل گاندھی کے وژن، نئے عالمی نظام کے ابھار اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیا جائے۔ یہ ذمہ داری ملک کو ادا کرنی ہوگی۔ آج بھی، جب ہم اپوزیشن میں ہیں، اور کل ۲۰۲۹ میں بھی، جب ہمارے اعلیٰ رہنما آئینی اختیارات کے عہدوں پر فائز ہوں گے۔‘‘