راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے پلانی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت۴۰ء۲؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا،پہاڑی علاقو ں میں بھی تیز دھوپ ، سیاحوں کو مشکلات
EPAPER
Updated: March 10, 2026, 9:11 AM IST | New Delhi
راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے پلانی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت۴۰ء۲؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا،پہاڑی علاقو ں میں بھی تیز دھوپ ، سیاحوں کو مشکلات
ملک کے کئی حصوں میں مارچ کی شروعات کے ساتھ ہی گرمی نے تیور دکھانے شروع کر دیئے ہیں۔ شمالی ہندوستان کے کئی شہروں میں درجہ حرارت۳۵؍ ڈگری سلسیس سے تجاوز کر گیا ہے ۔ میدانی علاقوں میں راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے پلانی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت۴۰ء۲؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ۳؍روز تک گرمی سے راحت کی امید کم ہے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق راجستھان، جنوبی ہریانہ، جنوب مغربی اتر پردیش، گجرات، وسطی ہندوستان اور جنوبی ہندوستان کے کئی حصوں میں درجہ حرارت ۳۵؍سے۴۰؍ ڈگری سلسیس کے درمیان رہا۔ ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۰؍ سے۳۵؍ کے درمیان ہی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہا ہے۔گرمی کے اثرات مغربی ہمالیائی علاقوں میں بھی واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے۵؍سے۸؍ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ پہاڑی علاقوں میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کو بھی تیز دھوپ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں خشک ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ شمال مغربی ہندوستان میں رات کا درجہ حرارت ۱۴؍سے۱۸؍ ڈگری کے درمیان رہا۔ وہیں مغربی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں وہ ۱۸؍سے۲۲؍ڈگری سلسیس اور جنوبی ہندو ستان میں ۲۲؍سے۲۷؍ڈگری کے درمیان درج کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں اور ایک مغربی طلاطم سرگرم ہو رہا ہے۔ اس کے اثرات سے آنے والے دنوں میں پہاڑی علاقوں میں موسم بدل سکتا ہے۔ جموں و کشمیر میں۱۲؍ مارچ تک ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی اس دوران ہلکی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔ مشرقی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں آندھی، بارش اور بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ادیشہ میں۷؍ اور۹؍ مارچ کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، اس دوران ۴۰؍ سے۵۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس طرح کی سرگرمی جھارکھنڈ میں۸؍ اور۹؍ مارچ کے درمیان اور بہار میں ۹؍ اور۱۱؍مارچ کے درمیان دیکھی جا سکتی ہے۔